حدیث نمبر: 3547
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , حَدَّثَنَا عَفَّانُ , حَدَّثَنَا وَهْيبٌ , قَالَ : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَجْلَانَ , عَنْ يَعْقُوبَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْأَشَجِّ , عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ , عَنْ سَعْدِ بْنِ مَالِكٍ , عَنْ خَوْلَةَ بِنْتِ حَكِيمٍ , أَنَّ ّالنَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , قَالَ : " لَوْ أَنَّ أَحَدَكُمْ إِذَا نَزَلَ مَنْزِلًا , قَالَ : أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ , لَمْ يَضُرَّهُ فِي ذَلِكَ الْمَنْزِلِ شَيْءٌ حَتَّى يَرْتَحِلَ مِنْهُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب تم میں سے کوئی کسی مقام پر اترے تو وہ اس وقت یہ دعا پڑھے : «أعوذ بكلمات الله التامة من شر ما خلق- لم يضره في ذلك المنزل شيء حتى يرتحل منه» ” میں پناہ مانگتا ہوں اللہ تعالیٰ کے تمام کلمات کی ہر اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کیا “ تو اس مقام پر کوئی چیز اسے ضرر نہیں پہنچا سکتی یہاں تک کہ وہ وہاں سے روانہ ہو جائے “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الطب / حدیث: 3547
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الذکر والدعاء 16 ( 2708 ) ، سنن الترمذی/الدعوات 41 ( 3437 ) ، ( تحفة الأشراف : 15826 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 6/ 337 ، 378 ، 409 ) ، سنن الدارمی/الاستئذان 48 ( 2722 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2708 | سنن ترمذي: 3437

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´گھبراہٹ کے وقت اور نیند اچاٹ ہونے پر کیا دعا پڑھے؟`
خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی کسی مقام پر اترے تو وہ اس وقت یہ دعا پڑھے: «أعوذ بكلمات الله التامة من شر ما خلق- لم يضره في ذلك المنزل شيء حتى يرتحل منه» میں پناہ مانگتا ہوں اللہ تعالیٰ کے تمام کلمات کی ہر اس چیز کے شر سے جو اس نے پیدا کیا تو اس مقام پر کوئی چیز اسے ضرر نہیں پہنچا سکتی یہاں تک کہ وہ وہاں سے روانہ ہو جائے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الطب/حدیث: 3547]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
سفر میں کسی مقام پر دوپہر یا رات کو آرام کرنے کےلئے رکنا پڑے تو جانوروں کو بٹھا کر سامان اٹھا کر یہ دعا پڑھ لینی چاہیے۔

(2)
کسی ہوٹل میں ٹھرتے وقت بھی اپنے کمرے میں داخل ہوکر یہ دعا پڑھ لیں۔

(3)
اللہ کی تعریف کے کلمات اور اللہ تعالیٰ کے اسمائےحسنیٰٰ اور صفات مقدسہ کے ذکر میں بہت برکات ہیں۔

(4)
اللہ کی صفات کی پناہ لینے سے مراد اللہ کی ذات کی پناہ ہے۔
کیونکہ اللہ تعالیٰ ان صفات سے متصف ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3547 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2708 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت خولہ بنت حکیم سلمیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا، "جس نے کہیں پڑاؤ کیا پھر یہ کلمات کہے میں اللہ کے کلمات تامہ کی پناہ لیتا ہوں، اس کی ساری مخلوقات کے شر سے تو جب تک وہ اس منزل سے روانہ نہ ہو جائے گا، اس کوکوئی چیز ضرر نہیں پہنچاسکے گی۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6878]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اللہ کے کلمات تامہ سے مراد، وہ کلمات ہیں جو ہر عیب و نقص سے پاک ہیں، نفع اور شفا بخش ہیں، پر زور تاثیر ہیں، اس لیے بعض نے ان سے مراد، قرآن لیا ہے کہ میں اس کی پناہ میں آتا ہوں اور قرآن اللہ کا کلام ہے اور اس کی صفت ہے، اس کی صفت کی پناہ لینا جائز ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2708 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3437 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´آدمی جب کسی منزل پر اترے تو کیا پڑھے؟`
خولہ بنت حکیم سلمیہ رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی منزل پر اترے اور یہ دعا پڑھے: «أعوذ بكلمات الله التامات من شر ما خلق» میں اللہ کے مکمل کلموں کے ذریعہ اللہ کی پناہ میں آتا ہوں اس کی ساری مخلوقات کے شر سے ، تو جب تک کہ وہ اپنی اس منزل سے کوچ نہ کرے اسے کوئی چیز نقصان نہ پہنچائے گی۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3437]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
میں اللہ کے مکمل کلموں کے ذریعہ اللہ کی پناہ میں آتا ہوں اس کی ساری مخلوقات کے شر سے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3437 سے ماخوذ ہے۔