حدیث نمبر: 2236
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ ، عَنْ يَعْلَى بْنِ عَطَاءٍ ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ حَدِيدٍ ، عَنْ صَخْرٍ الْغَامِدِيِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " اللَّهُمَّ بَارِكْ لِأُمَّتِي فِي بُكُورِهَا " ، قَالَ : وَكَانَ إِذَا بَعَثَ سَرِيَّةً ، أَوْ جَيْشًا بَعَثَهُمْ فِي أَوَّلِ النَّهَارِ ، قَالَ : " وَكَانَ صَخْرٌ رَجُلًا تَاجِرًا ، فَكَانَ يَبْعَثُ تِجَارَتَهُ فِي أَوَّلِ النَّهَارِ فَأَثْرَى وَكَثُرَ مَالُهُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´صخر غامدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اے اللہ ! میری امت کے لیے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما “ اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی سریہ یا لشکر روانہ کرنا ہوتا تو اسے دن کے ابتدائی حصہ ہی میں روانہ فرماتے ۱؎ ۔ راوی کہتے ہیں : غامدی صخر تاجر تھے ، وہ اپنا مال تجارت صبح سویرے ہی بھیجتے تھے بالآخر وہ مالدار ہو گئے ، اور ان کی دولت بڑھ گئی ۔

وضاحت:
۱؎: سویرے سے مراد یہ ہے کہ صبح کی نماز کے بعد شروع دن میں کرے، یہ وقت برکت کا ہے، جو کام اس وقت کرے گا امید ہے کہ اس میں برکت ہو گی۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب التجارات / حدیث: 2236
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث « سنن ابی داود/الجھاد 85 ( 2606 ) ، سنن الترمذی/البیوع 6 ( 1212 ) ، ( تحفة الأشراف : 4852 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 3/416 ، 417 ، 432 ، 4/384 ، 390 ) ، سنن الدارمی/السیر 1 ( 2479 ) ( صحیح ) » ( حدیث کا پہلا ٹکڑا «اللَّهُمَّ بَارِكْ لأُمَّتِي فِي بُكُورِهَا » شواہد کی وجہ سے صحیح ہے ، اور سند میں عمارہ بن حدید کی توثیق صرف ابن حبان نے کی ہے ، جو مجاہیل کی توثیق کرتے ہیں ، اور ابن حجر نے مجہول کہا ہے ، حدیث کے دوسرے ٹکڑے کو البانی صاحب نے سلسلة الاحادیث الضعیفة ، للالبانی : ( 4178 ) میں شاہد نہ ملنے کی وجہ سے ضعیف کہا ہے ، جب کہ سنن ابی داود میں پوری حدیث کو صحیح کہا ہے ، لیکن سنن ابن ماجہ میں تفصیل بیان کر دی ہے ، نیز اس حدیث کو امام ترمذی نے حسن کہا ہے ) ۔
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1212 | سنن ابي داود: 2606 | معجم صغير للطبراني: 526

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´صبح کے وقت میں برکت متوقع ہونے کا بیان۔`
صخر غامدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے اللہ! میری امت کے لیے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی سریہ یا لشکر روانہ کرنا ہوتا تو اسے دن کے ابتدائی حصہ ہی میں روانہ فرماتے ۱؎۔ راوی کہتے ہیں: غامدی صخر تاجر تھے، وہ اپنا مال تجارت صبح سویرے ہی بھیجتے تھے بالآخر وہ مالدار ہو گئے، اور ان کی دولت بڑھ گئی۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2236]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
صبح کا وقت بابرکت ہے، لہٰذا اسے مفید کاموں میں صرف کرنا چاہیے، غفلت اور نیند میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

(2)
صبح جلدی دکان کھولنا تاجر کے لیے باعث برکت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2236 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1212 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سامان تجارت لے کر سویرے نکلنے کا بیان۔`
صخر غامدی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے اللہ! میری امت کو اس کے دن کے ابتدائی حصہ میں برکت دے ۱؎ صخر کہتے ہیں کہ آپ جب کسی سریہ یا لشکر کو روانہ کرتے تو اسے دن کے ابتدائی حصہ میں روانہ کرتے۔ اور صخر ایک تاجر آدمی تھے۔ جب وہ تجارت کا سامان لے کر (اپنے آدمیوں کو) روانہ کرتے تو انہیں دن کے ابتدائی حصہ میں روانہ کرتے۔ تو وہ مالدار ہو گئے اور ان کی دولت بڑھ گئی۔ [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1212]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ سفرتجارت ہو یا اورکوئی کام ہو ان کا آغاز دن کے پہلے پہرسے کرنا زیادہ مفیداوربابرکت ہے، اس وقت انسان تازہ دم ہوتا ہے اورقوت عمل وافرہوتی ہے جو ترقی اوربرکت کا باعث بنتی ہے۔

نوٹ:
(متابعات وشواہد کی بناپر یہ حدیث صحیح ہے، ورنہ اس کے راوی ’’عمارہ بن جدید‘‘ مجہول ہیں، اور ان کے مذکورہ ’’ضعیف‘‘جملے کا کوئی متابع وشاہد نہیں ہے، تراجع الالبانی 277، وصحیح ابی داود ط۔
غراس 2345)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1212 سے ماخوذ ہے۔