سنن ابن ماجه
كتاب الديات— کتاب: دیت (خون بہا) کے احکام و مسائل
بَابُ : لاَ يُقْتَلُ مُسْلِمٌ بِكَافِرٍ باب: کافر کے بدلے مسلمان قتل نہ کیا جائے گا۔
حَدَّثَنَا عَلْقَمَةُ بْنُ عَمْرٍو الدَّارِمِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ عَيَّاشٍ ، عَنْ مُطَرِّفٍ ، عَنِ الشَّعْبِيِّ ، عَنْ أَبِي جُحَيْفَةَ ، قَالَ : قُلْتُ لِعَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ هَلْ عِنْدَكُمْ شَيْءٌ مِنَ الْعِلْمِ لَيْسَ عِنْدَ النَّاسِ ؟ قَالَ : " لَا ، وَاللَّهِ مَا عِنْدَنَا إِلَّا مَا عِنْدَ النَّاسِ ، إِلَّا أَنْ يَرْزُقَ اللَّهُ رَجُلًا فَهْمًا فِي الْقُرْآنِ ، أَوْ مَا فِي هَذِهِ الصَّحِيفَةِ فِيهَا الدِّيَاتُ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَأَنْ لَا يُقْتَلَ مُسْلِمٌ بِكَافِرٍ " .
´ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے علی رضی اللہ عنہ سے عرض کیا تمہارے پاس کوئی ایسا علم ہے جو دیگر لوگوں کے پاس نہ ہو ؟ وہ بولے : نہیں ، اللہ کی قسم ! ہمارے پاس وہی ہے جو لوگوں کے پاس ہے ، ہاں مگر قرآن کی سمجھ جس کی اللہ تعالیٰ کسی کو توفیق بخشتا ہے یا وہ جو اس صحیفے میں ہے اس ( صحیفے ) میں ان دیتوں کا بیان ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہیں ، اور آپ کا یہ فرمان بھی ہے کہ مسلمان کو کافر کے بدلے قتل نہیں کیا جائے گا ۔ ۱؎
حضرت ابو جحیفہ وہب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے کہا: ”کیا آپ لوگوں کے پاس کوئی ایسا علم ہے جو (دوسرے) لوگوں کے پاس نہیں؟“ انہوں نے کہا: ”نہیں، قسم ہے اللہ کی! ہمارے پاس تو وہی کچھ ہے جو لوگوں کے پاس ہے، سوائے اس کے کہ اللہ تعالیٰ کسی آدمی کو قرآن کی سمجھ عطا فرما دے، یا جو اس نوشتے میں ہے۔“ اس تحریر میں رسول اللہ ﷺ کے فرمائے ہوئے دیت کے مسائل تھے اور یہ (لکھا ہوا تھا) کہ ”مسلمان کو کافر کے بدلے میں قتل نہ کیا جائے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے علی رضی اللہ عنہ سے عرض کیا تمہارے پاس کوئی ایسا علم ہے جو دیگر لوگوں کے پاس نہ ہو؟ وہ بولے: نہیں، اللہ کی قسم! ہمارے پاس وہی ہے جو لوگوں کے پاس ہے، ہاں مگر قرآن کی سمجھ جس کی اللہ تعالیٰ کسی کو توفیق بخشتا ہے یا وہ جو اس صحیفے میں ہے اس (صحیفے) میں ان دیتوں کا بیان ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہیں، اور آپ کا یہ فرمان بھی ہے کہ مسلمان کو کافر کے بدلے قتل نہیں کیا جائے گا۔ ۱؎ [سنن ابن ماجه/كتاب الديات/حدیث: 2658]
فوائد و مسائل:
(1)
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے زمانے میں بعض لوگوں نے خود ان کے بارے میں غلط باتیں مشہور کردی تھیں۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ہرممکن حد تک ان غلط عقائد کی تردید فرمائی۔
(2)
حضرت علی رضی اللہ عنہ کےبارے میں مشہور ہے کہ رسول اللہﷺ نے انہیں’’علم باطن‘‘ عطا فرمایا تھا جو شریعت کے ظاہری علم سے مختلف ہے۔
موجودہ تصوف کے سلسلے بھی اسی تصور پر قائم ہیں۔
یہ غلط عقیدہ ہے۔
تزکیۂ نفس کےلیے رسول اللہﷺ نے جو کچھ فرمایا ہے وہ سب احادیث کی کتابوں میں موجود ہے۔
یہ کوئی خفیہ علم نہیں۔
(3)
حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرف ’’علم جفر‘‘ بھی منسوب ہے۔
جس کے ذریعے سے لوگ اپنےخیال میں ماضی اور مستقبل کی غیب کی باتیں معلوم کر لیتے ہیں۔
یہ سب بے بنیاد ہے۔
اللہ کے سوا کسی اور کوعلم الغیب جاننے والا تسلیم کرنا قرآن کی بہت سی آیات کا انکار ہے۔
(4)
قرآن مجید میں غوروتدبر کرکے علمی نکات دریافت کرنا بہت بڑی سعادت ہے۔
یہ علم حاصل کرنا اور اس کے مطابق اپنی عملی زندگی کو سنوارنا اصل مطلوب ہے۔
(5)
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم حدیث نبوی تحریر کرتے اور اسے محفوظ رکھتے تھے کیونکہ وہ اسے شریعت کا لازمی حصہ سمجھتے تھے۔
اوراس پر عمل کرتے تھے۔
(6)
اگر مسلمان کسی ذمی کو قتل کردے تو قصاص کے طور پر اسے قتل نہیں کیا جائے گا، البتہ دیت دلائی جا سکتی ہے۔