حدیث نمبر: 2223
حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ بِشْرِ بْنِ الْحَكَمِ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ عَقِيلِ بْنِ خُوَيْلِدٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ الْحُسَيْنِ بْنِ وَاقِدٍ ، حَدَّثَنِي أَبِي ، حَدَّثَنِي يَزِيدُ النَّحْوِيُّ ، أَنَّ عِكْرِمَةَ حَدَّثَهُ ، عَنْ ابنِ عَبَّاسٍ ، قَالَ : " لَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْمَدِينَةَ كَانُوا مِنْ أَخْبَثِ النَّاسِ كَيْلًا ، فَأَنْزَلَ اللَّهُ سُبْحَانَهُ وَيْلٌ لِلْمُطَفِّفِينَ فَأَحْسَنُوا الْكَيْلَ بَعْدَ ذَلِكَ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو مدینہ والے ناپ تول میں سب سے برے تھے ، اللہ تعالیٰ نے آیت کریمہ : «ويل للمطففين» ” خرابی ہے کم تولنے والوں کے لیے الخ “ اتاری اس کے بعد وہ ٹھیک ٹھیک ناپنے لگے ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب التجارات / حدیث: 2223
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث « تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 6275 ، ومصباح الزجاجة : 780 ) ( حسن ) »

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´ناپ تول میں احتیاط برتنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو مدینہ والے ناپ تول میں سب سے برے تھے، اللہ تعالیٰ نے آیت کریمہ: «ويل للمطففين» خرابی ہے کم تولنے والوں کے لیے الخ اتاری اس کے بعد وہ ٹھیک ٹھیک ناپنے لگے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2223]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
کَیْل کا مطلب ٹوپے وغیرہ سے کسی چیز کی مقدر معلوم کرنا ہے۔
اہل عرب غلہ وغیرہ تولنے کے بجائے ماپ کر خرید بیچ لیتے تھے۔
ہمارے ہاں دیہات میں یہ رواج باقی ہے۔
مائعات (تیل، پٹرول وغیرہ)
تو ہر جگہ ماپ کر ہی فروخت ہوتی ہیں۔

(2)
  اہل مدینہ کا ماپ براہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ماپتے وقت بہت بے احتیاطی کرتے تھے جس سے ماپی ہوئی چیز وصول کرنے والے کو نقصان ہوتا تھا۔

(3)
جان بوجھ کر کم ماپنا یا کم تولنا بڑا گناه ہے لیکن احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کسی کا نقصان ہوجانا بھی بری بات ہے۔

(4)
صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین قرآن مجید کے احکام اور نبیﷺ کے ارشادات پرعمل کرنے میں کوتاہی نہیں کرتے تھے بلکہ فوراً عمل کرتے تھے۔
مسلمانوں کا یہی رویہ ہونا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2223 سے ماخوذ ہے۔