سنن ابن ماجه
كتاب الأطعمة— کتاب: کھانوں کے متعلق احکام و مسائل
بَابُ : الْقَدِيدِ باب: سوکھے گوشت کا بیان۔
حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيل بْنُ أَسَدٍ , حَدَّثَنَا جَعْفَرُ بْنُ عَوْنٍ , حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيل بْنُ أَبِي خَالِدٍ , عَنْ قَيْسِ بْنِ أَبِي حَازِمٍ , عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ , قَالَ : أَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلٌ فَكَلَّمَهُ , فَجَعَلَ تُرْعَدُ فَرَائِصُهُ , فَقَالَ لَهُ : " هَوِّنْ عَلَيْكَ , فَإِنِّي لَسْتُ بِمَلِكٍ , إِنَّمَا أَنَا ابْنُ امْرَأَةٍ تَأْكُلُ الْقَدِيدَ " , قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ : إِسْمَاعِيل وَحْدَهُ , وَصَلَهُ .
´ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا ، اس نے آپ سے گفتگو کی تو ( خوف کی وجہ سے ) اس کے مونڈھے کانپنے لگے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہا : ” ڈرو نہیں ، اطمینان رکھو ، میں کوئی بادشاہ نہیں ہوں ، میں تو ایک ایسی عورت کا بیٹا ہوں جو سوکھا گوشت کھایا کرتی تھی ۱؎ ۔ ابوعبداللہ ابن ماجہ کہتے ہیں : صرف اسماعیل نے اسے موصول بیان کیا ہے ۔
حضرت ابو مسعود عقبہ بن عمرو انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور آپ ﷺ سے بات کرنے لگا، (رسول اللہ ﷺ کے رعب کی وجہ سے) اس کے کندھے کانپنے لگے (اس پر کپکپی طاری ہو گئی)، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”گھبراؤ مت، میں بادشاہ نہیں ہوں، میں تو ایک ایسی (عام سی غریب) عورت کا بیٹا ہوں جو «القَدِيْدَ» ”خشک کیا ہوا گوشت“ کھایا کرتی تھی۔“ امام ابو عبد اللہ ابن ماجہ رحمہ اللہ نے کہا: ”روایت کے راوی اسماعیل (بن ابو خالد) ہی نے اسے موصول بیان کیا ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا، آپ نے اس سے گفتگو کی تو (خوف کی وجہ سے) اس کے مونڈھے کانپنے لگے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہا: " ڈرو نہیں، اطمینان رکھو، میں کوئی بادشاہ نہیں ہوں، میں تو ایک ایسی عورت کا بیٹا ہوں جو سوکھا گوشت کھایا کرتی تھی ۱؎۔ ابوعبداللہ ابن ماجہ کہتے ہیں: صرف اسماعیل نے اسے موصول بیان کیا ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأطعمة/حدیث: 3312]
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نےاس پر کافی مفصل بحث کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ تصحیح حدیث والی رائے ہی درست ہے لہٰذا روایت دیگر شواہد کی بنا پر قابل حجت ہے۔
واللہ اعلم . تفصیل کےلیے دیکھیے: (سلسلة الأحاديث الصحيحة للألبانى رقم: 1876، وسنن ابن ماجة بتحقيق الدكتور بشار عواد رقم: 3312)
(2)
اہل عرب گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے اس کے لمبے ٹکڑے کاٹ کر نمک لگا کر دھوپ میں خشک کرلیا کرتے تھے۔
اسے قدید کہتے ہیں۔
بعد میں ضرورت پڑنے پر اسے پکا لیا جاتا ہے۔
(3)
رسول اللہ ﷺ نے اپنی والدہ کا ذکر اس لیے فرمایا کہ اس شخص کی گھبراہٹ دور ہوجائے جو اس پر نبیﷺ کی عظمت کے احساس سے طاری ہو گئی تھی۔
(4)
تواضع کے طور پراپنے آپ کو ایک عام انسان کے طور پر پیش کرنا اللہ کی نعمت کا انکار نہیں۔
(5)
بڑے عالم یا بڑے مقام پر فائز شخص کو عام لوگوں سے بات کرتے وقت ایسا انداز اختیار کرنا چاہیے جس سے وہ مانوس ہو جائیں اور آسانی سے اپنی بات کہہ سن سکیں۔