حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحِيمِ بْنُ سُلَيْمَانَ , عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي زِيَادٍ , عَنْ سُلَيْمَانَ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْأَحْوَصِ , عَنْ أُمِّ جُنْدُبٍ , قَالَتْ : رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَمَى جَمْرَةَ الْعَقَبَةِ مِنْ بَطْنِ الْوَادِي يَوْمَ النَّحْرِ , ثُمَّ انْصَرَفَ وَتَبِعَتْهُ امْرَأَةٌ مِنْ خَثْعَمٍ , وَمَعَهَا صَبِيٌّ لَهَا , بِهِ بَلَاءٌ لَا يَتَكَلَّمُ , فَقَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , إِنَّ هَذَا ابْنِي وَبَقِيَّةُ أَهْلِي وَإِنَّ بِهِ بَلَاءً لَا يَتَكَلَّمُ , فَقَالَ : رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " ائْتُونِي بِشَيْءٍ مِنْ مَاءٍ " , فَأُتِيَ بِمَاءٍ فَغَسَلَ يَدَيْهِ , وَمَضْمَضَ فَاهُ , ثُمَّ أَعْطَاهَا , فَقَالَ : " اسْقِيهِ مِنْهُ , وَصُبِّي عَلَيْهِ مِنْهُ , وَاسْتَشْفِي اللَّهَ لَهُ " , قَالَتْ : فَلَقِيتُ الْمَرْأَةَ , فَقُلْتُ : لَوْ وَهَبْتِ لِي مِنْهُ , فَقَالَتْ : إِنَّمَا هُوَ لِهَذَا الْمُبْتَلَى , قَالَتْ : فَلَقِيتُ الْمَرْأَةَ مِنَ الْحَوْلِ فَسَأَلْتُهَا عَنِ الْغُلَامِ , فَقَالَتْ : بَرَأَ وَعَقَلَ عَقْلًا لَيْسَ كَعُقُولِ النَّاسِ .
´ام جندب رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یوم النحر کو بطن وادی میں جمرہ عقبہ کی رمی کرتے دیکھا ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوٹے تو آپ کے پیچھے پیچھے قبیلہ خثعم کی ایک عورت آئی ، اس کے ساتھ ایک بچہ تھا جس پر آسیب تھا ، وہ بولتا نہیں تھا ، اس نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! یہ میرا بیٹا ہے اور یہی میرے گھر والوں میں باقی رہ گیا ہے ، اور اس پر ایک بلا ( آسیب ) ہے کہ یہ بول نہیں پاتا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تھوڑا سا پانی لاؤ “ ، پانی لایا گیا ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دونوں ہاتھ دھوئے اور اس میں کلی کی ، پھر وہ پانی اسے دے دیا ، اور فرمایا : ” اس میں سے تھوڑا سا اسے پلا دو ، اور تھوڑا سا اس کے اوپر ڈال دو ، اور اللہ تعالیٰ سے اس کے لیے شفاء طلب کرو “ ، ام جندب رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں اس عورت سے ملی اور اس سے کہا کہ اگر تم اس میں سے تھوڑا سا پانی مجھے بھی دے دیتیں ، ( تو اچھا ہوتا ) تو اس نے جواب دیا کہ یہ تو صرف اس بیمار بچے کے لیے ہے ، ام جندب رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں اس عورت سے سال بھر بعد ملی اور اس بچے کے متعلق پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ ٹھیک ہو گیا ہے ، اور اسے ایسی عقل آ گئی جو عام لوگوں کی عقل سے بڑھ کر ہے ۔
حضرت ام جندب رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”میں نے قربانی کے دن رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپ ﷺ نے وادی کے نشیبی حصے میں کھڑے ہو کر بڑے جمرے پر کنکریاں ماریں، پھر واپس ہوئے۔ قبیلہ خثعم کی ایک خاتون آپ ﷺ کے پیچھے چل پڑی، اس کے پاس ایک بچہ تھا جسے آسیب کی شکایت تھی اور وہ بات نہیں کرتا تھا۔ اس خاتون نے عرض کی: ”اے اللہ کے رسول! یہ میرا بیٹا ہے اور میرے گھر میں یہی باقی بچا ہے اور اسے آسیب ہے، یہ کلام نہیں کرتا۔“ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میرے پاس تھوڑا سا پانی لاؤ۔“ پانی لایا گیا۔ نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ دھوئے اور کلی کی، پھر (یہ مستعمل پانی) اسے دے دیا اور فرمایا: ”کچھ پانی اسے پلا دینا، کچھ اس کے اوپر ڈال دینا، اور اس کے لیے اللہ سے شفا کی دعا کرنا۔“ حضرت ام جندب رضی اللہ عنہا نے فرمایا: میں اس عورت سے ملی اور کہا: ”اس میں سے تھوڑا سا (متبرک پانی) مجھے بھی دے دو۔“ اس نے کہا: ”یہ تو اس بیمار کے لیے ہے۔“ حضرت ام جندب رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ایک سال بعد اس عورت سے میری ملاقات ہو گئی تو میں نے اس لڑکے کے بارے میں پوچھا۔ اس نے کہا: ”وہ صحت یاب ہو گیا ہے اور ایسا عقل مند ہو گیا ہے جو (عام) لوگوں کی طرح نہیں (بلکہ ان سے بڑھ کر عقل مند ہو گیا ہے)۔““