سنن ابن ماجه
كتاب اللباس— کتاب: لباس کے متعلق احکام و مسائل
بَابُ : النَّهْيِ عَنْ خَاتَمِ الذَّهَبِ باب: سونے کی انگوٹھی پہننے سے ممانعت کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ نُمَيْرٍ , عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاق , عَنْ يَحْيَى بْنِ عَبَّادِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الزُّبَيْرِ , عَنْ أَبِيهِ , عَنْ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ , قَالَتْ : أَهْدَى النَّجَاشِيُّ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَلْقَةً , فِيهَا خَاتَمُ ذَهَبٍ فِيهِ فَصٌّ حَبَشِيٌّ , فَأَخَذَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِعُودٍ , وَإِنَّهُ لَمُعْرِضٌ عَنْهُ أَوْ بِبَعْضِ أَصَابِعِهِ , ثُمَّ دَعَا ابْنَةِ ابْنَتِهِ أُمَامَةَ بِنْتِ أَبِي الْعَاصِ , فَقَالَ : " تَحَلِّي بِهَذَا يَا بُنَيَّةُ " .
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` نجاشی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک چھلا بطور ہدیہ بھیجا ، اس میں ایک سونے کی انگوٹھی تھی ، انگوٹھی میں حبشی نگینہ تھا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے لکڑی سے چھوا ، آپ اس سے اعراض کر رہے تھے ، یا پھر اپنی ایک انگلی سے چھوا ، اور اپنی نواسی امامہ بنت ابی العاص کو بلا کر فرمایا : ” بیٹی ! اسے تم پہن لو “ ۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”نجاشی رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ کی خدمت میں سونے کی ایک انگوٹھی ہدیے کے طور پر بھیجی، اس میں حبشی نگینہ جڑا ہوا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس میں دلچسپی نہ لیتے ہوئے اسے لکڑی سے یا اپنی کچھ انگلیوں سے پکڑا، پھر اپنی نواسی امامہ بنت ابوالعاص رضی اللہ عنہا کو بلا کر فرمایا: ”بیٹی! یہ زیور پہن لو۔““
تشریح، فوائد و مسائل
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نجاشی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک چھلا بطور ہدیہ بھیجا، اس میں ایک سونے کی انگوٹھی تھی، انگوٹھی میں حبشی نگینہ تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے لکڑی سے چھوا، آپ اس سے اعراض کر رہے تھے، یا پھر اپنی ایک انگلی سے چھوا، اور اپنی نواسی امامہ بنت ابی العاص کو بلا کر فرمایا: " بیٹی! اسے تم پہن لو۔" [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3644]
فوائد و مسائل:
(1)
مرد کے لیے سونے کی انگوٹھی پہننا منع ہے۔
(2)
عورت کے لیے سونے کا زیور پہننا جائز ہے۔
(3)
کم عمر بچیاں بھی زیور پہن سکتی ہیں۔
(4)
حضرت امامہ ؓنبی اکرم ﷺ کی نواسی تھیں۔
ان کی والدہ حضرت زینب رسول اللہ ﷺ کی لخت جگر تھیں۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس نجاشی کی طرف سے کچھ زیور ہدیہ میں آئے اس میں سونے کی ایک انگوٹھی تھی جس میں یمنی نگینہ جڑا ہوا تھا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ایک لکڑی سے بغیر اس کی طرف التفات کئے پکڑا، یا اپنی بعض انگلیوں سے پکڑا، پھر اپنی نواسی زینب کی بیٹی امامہ بنت ابی العاص کو بلایا اور فرمایا: " بیٹی! اسے تو پہن لے۔" [سنن ابي داود/كتاب الخاتم /حدیث: 4235]
اگر عورتوں کے لیے سونا پہننا جائز نہ ہوتا تو رسول اللہ ﷺ اپنی نواسی امامہ کو ہر گز نہ پہناتے۔
واللہ اعلم