سنن ابن ماجه
كتاب التجارات— کتاب: تجارت کے احکام و مسائل
بَابُ : بَيْعِ الْخِيَارِ باب: اختیاری خریداری کا بیان۔
حَدَّثَنَا حَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى ، وَأَحْمَدُ بْنُ عِيسَى ، الْمِصْرِيَّانِ قَالَا : حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي ابْنُ جُرَيْجٍ ، عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : اشْتَرَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ رَجُلٍ مِنَ الْأَعْرَابِ حِمْلَ خَبَطٍ ، فَلَمَّا وَجَبَ الْبَيْعُ ، قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " اخْتَرْ " ، فَقَالَ الْأَعْرَابِيُّ : عَمْرَكَ اللَّهَ بَيِّعًا .
´جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اعرابی ( دیہاتی ) سے ایک بوجھ چارا خریدا ، پھر جب بیع مکمل ہو گئی ، تو آپ نے اس سے فرمایا : ” تجھ کو اختیار ہے “ ( بیع کو باقی رکھ یا منسوخ کر دے ) تو دیہاتی نے کہا : اللہ آپ کی عمردراز کرے میں بیع کو باقی رکھتا ہوں ۱؎ ۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”رسول اللہ ﷺ نے ایک اعرابی سے درختوں کے پتوں کی ایک گٹھڑی خریدی۔ جب بیع ہو چکی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تجھے اختیار ہے (بیع کو قائم رکھے یا فسخ کر دے)۔“ اعرابی نے کہا: ”اللہ آپ جیسے سودا کرنے والے کو لمبی عمر دے۔““
تشریح، فوائد و مسائل
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اعرابی (دیہاتی) سے ایک بوجھ چارا خریدا، پھر جب بیع مکمل ہو گئی، تو آپ نے اس سے فرمایا: " تجھ کو اختیار ہے " (بیع کو باقی رکھ یا منسوخ کر دے) تو دیہاتی نے کہا: اللہ آپ کی عمردراز کرے میں بیع کو باقی رکھتا ہوں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2184]
فوائد و مسائل:
(1)
حِمل (گٹھڑی یا گٹھڑ)
سے مراد کسی چیز کی وہ مقدار ہے جو آدمی ایک بار سر پر یا کمر پر اٹھا سکے۔
(2)
خَبَط سے مراد درختوں کے وہ پتے ہیں جو ڈنڈے وغیرہ سے جھاڑے جاتے ہیں۔
یہ جانورں کے چارے کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
(3)
کسی چیز کے ڈھیر یا گٹھڑی کو ماپے تولے بغیر خریدنا اور بیچنا جائز ہے۔
کیونکہ وزن یا مقدار کا اندازہ دیکھ کر ہو جاتا ہے۔
(4)
خیار مجلس کا حق جس طرح خریدنے والے کو حاصل ہوتا ہے اسی طرح بیچنے والے کو بھی حاصل ہوتا ہے۔
(5)
کسی کو اس کے فائدے کی صورت کا مشورہ دینا مسلمان کی خیر خواہی میں شامل ہے، خاص طور پر جب کہ اسے مسئلہ معلوم نہ ہو۔
(6)
احسان کرنے والےکے حق میں دعائے خیر کرنا اخلاقی فرض ہے۔
(7)
یہ روایت بعض محققین کے نزدیک حسن ہے۔ دیکھیے: (صحیح سنن ابن ماجة للألبانی، رقم 1791، وسنن ابن ماجة بتحقیق محمد محمود حسن نصار، رقم: 2184)