سنن ابن ماجه
كتاب المناسك— کتاب: حج و عمرہ کے احکام و مسائل
بَابُ : تَأْخِيرِ رَمْيِ الْجِمَارِ مِنْ عُذْرٍ باب: عذر کی بناء پر کنکریاں مارنے میں دیر کرنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يَحْيَى ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، أَنْبَأَنَا مَالِكُ بْنُ أَنَسٍ ، ح وحَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ سِنَانٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ مَهْدِيٍّ ، عَنْ مَالِكِ بْنِ أَنَسٍ ، حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي الْبَدَّاحِ بْنِ عَاصِمٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : " رَخَّصَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِرِعَاءِ الْإِبِلِ فِي الْبَيْتُوتَةِ أَنْ يَرْمُوا يَوْمَ النَّحْرِ ، ثُمَّ يَجْمَعُوا رَمْيَ يَوْمَيْنِ بَعْدَ النَّحْرِ ، فَيَرْمُونَهُ فِي أَحَدِهِمَا " ، قَالَ مَالِكٌ : ظَنَنْتُ أَنَّهُ قَالَ : فِي الْأَوَّلِ مِنْهُمَا ، ثُمَّ يَرْمُونَ يَوْمَ النَّفْرِ .
´عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ کے چرواہوں کو رخصت دی کہ وہ یوم النحر ( دسویں ذی الحجہ ) کو رمی کر لیں ، پھر یوم النحر کے بعد کے دو دنوں کی رمی ایک ساتھ جمع کر لیں ، خواہ گیارہویں ، بارہویں دونوں کی رمی بارہویں کو کریں ، یا گیارہویں کو بارہویں کی بھی رمی کر لیں ۱؎ ۔ مالک بن انس کہتے ہیں کہ میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا : پہلے دن رمی کریں پھر جس دن کوچ کرنے لگیں اس دن کر لیں ۔
حضرت ابو بداح عدی بن عاصم رضی اللہ عنہ اپنے والد (حضرت عاصم بن عدی بن جد رضی اللہ عنہ) سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ نے اونٹوں کے چرواہے کو رات گزارنے کے بارے میں رعایت دی کہ وہ قربانی کے دن رمی کریں، پھر قربانی کے بعد دو دن کی رمی اکٹھی کسی ایک دن (گیارہ یا بارہ تاریخ کو) کر لیں۔“ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا: ”میرا خیال ہے کہ راوی نے یہ کہا تھا: دو دنوں میں سے پہلے دن (گیارہ ذوالحجہ کو) رمی کر لیں، اس کے بعد واپسی کے دن (تیرہ ذوالحجہ کو) رمی کر لیں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ کے چرواہوں کو رخصت دی کہ وہ یوم النحر (دسویں ذی الحجہ) کو رمی کر لیں، پھر یوم النحر کے بعد کے دو دنوں کی رمی ایک ساتھ جمع کر لیں، خواہ گیارہویں، بارہویں دونوں کی رمی بارہویں کو کریں، یا گیارہویں کو بارہویں کی بھی رمی کر لیں ۱؎۔ مالک بن انس کہتے ہیں کہ میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا: پہلے دن رمی کریں پھر جس دن کوچ کرنے لگیں اس دن کر لیں۔ [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 3037]
فوائد و مسائل:
(1)
ذوالحجہ کی گیارہ بارہ تیرہ تاریخ کو ایام تشریق کہتے ہیں۔
ان تین دنوں میں حاجی صرف جمرات میں رمی کرتے ہیں۔
اور جس نے دس تاریخ کو قربانی نہ کی ہو وہ ان دنوں میں قربانی کرسکتا ہے۔
(2)
عذر کی وجہ سے دو دن کی رمی ایک دن کرنا جائز ہے۔
