حدیث نمبر: 2414
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ ثَعْلَبَةَ بْنِ سَوَاءٍ ، حَدَّثَنَا ، عَمِّي مُحَمَّدُ بْنُ سَوَاءٍ ، عَنْ حُسَيْنٍ الْمُعَلِّمِ ، عَنْ مَطَرٍ الْوَرَّاقِ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ مَاتَ وَعَلَيْهِ دِينَارٌ أَوْ دِرْهَمٌ قُضِيَ مِنْ حَسَنَاتِهِ لَيْسَ ثَمَّ دِينَارٌ وَلَا دِرْهَمٌ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو مر جائے اور اس کے ذمہ کسی کا کوئی دینار یا درہم ہو تو ( قیامت میں ) جہاں دینار اور درہم نہیں ہو گا ، اس کی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الصدقات / حدیث: 2414
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث «تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 8447 ، ومصباح الزجاجة : 847 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 2/82 ) ( صحیح ) » ( یہ سند حسن ہے لیکن شواہد کی بناء پر صحیح ہے )
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3597 | سنن ابن ماجه: 2320

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´قرض کی شناعت اور اس پر وعید کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو مر جائے اور اس کے ذمہ کسی کا کوئی دینار یا درہم ہو تو (قیامت میں) جہاں دینار اور درہم نہیں ہو گا، اس کی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الصدقات/حدیث: 2414]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اگر وارث قرض ادا نہ کریں تومیت پر اس کےذمے داری باقی رہتی ہے جس کی وجہ سے اسے قیامت کےدن مشکل پیش آئے گی۔

(2)
حقوق العباد کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

(3)
نیکیوں سے ادائیگی کی صورت یہ ہے کہ جس قدر قرض ہوگا اس کے مطابق مقروض کی نیکیاں قرض خواہ کو دے دی جائیں گی اگر مقروض کے پاس نیکیاں نہ ہوئیں یا اس کےقرض سےکم ہوئیں توقرض خواہ کےاس قدر گناہ مقروض کےسرڈال دیے جائیں گے۔

(4)
نیکیاں کر لینے کےبعد ان کو ضائع ہونے سے بچانا چاہیے اورایسے اعمال سے پرہیز کرنا چاہیے جن سے نیکیاں ضائع ہوجاتی ہیں، مثلاً: ظلم، حسد، کسی کےساتھ نیکی کرکےاسے احسان جتلانا وغیرہ۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2414 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3597 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جھگڑے میں حقیقت جاننے سے پہلے کسی ایک فریق کی مدد کرنا بڑا گناہ ہے۔`
یحییٰ بن راشد کہتے ہیں کہ ہم عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے انتظار میں بیٹھے تھے، وہ ہمارے پاس آ کر بیٹھے پھر کہنے لگے: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: جس نے اللہ کے حدود میں سے کسی حد کو روکنے کی سفارش کی تو گویا اس نے اللہ کی مخالفت کی، اور جو جانتے ہوئے کسی باطل امر کے لیے جھگڑے تو وہ برابر اللہ کی ناراضگی میں رہے گا یہاں تک کہ اس جھگڑے سے دستبردار ہو جائے، اور جس نے کسی مؤمن کے بارے میں کوئی ایسی بات کہی جو اس میں نہیں تھی تو اللہ اس کا ٹھکانہ جہنمیوں میں بنائے گا یہاں تک کہ اپنی کہی ہوئ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأقضية /حدیث: 3597]
فوائد ومسائل:
فائدہ: اس کا مطلب یہ بھی ہےکہ جب مقدمہ قاضی تک پہنچ جائے تو پھر تنفیذ حدود میں رکاوٹ بننا یا سفارش کرنا حرام ہے۔
اور اسی طرح جاہلی عصبیت کا شکار ہوجانا یا مسلمانوں پر تہمت لگانا بہت بڑے اور بُراے جرائم ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3597 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2320 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´جس نے دوسرے کے مال پر دعویٰ کر کے اس میں جھگڑا کیا اس پر وارد وعید کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو کسی جھگڑے میں کسی کی ناحق مدد کرے گا، تو اللہ تعالیٰ اس سے ناراض رہے گا یہاں تک کہ وہ (اس سے) باز آ جائے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأحكام/حدیث: 2320]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
لوگوں کےآپس کےاختلافات میں ہر شخص کو چاہیے کہ اس شخص کی حمایت کرے جس کا موقف درست ہو اور جو غلطی پر ہو اسے سمجھائے اور منع کرے۔

(2)
ظالم کی حمایت اور مدد کرنا بڑا گناہ ہے۔

(3)
حق کی حمایت میں دوستی یا رشتے داری کے تعلقات کو رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد ہے: ﴿يا أَيُّهَا الَّذينَ آمَنوا كونوا قَوّامينَ بِالقِسطِ شُهَداءَ لِلَّـهِ وَلَو عَلىٰ أَنفُسِكُم أَوِ الوالِدَينِ وَالأَقرَ‌بينَ ۚ إِن يَكُن غَنِيًّا أَو فَقيرً‌ا فَاللَّـهُ أَولىٰ بِهِما ۖ فَلا تَتَّبِعُوا الهَوىٰ أَن تَعدِلوا ۚ وَإِن تَلووا أَو تُعرِ‌ضوا فَإِنَّ اللَّـهَ كانَ بِما تَعمَلونَ خَبيرً‌ا ﴾ (النساء 4: 135)
 ’’اے ایمان والو! عدل وانصاف پر مضبوطی سے جم جانے والے اور خوشنودی موﻻ کے لئے سچی گواہی دینے والے بن جاؤ، گو وه خود تمہارے اپنے خلاف ہو یا اپنے ماں باپ کے یا رشتہ دار عزیزوں کے، وه شخص اگر امیر ہو تو اور فقیر ہو تو دونوں کے ساتھ اللہ کو زیاده تعلق ہے، اس لئے تم خواہش نفس کے پیچھے پڑ کر انصاف نہ چھوڑ دینا اور اگر تم نے کج بیانی یا پہلو تہی کی تو جان لو کہ جو کچھ تم کرو گے اللہ تعالیٰ اس سے پوری طرح باخبر ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2320 سے ماخوذ ہے۔