حدیث نمبر: 2325
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ رَافِعٍ ، حَدَّثَنَا مَرْوَانُ بْنُ مُعَاوِيَةَ ، ح وَحَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ ثَابِتٍ الْجَحْدَرِيُّ ، حَدَّثَنَا صَفْوَانُ بْنُ عِيسَى ، قَالَا : حَدَّثَنَا هَاشِمُ بْنُ هَاشِمٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ نِسْطَاسٍ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ حَلَفَ بِيَمِينٍ آثِمَةٍ عِنْدَ مِنْبَرِي هَذَا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ وَلَوْ عَلَى سِوَاكٍ أَخْضَرَ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو شخص میرے اس منبر کے پاس جھوٹی قسم کھائے ، وہ اپنا ٹھکانا جہنم میں بنا لے ، خواہ وہ ایک ہری مسواک ہی کے لیے ہو “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جھوٹی قسم متبرک مقام میں کھانا اور زیادہ سخت گناہ ہے، اگرچہ ہر جگہ جھوٹی قسم کھانا خود ایک سخت گناہ ہے،بعض علماء نے یہ کہا ہے کہ مدعی کو اختیار ہے جہاں پر چاہے اور جن الفاظ سے چاہے مدعی علیہ سے قسم لے سکتا ہے، اور بعضوں نے کہا: صرف عدالت میں قسم ہے وہ بھی اللہ تعالی کے نام کی قسم کھانا کافی ہے، اس سے زیادہ کے لئے مدعی جبر نہیں کر سکتا۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الأحكام / حدیث: 2325
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح
تخریج حدیث « سنن ابی داود/الأیمان 3 ( 2346 ) ، ( تحفة الأشراف : 2376 ) ، وقد أخرجہ : موطا امام مالک/الأقضیة 8 ( 10 ) ، مسند احمد ( 3/344 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3246 | بلوغ المرام: 1215

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3246 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´منبرنبوی کے پاس جھوٹی قسم کھانے پر وارد وعید کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص میرے منبر کے پاس جھوٹی قسم کھائے گا اگرچہ ایک تازی مسواک کے لیے کھائے تو سمجھ لو اس نے اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لیا یا یہ کہا: جہنم اس پر واجب ہو گئی ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الأيمان والنذور /حدیث: 3246]
فوائد ومسائل:
مسجد نبوی ﷺ میں ریاض الجنۃ اور منبر نبوی ﷺ جو کہ محشر میں حوض پر ہوں گے۔
جیسے عظیم متبرک مقامات کی پروا نہ کرتے ہوئے جھوٹ بولنا اور جھوٹی قسم کھانا انتہائی بدبختی کی علامت ہے۔
عام مساجد کا بھی یہی حکم ہے۔
کہ اس سے قسم کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3246 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1215 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´دعویٰ اور دلائل کا بیان`
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جس کسی نے میرے منبر پر کھڑے ہو کر جھوٹی قسم کھائی تو اس نے اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لیا۔ احمد، ابوداؤد اور نسائی نے روایت کیا ہے اور ابن حبان نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1215»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، الأيمان والنذور، باب ما جاء في تعظيم اليمين عند منبر النبي صلي الله عليه وسلم، حديث:3246، والنسائي في الكبرٰي:3 /491، حديث:6018، وأحمد:2 /329، وابن حبان(الإحسان):6 /281، حديث:4353.»
تشریح: اس حدیث میں تنبیہ ہے کہ جو مقام جتنا مرتبے اور فضیلت والا ہوگا وہاں ارتکاب گناہ کا عذاب بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا۔
اسی طرح وہ اوقات جن کی فضیلت بیان ہوئی ہے‘ مثلاً: عصر کے بعد اور جمعہ کے دن اور جمعہ کی رات‘ تو ان میں جو گناہ کیا جائے گا اس کی سزا بھی نسبتاً زیادہ اور سخت ہوگی۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1215 سے ماخوذ ہے۔