خواہ گیارہ تاریخ کو گیارہ اور بارہ کی رمی کرلی جائے پھر اس کے بعد تیرہ تاریخ کو رمی کی جائے خواہ بارہ تاریخ کو گیارہ اور بارہ کی رمی کرکے پھر اگلے دن رمی کر لی جائے۔
ابوالبداح بن عاصم کے والد عاصم بن عدی بن جدا القضاعی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چرواہوں کو ایک دن چھوڑ کر ایک دن رمی کرنے کی رخصت دی ہے، (اس لیے کہ وہ اونٹوں کو ادھر ادھر چرانے لے جانے کی وجہ سے ہر روز منیٰ نہیں پہنچ سکتے تھے)۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 3070]
عدی رضی الله عنہ کہتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چرواہوں کو رخصت دی کہ ایک دن رمی کریں اور ایک دن چھوڑ دیں ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الحج/حدیث: 954]
عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چرواہوں کو رخصت دی کہ ایک دن رمی کریں اور ایک دن ناغہ کریں۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1976]
سیدنا عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ کے چرواہوں کو منی سے باہر رات گزارنے کی اجازت دے دی کہ قربانی کے دن کنکریاں ماریں پھر دوسرے اور تیسرے دو روز بھی کنکریاں ماریں پھر کوچ کے سنگریزے ماریں۔ اسے پانچوں نے روایت کیا ہے ترمذی اور ابن حبان نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 636]
«رعاة» "را" پر ضمہ کے ساتھ، «راع» کی جمع ہے۔ چرواہے۔
«في البيتوتة» «البيتوتة» بات کا مصدر ہے۔ رات گزارنا۔ رات گزارنے سے مراد منیٰ میں راتوں کو گزارنا ہے۔ جس کی تفصیل گزشتہ حدیث کی شرح میں گزر چکی ہے۔
«عن مني» «عن» یہاں بعد اور دوری کے لیے ہے اور «غائبين» محذوف کے متعلق ہو گا، یعنی منیٰ سے باہر، اس سے دور رہتے ہوئے، یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اپنے اونٹوں کی دیکھ بھال کے لیے منیٰ سے دوران کی حفاظت و حراست کے لیے منیٰ میں رات نہ گزارنے کی اجازت دے دی۔
«ثم يرمون الغد و من بعد الغد ليومين» وہ یوم نحر سے اگلے دن، یعنی گیارہ اور بارہ کی کنکریاں بارہ ذوالحجہ کو مارتے تھے۔ مطلب یہ ہے کہ وہ دو دن کی رمی کو جمع کرتے تھے۔
«ثم ير مون يوم النفر» «نفر» سے مراد منیٰ سے واپسی کا دن، یعنی تیرہویں تاریخ ہے جسے یوم النفر الثانی بھی کہتے ہیں۔
فائدہ:
یہ حدیث دلیل ہے کہ حاجیوں کے لیے منیٰ میں رات بسر کرنا واجب ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ رخصت و اجازت واجب ہی کی صورت میں کسی کو دی جاتی ہے ورنہ اگر واجب نہ ہو تو اجازت کی ضرورت ہی نہیں۔
راوئ حدیث:
حضرت عاصم بن عدی رضی اللہ عنہ، ان کی کنیت ابوعبید اللہ یا ابوعمرو ہے۔ بنو عبید بن زید کے حلیف تھے۔ بنو عبید کا تعلق انصار کے قبیلے بنو عمرو بن عوف تھا۔ غزوہ بدر اور بعد کے غزوات میں حاضر رہے۔ اور ایک قول یہ بھی ہے کہ بدر کے روز یہ قبائل عالیہ پر امیر تھے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لیے حصہ مقرر فرمایا۔ 45 ہجری میں فوت ہوئے۔ اور ایک قول یہ بھی ہے کہ یہ جنگ یمامہ کے روز شہیدہوئے۔ اس وقت ان کی عمر 120 برس تھی۔
ابوالبداح کے والد کا نام عاصم اور دادا کا نام عد ہے اس سند میں اس کو دادا کی طرف منسوب کیا گیا ہے۔