حدیث نمبر: 2184
حَدَّثَنَا حَرْمَلَةُ بْنُ يَحْيَى ، وَأَحْمَدُ بْنُ عِيسَى ، الْمِصْرِيَّانِ قَالَا : حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنِي ابْنُ جُرَيْجٍ ، عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ : اشْتَرَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ رَجُلٍ مِنَ الْأَعْرَابِ حِمْلَ خَبَطٍ ، فَلَمَّا وَجَبَ الْبَيْعُ ، قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " اخْتَرْ " ، فَقَالَ الْأَعْرَابِيُّ : عَمْرَكَ اللَّهَ بَيِّعًا .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اعرابی ( دیہاتی ) سے ایک بوجھ چارا خریدا ، پھر جب بیع مکمل ہو گئی ، تو آپ نے اس سے فرمایا : ” تجھ کو اختیار ہے “ ( بیع کو باقی رکھ یا منسوخ کر دے ) تو دیہاتی نے کہا : اللہ آپ کی عمردراز کرے میں بیع کو باقی رکھتا ہوں ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: ایسی صورت میں جب طرفین بیع کو اختیار کر لیں تو خیار مجلس باقی نہ رہے گا، جیسے اوپر کی حدیث میں گزرا۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب التجارات / حدیث: 2184
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, ترمذي (1249), انوار الصحيفه، صفحه نمبر 457
تخریج حدیث « سنن الترمذی/البیوع 27 ( 1249 ) ، ( تحفة الأشراف : 2834 ) ( حسن ) »

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´اختیاری خریداری کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اعرابی (دیہاتی) سے ایک بوجھ چارا خریدا، پھر جب بیع مکمل ہو گئی، تو آپ نے اس سے فرمایا: تجھ کو اختیار ہے (بیع کو باقی رکھ یا منسوخ کر دے) تو دیہاتی نے کہا: اللہ آپ کی عمردراز کرے میں بیع کو باقی رکھتا ہوں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2184]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  حِمل (گٹھڑی یا گٹھڑ)
سے مراد کسی چیز کی وہ مقدار ہے جو آدمی ایک بار سر پر یا کمر پر اٹھا سکے۔

(2)
  خَبَط سے مراد درختوں کے وہ پتے ہیں جو ڈنڈے وغیرہ سے جھاڑے جاتے ہیں۔
یہ جانورں کے چارے کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

(3)
  کسی چیز کے ڈھیر یا گٹھڑی کو ماپے تولے بغیر خریدنا اور بیچنا جائز ہے۔
کیونکہ وزن یا مقدار کا اندازہ دیکھ کر ہو جاتا ہے۔

(4)
  خیار مجلس کا حق جس طرح خریدنے والے کو حاصل ہوتا ہے اسی طرح بیچنے والے کو بھی حاصل ہوتا ہے۔

(5)
  کسی کو اس کے فائدے کی صورت کا مشورہ دینا مسلمان کی خیر خواہی میں شامل ہے، خاص طور پر جب کہ اسے مسئلہ معلوم نہ ہو۔

(6)
  احسان کرنے والےکے حق میں دعائے خیر کرنا اخلاقی فرض ہے۔

(7)
  یہ روایت بعض محققین کے نزدیک حسن ہے۔ دیکھیے: (صحیح سنن ابن ماجة للألبانی، رقم 1791، وسنن ابن ماجة بتحقیق محمد محمود حسن نصار، رقم: 2184)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2184 سے ماخوذ ہے۔