سنن ابن ماجه
كتاب التجارات— کتاب: تجارت کے احکام و مسائل
بَابُ : مَنْ قَالَ لاَ رِبَا إِلاَّ فِي النَّسِيئَةِ باب: سود صرف ادھار میں ہے کے قائلین کی دلیل۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الصَّبَّاحِ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ دِينَارٍ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ أَبَا سَعِيدٍ الْخُدْرِيَّ ، يَقُولُ : " الدِّرْهَمُ بِالدِّرْهَمِ وَالدِّينَارُ بِالدِّينَارِ " ، فَقُلْتُ : سَمِعْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ ، يَقُولُ غَيْرَ ذَلِكَ . (حديث موقوف) (حديث مرفوع) قَالَ : أَمَا إِنِّي لَقِيتُ ابْنَ عَبَّاسٍ ، فَقُلْتُ أَخْبِرْنِي عَنْ هَذَا الَّذِي تَقُولُ فِي الصَّرْفِ أَشَيْءٌ سَمِعْتَهُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَمْ شَيْءٌ وَجَدْتَهُ فِي كِتَابِ اللَّهِ ؟ ، فَقَالَ : مَا وَجَدْتُهُ فِي كِتَابِ اللَّهِ وَلَا سَمِعْتُهُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَلَكِنْ أَخْبَرَنِي أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِنَّمَا الرِّبَا فِي النَّسِيئَةِ " .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ درہم کو درہم سے ، اور دینار کو دینار سے برابر برابر بیچنا چاہیئے ، تو میں نے ان سے کہا کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کچھ اور کہتے سنا ہے ، ابوسعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : تو میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے جا کر ملا ، اور میں نے ان سے کہا : آپ بیع صرف کے متعلق جو کہتے ہیں مجھے بتائیے ، کیا آپ نے کچھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے ؟ کتاب اللہ ( قرآن ) میں اس سلسلہ میں آپ کو کوئی چیز ملی ہے ؟ اس پر وہ بولے : نہ تو میں نے اس کو کتاب اللہ ( قرآن ) میں پایا ہے ، اور نہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی سے سنا ہے ، البتہ مجھے اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے بتایا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے : ” سود صرف ادھار میں ہے “ ۱؎ ۔
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ درہم کو درہم سے، اور دینار کو دینار سے برابر برابر بیچنا چاہیئے، تو میں نے ان سے کہا کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کچھ اور کہتے سنا ہے، ابوسعید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: تو میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے جا کر ملا، اور میں نے ان سے کہا: آپ بیع صرف کے متعلق جو کہتے ہیں مجھے بتائیے، کیا آپ نے کچھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے؟ کتاب اللہ (قرآن) میں اس سلسلہ میں آپ کو کوئی چیز ملی ہے؟ اس پر وہ بولے: نہ تو میں نے اس کو کتاب اللہ (قرآن) میں پایا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2257]
فوائد و مسائل:
(1)
سونے کا چاندی سے یا چاندی کا سونے سے تبادلہ دست بدست ہونا چاہیے۔
(2)
مختلف ممالک کی کرنسی کا تبادلہ بھی موجود شرح کے مطابق ہاتھوں ہاتھ ہونا چاہیے۔
اگر کوئی کہے کہ میرے پاس امریکی ڈالر ہیں اور میں ان کے بدلے سعودی ریال لینا چاہتا ہوں، ‘ دوسرا شخص کہے کہ مجھے ڈالر دے دو، میں ان کے بدلے میں اتنے ریال تمہیں کل دے دوں گا، یہ درست نہیں۔
(3)
صحابہ کرام ؓ حدیث کو حجت سمجھتے تھے، اور جو حدیث رسول اللہ ﷺ سے براہ راست نہ سنی ہو بلکہ کسی دوسرے شخص کے واسطے سے پہنچے اس پر عمل کرنا بھی ضروری سمجھتے تھے۔
(4)
سود صرف ادھار میں ہوتا ہے‘ یہ اس صورت میں ہے جب تبادلہ کی جانے والی اشیاء مختلف اجناس سے تعلق رکھتے ہوں‘ مثلاً: سونا اور چاندی، یا گندم اور کھجور۔
ان کا باہمی تبادلہ کمی بیشی کے ساتھ درست ہے۔
ایک گرام سونے کے بدلے میں دس پندرہ گرام چاندی کا تبادلہ یا ایک من گندم کے بدلے میں دو من جو کا تبادلہ جائز ہے بشرطیکہ دونوں طرف سے نقد ادائیگی ہو ایک ہی چیز کا تبادلہ کمی بیشی کے ساتھ نقد بھی درست نہیں۔
ایک من اچھی گندم کے بدلے میں دو من ہلکی قسم کی گندم لینا دینا جائز نہیں اگرچہ دونوں طرف سے گندم فوراً ادا کر دی جائے۔
اس حدیث میں سود کی ایک قسم کا بیان ہے، اور وہ ادھار میں سود ہے، اس کی ایک شکل یہ بنتی ہے کہ نقد قیمت اور ہو اور ادھار اور ہو، یہ واضح سود ہے۔ موجودہ دور میں سود کے نئے نئے نام سامنے آ رہے ہیں، وہ حقیقت میں سود ہی ہیں، لیکن ان کے نام تبدیل کر دیے گئے ہیں، یہ ایک لعنت ہے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اس سے محفوظ فرماۓ، آمین۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ جب ایک جنس کا باہمی تبادلہ ہو تو وزن میں برابر اور نقد بنقد ہونا چاہیے لیکن سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کا مؤقف اس کے الٹ تھا۔ وہ فرمایا کرتے تھے کہ دست بدست ایک دینار کو دو دینار کے عوض فروخت کیا جا سکتا ہے ان کے نزدیک سود صرف اس وقت ہوتا ہے جب ایک طرف سے ادھار ہو۔
سیدنا ابوسعید خدری نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کو سمجھایا تو ابن عباس رضی اللہ عنہا نے اپنے مؤقف سے رجوع کر لیا۔ رجوع کے بعد سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بھی سختی سے منع کرتے تھے۔ [مستدرك حاكم: 43/2]
اختلاف کی صورت میں احترام کو لازم پکڑنا چاہیے اور دلیل کی بناء پر فیصلہ کرنا چاہیے عمر یا اکثریت کی بناء پر نہیں۔