حدیث نمبر: 3565
حَدَّثَنَا سُوَيْدُ بْنُ سَعِيدٍ , حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ الْفَضْلِ , عَنْ شُعْبَةَ , عَنْ هِشَامِ بْنِ زَيْدٍ , عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ , قَالَ : رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " يَسِمُ غَنَمًا فِي آذَانِهَا , وَرَأَيْتُهُ مُتَّزِرًا بِكِسَاءٍ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بکریوں کے کانوں میں داغتے دیکھا ، اور میں نے آپ کو چادر کا تہبند پہنے دیکھا ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب اللباس / حدیث: 3565
درجۂ حدیث شیخ زبیر علی زئی: متفق عليه
تخریج حدیث «صحیح البخاری/الذبائح 35 ( 5542 ) ، صحیح مسلم/اللباس 30 ( 2119 ) ، سنن ابی داود/الجہاد 57 ( 2563 ) ، ( تحفة الأشراف : 1632 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 3/169 ، 171 ، 254 ، 259 ) ( ضعیف ) » ( ابن ماجہ کی روایت میں ان کے شیخ سوید بن سعید ضعیف ہے ، اس لئے آخری ٹکڑا «ورأيته متزرا بكساء» تک ضعیف ہے دوسرے کسی طریق میں یہ ٹکڑا نہیں ہے ، ملاحظہ ہو : صحیح أبی داود : 2309 )
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5542 | صحيح مسلم: 2119 | سنن ابي داود: 2563

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´اونی کپڑا پہننے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بکریوں کے کانوں میں داغتے دیکھا، اور میں نے آپ کو چادر کا تہبند پہنے دیکھا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3565]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
جانوروں کو ایسی علامت لگانا جائز ہے جس سے ہو دوسروں کے جانوروں سے پہچانے جا سکیں۔

(2)
اس مقصد کے لئے جانوروں کے چہروں پر داغ نہیں دینا چاہیے کسی اور جگہ نشان لگایا جا سکتا ہے۔

