سنن ابن ماجه
كتاب السنة— کتاب: سنت کی اہمیت و فضیلت
بَابُ : التَّغْلِيظِ فِي تَعَمُّدِ الْكَذِبِ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ باب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جان بوجھ کر جھوٹ گھڑنے پر سخت گناہ (جہنم) کی وعید۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ جَامِعِ بْنِ شَدَّادٍ أَبِي صَخْرَةَ ، عَنْ عَامِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الزُّبَيْرِ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : قُلْتُ لِلزُّبَيْرِ بْنِ الْعَوَّامِ : مَا لِيَ لَا أَسْمَعُكَ تُحَدِّثُ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، كَمَا أَسْمَعُ ابْنَ مَسْعُودٍ ، وَفُلَانًا ، وَفُلَانًا ؟ قَالَ : أَمَا إِنِّي لَمْ أُفَارِقْهُ مُنْذُ أَسْلَمْتُ ، وَلَكِنِّي سَمِعْتُ مِنْهُ كَلِمَةً يَقُولُ : " مَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا ، فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ " .
´عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` میں نے زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے کہا : کیا وجہ ہے کہ میں آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث بیان کرتے ہوئے نہیں سنتا جس طرح ابن مسعود اور فلاں فلاں کو سنتا ہوں ؟ تو انہوں نے کہا : سنو ! جب سے میں اسلام لایا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جدا نہیں ہوا ، لیکن میں نے آپ سے ایک بات سنی ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے : ” جو شخص میرے اوپر جان بوجھ کر جھوٹ باندھے وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے “ ۔
حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”میں نے (اپنے والد) حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے عرض کیا: کیا وجہ ہے کہ میں آپ کو اللہ کے رسول ﷺ سے اس طرح حدیثیں بیان کرتے نہیں سنتا جس طرح حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ اور فلاں فلاں صحابی کو سنتا ہوں؟“ انہوں نے فرمایا: ”میں نے جب سے اسلام قبول کیا ہے نبی ﷺ سے (آپ کی وفات تک کبھی) جدا نہیں ہوا۔ لیکن میں نے آپ ﷺ سے ایک کلمہ سنا ہے (جس کی وجہ سے روایت حدیث سے اجتناب کرتا ہوں) آپ ﷺ فرماتے تھے: ”جس نے مجھ پر قصداً جھوٹ بولا، اسے چاہیے کہ اپنا ٹھکانا (جہنم کی) آگ میں بنا لے۔“”
تشریح، فوائد و مسائل
«. . . قُلْتُ لِلزُّبَيْرِ: إِنِّي لَا أَسْمَعُكَ تُحَدِّثُ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَمَا يُحَدِّثُ فُلَانٌ وَفُلَانٌ . . .»
". . . عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے اپنے باپ یعنی زبیر سے عرض کیا کہ میں نے کبھی آپ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث نہیں سنیں۔ جیسا کہ فلاں، فلاں بیان کرتے ہیں، کہا میں کبھی آپ سے الگ تھلگ نہیں رہا لیکن میں نے آپ کو یہ بھی فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص مجھ پر جھوٹ باندھے گا وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْعِلْمِ: 107]
اسی لیے میں حدیث رسول بیان نہیں کرتا کہ مبادا کہیں غلط بیانی نہ ہو جائے۔
1۔
حضرت زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جواب کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے الگ نہیں ہوا کا مطلب یہ نہیں کہ آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بالکل الگ نہیں ہوئے الگ تو یقیناً ہوئے ہیں جیسا کہ حضرت زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ حبشہ کی طرف ہجرت کر گئے تھے پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مدینے کی طرف ہجرت فرمائی اس وقت بھی آپ ساتھ نہیں تھے۔
مطلب یہ ہے کہ اکثر اوقات میں آپ کے ساتھ رہا ہوں جب صحبت طویل ہے تو سماع بھی زیادہ ہے اور زیادہ سماع کا تقاضا ہے کہ میں کثرت سے آپ کی احادیث بیان کروں لیکن ڈرتا ہوں کہ کہیں غلطی سے کوئی ایسی بات آپ کی طرف منسوب نہ کر بیٹھوں جو آپ کی فرمودہ نہ ہو۔
(فتح الباري: 265/1)
2۔
ایک روایت میں ہے کہ حضرت زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بایں الفاظ جواب دیا: اے میرے لخت جگر! تجھے معلوم ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی میرے ساتھ قرابت داری بھی زیادہ ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی میری والدہ ہیں آپ کی زوجہ محترمہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا میری پھوپھی ہیں تیری والدہ (حضرت اسماء رضی اللہ تعالیٰ عنہا)
میری بیوی ہے اور ان (اسماء رضی اللہ تعالیٰ عنہا)
کی بہن حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ ہیں لیکن کثرت روایات سے مذکورہ احتیاط ہی روک رہی ہے۔
(فتح الباري: 265/1)
3۔
اس روایت میں’’دیدہ دانستہ ‘‘ کی شرط بھی نہیں لیکن بے احتیاطی بہر حال درست نہیں ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر بلا ارادہ بھی غلط نسبت ہوگئی تو خطرے سے خالی نہیں۔
ایسے حالات میں احتیاط سے کام نہ لینا ایک اختیاری چیز سے غیراختیاری چیز کو پیدا ہونے کی گنجائش دینا ہے۔
اس بنا پر حضرت زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نہ کثرت سے بیان کرتا ہوں اور نہ میں خطرہ مول لیتا ہوں۔
عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے زبیر رضی اللہ عنہ سے پوچھا: آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اور صحابہ کی طرح حدیثیں کیوں نہیں بیان کرتے؟ تو انہوں نے کہا: اللہ کی قسم مجھ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک طرح کی قربت و منزلت حاصل تھی لیکن میں نے آپ کو بیان فرماتے ہوئے سنا ہے: " جس نے مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھا اس کا ٹھکانہ جہنم ہے۔" [سنن ابي داود/كتاب العلم /حدیث: 3651]
فائدہ: کئی صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین اسی اندیشے کے تحت بہت کم احادیث بیان کرتے تھے۔
کہ کہیں کوئی کمی بیشی نہ ہوجائے۔
اور رسول اللہﷺ پر جھوٹ باندھنے کے مرتکب ہو جایئں۔
اس کے ساتھ جنھوں نے اپنے حفظ اور یادداشت پراعتماد کیا انہوں نے نقل شریعت کا بہت بڑا فریضہ انجام دیا۔
اگر کہیں کوئی خطا ہوئی بھی ہے۔
تو اس کا ازالہ ہوگیا ہے۔
اور ان سے یہ خطا معاف ہے کہ عمدا ً نہیں ہوئی۔
اس میں قصہ گوواعظین کےلئے تنبیہ ہے۔
کہ جو زیب داستان کے طور پر ضعیف وموضوع روایات بیان کرنے سے گریز نہیں کرتے۔