حدیث نمبر: 2891
حَدَّثَنَا أَبُو بِشْرٍ بَكْرُ بْنُ خَلَفٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ دَاوُدَ بْنِ أَبِي هِنْدٍ ، عَنْ أَبِي الْعَالِيَةِ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : كُنَّا مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَيْنَ مَكَّةَ وَالْمَدِينَةِ فَمَرَرْنَا بِوَادٍ ، فَقَالَ : " أَيُّ وَادٍ هَذَا ؟ " ، قَالُوا : وَادِي الْأَزْرَقِ ، قَالَ : " كَأَنِّي أَنْظُرُ إِلَى مُوسَى عَلَيْهِ السَّلام فَذَكَرَ مِنْ طُولِ شَعَرِهِ شَيْئًا لَا يَحْفَظُهُ دَاوُدُ وَاضِعًا إِصْبَعَيْهِ فِي أُذُنَيْهِ ، لَهُ جُؤَارٌ إِلَى اللَّهِ بِالتَّلْبِيَةِ مَارًّا بِهَذَا الْوَادِي " ، قَالَ : ثُمَّ سِرْنَا حَتَّى أَتَيْنَا عَلَى ثَنِيَّةٍ ، فَقَالَ : " أَيُّ ثَنِيَّةٍ هَذِهِ " ؟ ، قَالُوا : ثَنِيَّةُ هَرْشَى أَوْ لَفْتٍ ، قَالَ : " كَأَنِّي أَنْظُرُ إِلَى يُونُسَ عَلَى نَاقَةٍ حَمْرَاءَ عَلَيْهِ جُبَّةُ صُوفٍ ، وَخِطَامُ نَاقَتِهِ خُلْبَةٌ مَارًّا بِهَذَا الْوَادِي مُلَبِّيًا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مکہ اور مدینہ کے درمیان تھے ، ہمارا گزر ایک وادی سے ہوا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا : ” یہ کون سی وادی ہے ؟ “ لوگوں نے عرض کیا : وادی ازرق ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” گویا میں موسیٰ علیہ السلام کو دیکھ رہا ہوں ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے موسیٰ علیہ السلام کے بالوں کی لمبائی کا تذکرہ کیا ( جو راوی داود کو یاد نہیں رہا ) اپنی دو انگلیاں اپنے دونوں کانوں میں ڈالے ہوئے بلند آواز سے ، لبیک کہتے ہوئے ، اللہ سے فریاد کرتے ہوئے اس وادی سے گزرے “ ۔ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ہم چلے یہاں تک کہ ہم ایک وادی میں پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا : ” یہ کون سی وادی ہے “ ؟ لوگوں نے عرض کیا : «هرشى أو لفت» کی وادی ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” گویا میں یونس علیہ السلام کو دیکھ رہا ہوں جو بالوں کا جبہ پہنے ہوئے ، سرخ اونٹنی پر سوار ہیں ، ان کی اونٹنی کی نکیل کھجور کے پتوں کی رسی کی ہے ، اور وہ اس وادی سے لبیک کہتے ہوئے گزر رہے ہیں “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: «هرشى أو لفت» دونوں ٹیلوں کے نام ہیں۔
۲؎: احتمال ہے کہ عالم ارواح میں موسیٰ اور یونس علیہما السلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس وقت اسی طرح سے گزرے ہوں، یا یہ واقعہ ان کے زمانہ کا ہے، اللہ تبارک وتعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پھر دکھلا دیا، یا یہ تشبیہ ہے کمال علم اور یقین کی جیسے اس بات کو دیکھ رہے ہیں۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب المناسك / حدیث: 2891
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الإیمان 74 ( 166 ) ، ( تحفة الأشراف : 5424 ) ، وقد أخرجہ : صحیح البخاری/الحج 30 ( 1555 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 166