(3)
  کساء سے مراد بالوں سے بنی ہوئی چادر ہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ اونی لباس پہننا جائز ہے۔ (نواب وحید الزمان خاں رحمہ اللہ)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3565 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5542 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5542. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی خدمت اپنے نومولود بھائی کو لایا تا کہ آپ اسے گھٹی دیں۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ اونٹوں کے باڑے میں تھے۔ ہشام نے کہا: میرا خیال ہے کہ سیدنا انس ؓ نے کہا تھا کہ بکریوں کے کان داغ رہے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5542]
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ بکری کے کانوں کو داغنا جائز ہے۔
کسی بزرگ کا منہ میں کھجور نرم کر کے بچہ کے حلق میں ڈال دینے کو تحنیک کہا جاتا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5542 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5542 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5542. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی خدمت اپنے نومولود بھائی کو لایا تا کہ آپ اسے گھٹی دیں۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ اونٹوں کے باڑے میں تھے۔ ہشام نے کہا: میرا خیال ہے کہ سیدنا انس ؓ نے کہا تھا کہ بکریوں کے کان داغ رہے تھے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5542]
حدیث حاشیہ:
(1)
آدمی کے چہرے پر داغ لگانا حرام ہے اور حیوانات کے چہرے کو داغنا بھی ناپسندیدہ عمل ہے، البتہ حیوانات کو چہرے کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر داغ لگانا جائز ہے اگرچہ اہل کوفہ نے اس کا انکار کیا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ایسا کرنے سے حیوانات کو تکلیف ہوتی ہے اور یہ مُثلہ کرنے کے مترادف ہے لیکن مذکورہ حدیث اس موقف کی تردید کرتی ہے۔
(2)
مِربَد، اونٹوں کے باڑے کو کہتے ہیں۔
ممکن ہے کہ بکریوں کو اونٹوں کے باڑے میں لایا گیا ہو۔
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ اور غزوۂ حنین سے واپسی کے بعد اونٹوں کو داغ رہے تھے۔
(صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5554 (2119)
ممکن ہے کہ جب حضرت انس رضی اللہ عنہ آئے ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بکریوں کو داغ رہے ہوں، اس کے بعد انہوں نے اونٹوں کو داغ دیتے دیکھا ہو۔
بہرحال حیوانات کو چہرے کے علاوہ دوسرے مقام پر داغ دیا جا سکتا ہے جیسا کہ کانوں پر داغ دینے سے واضح ہوتا ہے۔
(فتح الباري: 830/9) (3)
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت متواضع اور منکسر المزاج تھے۔
اپنے دست مبارک سے خود کام کرتے تھے۔
صلی اللہ علیه وسلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5542 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2119 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ اس کی ماں کے ہاں جب بچہ پیدا ہوا تو وہ لوگ بچے کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے گئے، تاکہ آپﷺ اس کو گھٹی دیں تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باڑہ میں ملے، آپﷺ بکریوں کو نشان لگا رہے تھے، شعبہ کہتے ہیں، میرا خیال یہی ہے کہ حضرت انس نے کہا، ان کے کانوں میں۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5555]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: امام نووی رحمہ اللہ نے لکھا ہے، زکاۃ اور جزیہ کے جانوروں کو چہرے کے علاوہ جگہ پر علامت کے طور پر داغنا پسندیدہ ہے، دوسرے جانوروں کو داغنا جائز ہے اور بہتر یہ ہے کہ بکریوں کے کانوں میں داغا جائے، اونٹ اور گائے کی ران کی جڑ میں داغا جائے، کیونکہ سخت جگہ میں درد کم ہوتا ہے اور بال کم ہونے کی وجہ سے داغ نمایاں ہو گا اور داغنے کا فائدہ یہ ہے کہ حیوان ایک دوسرے سے ممتاز ہو جائیں گے، جزیہ کے جانوروں پر جزیہ یا صغار لکھا جائے گا اور زکاۃ کے جانوروں پر زکاۃ یا صدقہ، شوافع کہتے ہیں، بہتر ہے کہ بکریوں کا نشان، گائے سے کم اور گائے کا نشان اونٹ سے کم بنایا جائے، تمام صحابہ اور جمہور علماء کا یہی موقف ہے، لیکن امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک یہ داغنا مکروہ ہے، کیونکہ یہ حیوان کو عذاب میں مبتلا کرنا ہے اور شکل بگاڑنا ہے، لیکن علامہ عینی نے لکھا ہے، ہمارے احباب نے اپنی کتابوں میں لکھا ہے کہ حیوانات کو نشانی کے طور پر داغنے میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ یہ نفع بخش ہے اور بچوں کو کسی بیماری کے علاج کے لیے داغنے میں کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ یہ علاج معالجہ ہے۔
(تکملہ ج 4 ص 185)
پچھلی حدیث اور اس حدیث کے ملانے سے معلوم ہوتا ہے کہ باڑہ، باغ میں تھا اور آپ نے اونٹوں اور بکریوں دونوں کو داغا تھا اور اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے بچوں کو گھٹی کسی نیک اور صالح بزرگ سے دلوانی چاہیے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم انتہائی متواضع تھے اور کام کاج خود کر لیتے تھے، مسلمانوں کے مصالح کا خیال رکھتے اور ان کے حیوانات کی حفاظت کے لیے بطور احتیاط، ان کو داغتے تھے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2119 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2563 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جانوروں پر نشان لگانے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں اپنے بھائی کی پیدائش پر اس کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے کر آیا تاکہ آپ اس کی تحنیک (گھٹی) ۱؎ فرما دیں، تو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانوروں کے ایک باڑہ میں بکریوں کو نشان (داغ) لگا رہے تھے۔ ہشام کہتے ہیں: میرا خیال ہے کہ انس رضی اللہ عنہ نے کہا: ان کے کانوں پر داغ لگا رہے تھے۔ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2563]
فوائد ومسائل:
پہچان کے لئے جانوروں کو نشان لگانا جائز ہے۔
اس مقصد کے لئے لوہا گرم کر کے ان کے جسم کو داغا جاتا تھا۔
لیکن اس پر داغ لگانا اور اسے مارنا جائز نہیں، البتہ کان پر جائز ہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ کان چہرے کا حصہ نہیں ہیں۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2563 سے ماخوذ ہے۔