سنن ابن ماجه
كتاب التجارات— کتاب: تجارت کے احکام و مسائل
بَابُ : مَنْ كَرِهَ أَنْ يُسَعِّرَ باب: قیمت مقرر کرنے کی کراہت کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ زِيَادٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْأَعْلَى ، حَدَّثَنَا سَعِيدٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ أَبِي نَضْرَةَ ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ ، قَالَ : غَلَا السِّعْرُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالُوا : لَوْ قَوَّمْتَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، قَالَ : " إِنِّي لَأَرْجُو ، أَنْ أُفَارِقَكُمْ وَلَا يَطْلُبَنِي أَحَدٌ مِنْكُمْ بِمَظْلَمَةٍ ظَلَمْتُهُ " .
´ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں مہنگائی بڑھ گئی ، تو لوگوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! اگر آپ نرخ مقرر کر دیں تو اچھا رہے گا ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میری خواہش ہے کہ میں تم سے اس حال میں جدا ہوں کہ کوئی مجھ سے کسی زیادتی کا جو میں نے اس پر کی ہو مطالبہ کرنے والا نہ ہو “ ۔
حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ مبارک میں بھاؤ چڑھ گئے تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ”اللہ کے رسول ﷺ! کاش آپ قیمتیں مقرر فرما دیتے۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”مجھے امید ہے کہ میں تم سے جدا ہوں گا تو کوئی شخص مجھ سے کسی ظلم کی تلافی کا طلب گار نہیں ہو گا، جو ظلم میں نے اس پر کیا ہو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں مہنگائی بڑھ گئی، تو لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! اگر آپ نرخ مقرر کر دیں تو اچھا رہے گا! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میری خواہش ہے کہ میں تم سے اس حال میں جدا ہوں کہ کوئی مجھ سے کسی زیادتی کا جو میں نے اس پر کی ہو مطالبہ کرنے والا نہ ہو۔" [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2201]
فوائد و مسائل:
(1)
تجارت کے معاملات طلب و رسد کے قوانین معیشت کے مطابق خود کار طریقے سے چلتے رہنا ملکی معیشت کے لیے مفید ہے۔
حکومت کو ان میں دخل اندازی سے اجتناب کرنا چاہیے۔
(2)
اگر تاجر ناجائز طور پر زیادہ منافع کے لالچ میں عوام کی ضروریات کا خیال نہ رکھیں تو حکومت سرکاری گوداموں سے سستا غلہ فراہم کرکے اس کا توڑ کر سکتی ہے۔
(3)
حکومت کو چاہیے کہ تاجروں کے حقوق کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کا بھی خیال رکھے۔
جب ایک علاقے میں ضروریات کی کسی چیز کی کمی ہو جائے تو دوسرے علاقے سے لا کر وہاں مہیا کی جائے۔
(4)
تاجروں کو چاہیے زیادہ نفع کے لالچ میں عوام پر ظلم نہ کریں۔