حدیث نمبر: 2787
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ رُمْحٍ ، أَنْبَأَنَا اللَّيْثُ بْنُ سَعْدٍ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ قَالَ : " الْخَيْلُ فِي نَوَاصِيهَا الْخَيْرُ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” گھوڑوں کی پیشانیوں میں قیامت تک خیر و برکت بندھی ہوئی ہے “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الجهاد / حدیث: 2787
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الإمارة 26 ( 1871 ) ، سنن النسائی/الخیل 6 ( 3603 ) ، ( تحفة الأشراف : 8287 ) ، وقد أخرجہ : صحیح البخاری/الجہاد 43 ( 2849 ) ، المناقب 28 ( 3644 ) ، موطا امام مالک/الجہاد 19 ( 44 ) ، مسند احمد ( 2/49 ، 57 ، 101 ، 112 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2849 | صحيح البخاري: 3644 | صحيح مسلم: 1871 | سنن نسائي: 3603 | موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 561

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´اللہ کی راہ میں جہاد کے لیے گھوڑے رکھنے کا ثواب۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: گھوڑوں کی پیشانیوں میں قیامت تک خیر و برکت بندھی ہوئی ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الجهاد/حدیث: 2787]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
  یعنی مجاہدین کے گھوڑوں کی پیشانیوں میں ہمیشہ کے لیے خیروبرکت رکھ دی گئی ہے۔
گھوڑوں کی اس خیر وبرکت کی وضاحت دوسری روایات میں ثواب غنیمت سے کی گئی ہے۔ (صحيح البخاري، الجهاد، باب الجهاد ماض مع البر والفاجر، حديث: 2852)
یعنی گھوڑوں پر جہاد کر کے ثواب بھی حاصل ہوتا ہےاور غنیمت بھی ملتی ہےاور یہ فائدہ قیامت تک حاصل ہوتا رہے گا۔
آج کلاشنکوف اور ٹینک کے دور میں بھی گھوڑے بہت کام آتے ہیں بالخصوص پہاڑوں اور جنگلات کے علاقوں میں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2787 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3644 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3644. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’گھوڑے کی پیشانی کے ساتھ قیامت تک کے لیے خیروبرکت کو باندھ دیاگیا ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3644]
حدیث حاشیہ: اس میں بھی پیش گوئی ہے جو حرف بہ حرف صحیح ہے اور یہی ترجمہ باب ہے۔
آج جدید اسلحہ کی فروانی کے باوجود بھی فوج میں گھوڑے کی اہمیت ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3644 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1871 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’گھوڑوں کی پیشانیوں میں قیامت تک خیر ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4845]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس باب کی احادیث سے ثابت ہوتا ہے، دین اور مسلمانوں کے دشمن سے جنگ لڑنے کے لیے انفرادی طور پر سامان حرب رکھنا خیر و برکت اور اجر و غنیمت کا باعث ہے، نیز قیامت تک گھوڑے جنگی ضروریات کے لیے استعمال ہوتے رہیں گے اور ان میں خیر و برکت جہاد میں استعمال ہونے کی وجہ سے ہے، اگر یہ فخر و ریا کے لیے رکھے جائیں تو نحوست اور نقصان کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1871 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 561 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´جہاد کے لئے گھوڑا تیار کرنے کی فضیلت`
«. . . 215- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: الخيل فى نواصيها الخير إلى يوم القيامة. . . .»
. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:گھوڑوں کی پیشانی پر قیامت تک خیر لکھی گئی ہے . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 561]
تخریج الحدیث: [وأخرجه البخاري 2849، ومسلم 96/1871، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ جہاد کی نیت سے گھوڑے پالنا اور دیگر جہادی تیاریاں کرنا بڑے اجر و ثواب کا کام ہے۔
➋ یہ حدیث علامات نبوت میں سے ہے۔
➌ جہاد قیامت تک جاری رہے گا۔
➍ اس حدیث میں خیر سے مراد اجر اور مال غنیمت ہے۔
➎ (جہاد میں) دوسرے جانوروں کی بہ نسبت گھوڑا افضل ہے۔ نیز دیکھئے: [ح 178]
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 215 سے ماخوذ ہے۔