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´سواری پر حج کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مکہ اور مدینہ کے درمیان تھے، ہمارا گزر ایک وادی سے ہوا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: " یہ کون سی وادی ہے؟ " لوگوں نے عرض کیا: وادی ازرق ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " گویا میں موسیٰ علیہ السلام کو دیکھ رہا ہوں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے موسیٰ علیہ السلام کے بالوں کی لمبائی کا تذکرہ کیا (جو راوی داود کو یاد نہیں رہا) اپنی دو انگلیاں اپنے دونوں کانوں میں ڈالے ہوئے بلند آواز سے، لبیک کہتے ہوئے، اللہ سے فریاد کرتے ہوئے اس وادی سے گزرے۔‏‏‏‏" عبداللہ بن عب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 2891]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
بنی اسرائیل کے انبیاء کرام علیہم السلام بھی کعبہ شریف کا حج کرتے تھے اگرچہ ان کا قبلہ بیت المقدس تھا۔

(2)
رسول اللہ ﷺ کی وحی کا ایک انداز یہ بھی تھا کہ گزشتہ واقعات آپ کو اس انداز سے دکھا دیے جاتےتھے گویا کہ وہ ابھی واقع ہو رہے ہیں اس طرح ماضی کے واقعات یا جنت اور جہنم کے حالات سے نبیﷺ اس طرح واقف ہو جاتے تھے جس طرح کوئی چشم دید واقعات کو جانتا اور یاد رکھتا ہے۔

(3)
لبیک بلند آواز سے پکارنا مستحب ہے۔ (سنن ابن ماجة، حدیث: 2922 تا 2924)

(4)
مرد کو احرام کی حالت میں سلا ہوا لباس پہننا منع ہے۔ (سنن ابن ماجة حدیث: 2929)
ممکن ہے حضرت یونس علیہ السلام کی شریعت میں اس کی اجازت ہو اس لیے انھوں نےاونی جبہ پہنا ہوا ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2891 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 166 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابنِ عباس ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ازرق وادی میں سے گزرے۔ آپ ﷺ نے پوچھا: ’’یہ کون سی وادی ہے؟‘‘ لوگوں نے کہا: یہ وادی ازرق ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’گویا کہ میں موسیٰؑ کو چوٹی سے اترتے دیکھ رہا ہوں، اور وہ بلند آواز سے اللہ کے حضور تلبیہ کہہ رہے ہیں۔‘‘ پھر آپ ﷺ ہرشیٰ کی چوٹی پر پہنچے تو پوچھا: ’’یہ کون سی چوٹی ہے؟‘‘ لوگوں نے کہا: یہ ہرشیٰ کی چوٹی ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’گویا کہ میں یونس بن متیٰ ؑ کو دیکھ رہا ہوں، سرخ رنگ کی... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:420]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
: (1)
ثَنِيَّةٌ جمع ثَنَايَا: دره، گھاٹی، پہاڑی راستہ۔
(2)
جُؤَارٌ: بلند آواز سے دعا کرنا، گڑگڑانا، بیل کا ڈکارنا۔
(3)
تَلْبِيَةٌ: اللهم لبيك کہنا۔
فوائد ومسائل:
رسول اللہ ﷺ کو شب معراج، بعض انبیاء کی زندگی کا حال دکھایا گیا کہ ان کا حج کیسا تھا، سواری کس قسم کی تھی، لبیک کس طرح کہا، آج انسان مختلف قسم کے پروگراموں کی وڈیوز تیار کر لیتے ہیں، اور پھر جب چاہتے ہیں، ان پروگراموں کو دیکھ لیتے ہیں، تو کیا اللہ تعالیٰ انسانوں کی زندگی، ان کے افعال واعما ل کی وڈیوز تیار نہیں کر سکتا، کہ جب چاہے وہ کسی کو دکھا دے۔
اسی لیے آپ ﷺ نے "كَأَنِّي أَنْظُرُ" ’’گویا کہ میں دیکھ رہا ہوں۔
‘‘ کے الفاظ استعمال فرمائے ہیں۔
اسی طرح ودجال اورمالک خازن ناز کی تصویر دکھائی گئی، جس طرح آپ کو جنت اور دوزخ کی تصویر دکھائی گئی تھی۔
یہاں تک کہ آپ دوزخ کو دیکھ کر پیچھے ہٹ گئے اور جنت کو دیکھ کر اس کے میوے توڑنےکے لیے آگے بڑھے، یہاں تک کہ آپ نے لوگوں کو جہنم میں سزا پاتے دیکھا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 420 سے ماخوذ ہے۔