سنن ابن ماجه
كتاب المناسك— کتاب: حج و عمرہ کے احکام و مسائل
بَابُ : تَقْلِيدِ الْبُدْنِ باب: ہدی کے اونٹوں کو قلادہ پہنانے کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ الْأَسْوَدِ ، عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَتْ : " كُنْتُ أَفْتِلُ الْقَلَائِدَ لِهَدْيِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَيُقَلِّدُ هَدْيَهُ ثُمَّ يَبْعَثُ بِهِ ، ثُمَّ يُقِيمُ لَا يَجْتَنِبُ شَيْئًا مِمَّا يَجْتَنِبُهُ الْمُحْرِمُ " .
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدی ۱؎ کے لیے قلادہ ( پٹہ ) بٹتی تھی ، آپ وہ قلادہ اپنی ہدی والے جانور کے گلے میں ڈالتے ، پھر اس کو روانہ فرما دیتے ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ ہی میں مقیم رہتے ، اور جن باتوں سے محرم پرہیز کرتا ہے ان میں سے کسی بات سے آپ پرہیز نہیں کرتے تھے ۲؎ ۔
نبی ﷺ کی زوجہ محترمہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”میں نبی ﷺ کی ہدی (قربانی کے جانوروں) کے لیے قلادے بٹتی تھی تو آپ اپنی ہدی کو قلادے پہناتے تھے۔ پھر ان (جانوروں) کو (مکہ شریف) بھیج دیتے۔ پھر آپ (مدینہ شریف میں) قیام پذیر رہتے اور کسی ایسی چیز سے پرہیز نہ کرتے جس سے احرام والا پرہیز کیا کرتا ہے۔“
۲؎: کیونکہ ہدی بھیج دینے سے آدمی محرم نہیں ہوتا، امام نودی کہتے ہیں کہ اس حدیث سے یہ نکلتاہے کہ ہدی کا حرم میں بھیجنا مستحب ہے، اگر خود نہ جائے تو کسی اور کے ہاتھ بھیج دے، جمہور کا یہی قول ہے کہ اگر ہدی کسی اور کے ہاتھ بھیج دے تو بھیجنے والے پر احرام کا حکم جاری نہ ہو گا، البتہ اگر اپنے ساتھ ہدی لے کر جائے تو محرم ہو جائے گا۔
تشریح، فوائد و مسائل
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدی ۱؎ کے لیے قلادہ (پٹہ) بٹتی تھی، آپ وہ قلادہ اپنی ہدی والے جانور کے گلے میں ڈالتے، پھر اس کو روانہ فرما دیتے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ ہی میں مقیم رہتے، اور جن باتوں سے محرم پرہیز کرتا ہے ان میں سے کسی بات سے آپ پرہیز نہیں کرتے تھے ۲؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 3095]
فوائد و مسائل:
(1)
هدي اس جانور کو کہتے ہیں جو حرم کی حدود میں قربان کیا جاتا ہے۔
(2)
جس طرح حاجی ہدی کی قربانی دیتا ہےاس طرح دوسرا آدمی بھی ہدی کا جانور مکہ میں بھیج سکتا ہے۔
(3)
یہ جانور منی میں قربان کیے جاتے ہیں تاہم مکہ شریف کے اندر بھی قربان کیے جاسکتے ہیں۔
(4)
قلادے سے مراد وہ رسی ہے جو ہدی کے گلے میں ڈالی جاتی ہےاور علامت کے طور پر جوتوں کا جوڑا اس رسی کے ذریعے سے جانور کے گلے میں لٹکا دیا جاتا ہے۔
(5)
قربانی کا جانور (اونٹ، گائے، بکری اور بھیڑ وغیرہ)
مکہ بھیجنے والے احرام کی پابندیاں عائد نہیں ہوتیں۔