حدیث نمبر: 2627
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ مَهْدِيٍّ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ أَيُّوبَ ، سَمِعْتُ الْقَاسِمَ بْنَ رَبِيعَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " قَتِيلُ الْخَطَإِ شِبْهِ الْعَمْدِ قَتِيلُ السَّوْطِ وَالْعَصَا مِائَةٌ مِنَ الْإِبِلِ أَرْبَعُونَ مِنْهَا خَلِفَةً فِي بُطُونِهَا أَوْلَادُهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” عمداً و قصداً قتل کے مشابہ یعنی غلطی سے قتل کیا جانے والا وہ ہے جو کوڑے یا ڈنڈے سے مر جائے ، اس میں سو اونٹ دیت ( خون بہا ) کے ہیں جن میں چالیس حاملہ اونٹنیاں ہوں گی “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: اصل دیت سو اونٹ، یا سو گائے، یا دو ہزار بکریاں، یا ہزار دینار یا بارہ ہزار درہم، یا دو سو جوڑے کپڑے ہیں، لیکن بعض جرائم میں یہ دیت سخت کی جاتی ہے، اسی کو دیت مغلظہ کہتے ہیں، وہ یہ کہ مثلاً سو اونٹوں میں چالیس حاملہ اونٹیاں ہوں۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الديات / حدیث: 2627
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث «سنن النسائی/القسامة 27 ( 4795 ) ، ( تحفة الأشراف : 8911 ) ، وقد أخرجہ : سنن ابی داود/الدیات 19 ( 4547 ، 4548 ) ، مسند احمد ( 1/164 ، 166 ) ، سنن الدارمی/الدیات 22 ( 2428 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 4795 | سنن نسائي: 4797

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´قتل عمد کے مشابہ یعنی غلطی سے قتل میں دیت سخت ہے۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عمداً و قصداً قتل کے مشابہ یعنی غلطی سے قتل کیا جانے والا وہ ہے جو کوڑے یا ڈنڈے سے مر جائے، اس میں سو اونٹ دیت (خون بہا) کے ہیں جن میں چالیس حاملہ اونٹنیاں ہوں گی ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الديات/حدیث: 2627]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
شبہ عمد کو قتل خطا اس لیے کہا گیا ہے کہ اس میں قتل کا ارادہ نہیں ہوتا، صرف مارنےپیٹنے کا ارادہ ہوتا ہے۔

(2)
’’جن کے پیٹوں میں بچے ہوں۔‘‘
اس سے مراد حاملہ اونٹنیاں ہی ہیں۔
تاکید کے طور پر بات دہرائی گئی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2627 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4795 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´شبہ عمد کی دیت کتنی ہے؟ اور قاسم بن ربیعہ کی اس حدیث میں ایوب کے تلامذہ کے اختلاف کا ذکر۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خطا یعنی شبہ عمد کے طور پر جو شخص کوڑے یا ڈنڈے سے مر جائے تو اس کی دیت سو اونٹ ہے، چالیس ان میں سے حاملہ اونٹنیاں ہوں۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب القسامة والقود والديات/حدیث: 4795]
اردو حاشہ: (1) قتل کی تین صورتیں ہیں: (ا) قتل خطا: کسی نے تیر وغیرہ چلایا شکار کرنے کے لیے اچانک کوئی شخص آگے آگیا اور مر گیا یا کسی کو جانور یا بے جان چیز سمجھ کر تیر یا کوئی اور اسلحہ چلایا، بعد میں پتا چلا کہ وہ تو انسان تھا۔
(ب) شبہ عمد: لڑائی وغیرہ میں کسی کو قتل کرنے کی نیت نہ ہو اور نہ اسلحہ استعمال کیا گیا ہو۔ ڈنڈے سونٹے وغیرہ چلائے گئے لیکن اس سے کوئی شخص مر گیا۔
(ج) قتل عمد: نیت قتل کی ہو یا اسلحہ استعمال کیا گیا ہو کیونکہ اسلحے کا مقصد ہی قتل کرنا ہوتا ہے، لہٰذا دونوں صورتوں کو قتل عمد ہی کہا جائے گا۔ اگر نیت قتل کی ہو تو خواہ کسی بھی چیز سے قتل کیا گیا ہو، اسے قتل عمد ہی کہا جائے گا۔ احناف نے قتل عمد اور شبہ عمد میں صرف آلے کا فرق کیا ہے، یعنی آلہ قتل استعمال کیا گیا ہو، یعنی اسلحہ وغیرہ تو قتل عمد اور اگر ڈنڈے، سونٹے، پتھر، لوہے (جو نوکدار اور تیز نہ ہو) سے قتل کیا گیا ہو تو شبہ عمد۔ دونوں میں نیت قتل کی ہوتی ہے۔ لیکن ان کی یہ تعریف رسول اللہ ﷺ کے دور کے بہت سے واقعات کے خلاف پڑتی ہے، لہٰذا معتبر نہیں۔ خیر، قتل خطا کی صورت میں صرف دیت ہوگی اور وہ بھی ہلکی جیسا کہ آگے آرہا ہے۔ شبہ عمد میں بھی صرف دیت ہوگی لیکن بھاری جیسا کہ اس حدیث میں ہے کہ سو میں سے چالیس حاملہ اونٹنیاں ہوں۔ قتل عمد میں قصاص ہے اور اگر معافی مل جائے تو دیت شبہ عمد والی۔ یاد رہے ہر قسم کی دیت میں تعداد سو اونٹ ہی ہے۔
(2) اس حدیث میں شبہ عمد کو خطا کہا گیا ہے کیونکہ اس میں بھی مقصد قتل کرنا نہیں ہوتا، صرف لڑائی مقصود ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4795 سے ماخوذ ہے۔