حدیث نمبر: 3365
حَدَّثَنَا حَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى , حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ وَهْبٍ , أَنْبَأَنَا أَبُو شُرَيْحٍ , عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ نِمْرَانَ الْحَجْرِيِّ , عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ , عَنْ جَابِرٍ , أَنَّ نَفَرًا أَتَوْا النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَوَجَدَ مِنْهُمْ رِيحِ الْكُرَّاثِ , فَقَالَ : " أَلَمْ أَكُنْ نَهَيْتُكُمْ عَنْ أَكْلِ هَذِهِ الشَّجَرَةِ , إِنَّ الْمَلَائِكَةَ تَتَأَذَّى مِمَّا يَتَأَذَّى مِنْهُ الْإِنْسَانُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` کچھ لوگ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے ، آپ کو ان کی جانب سے گندنے کی بو محسوس ہوئی تو فرمایا : ” کیا میں نے تمہیں اس پودے کو کھانے سے نہیں روکا تھا ؟ یقیناً فرشتوں کے لیے وہ چیزیں باعث اذیت ہوتی ہیں ، جو انسان کے لیے باعث اذیت ہیں “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الأطعمة / حدیث: 3365
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث «تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 787 ) ، وقد أخرجہ : صحیح البخاری/الأذان 160 ( 854 ، 855 ) ، الأطعمة 49 ( 5452 ) ، الاعتصام 24 ( 7359 ) ، صحیح مسلم/المساجد 17 ( 564 ) ، سنن ابی داود/الأطعمة 41 ( 3822 ) ، سنن الترمذی/الأطعمة 13 ( 1806 ) ، سنن النسائی/المساجد 16 ( 708 ) ، مسند احمد ( 3/374 ، 387 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : معجم صغير للطبراني: 89

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´لہسن، پیاز اور گندنا کھانے کا بیان۔`
جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ کچھ لوگ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، آپ کو ان کی جانب سے گندنے کی بو محسوس ہوئی تو فرمایا: کیا میں نے تمہیں اس پودے کو کھانے سے نہیں روکا تھا؟ یقیناً فرشتوں کے لیے وہ چیزیں باعث اذیت ہوتی ہیں، جو انسان کے لیے باعث اذیت ہیں۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الأطعمة/حدیث: 3365]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
گندنا، پیاز سے ملتی جلتی چیز ہے جس میں پیاز کی طرح بو ہوتی ہے۔

(2)
فرشتے بدبو سے نفرت کرتے اور اذیت محسوس کرتے ہیں۔
رسول اللہ ﷺ ان چیزوں سے اجتناب کرتے تھے تاکہ جبریل کو ناگواری نہ ہو۔

(3)
مسلمان کو فرشتوں کا احترام کرتے ہوئے ناگوار بو والی چیز کھانے سے فحش الفاظ بولنے سے عریانی اور فحش حرکات سے پرہیز کرنا چاہیے۔

(4)
لہسن، پیاز اور گندنا حرام نہیں تاہم انہیں استعمال کرنا پڑے تو پکا لینا چاہیے یا بعد میں کوئی ایسی چیز کھا لینی چاہیے جس سے منہ کی بو ختم ہو جائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3365 سے ماخوذ ہے۔