حدیث نمبر: 2048
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ سَعِيدٍ الدَّارِمِيُّ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ الْحُسَيْنِ بْنِ وَاقِدٍ ، حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ سَعْدٍ ، عَنْ الزُّهْرِيِّ ، عَنْ عُرْوَةَ ، عَنْ الْمِسْوَرِ بْنِ مَخْرَمَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " لَا طَلَاقَ قَبْلَ نِكَاحٍ وَلَا عِتْقَ قَبْلَ مِلْكٍ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” نکاح سے پہلے طلاق نہیں ، اور ملکیت سے پہلے آزادی نہیں “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الطلاق / حدیث: 2048
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح , شیخ زبیر علی زئی: حسن
تخریج حدیث « تفرد بہ ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 11277 ، ومصباح الزجاجة : 723 ) ( حسن صحیح ) » ( سند میں ہشام بن سعد ضعیف راوی ہیں ، اور علی بن الحسین مختلف فیہ ، لیکن شواہد کی بناء پر یہ حدیث صحیح ہے ، نیز ملاحظہ ہو : الإرواء : 7/ 152 )
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : بلوغ المرام: 925

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 925 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´طلاق کا بیان`
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " نہیں طلاق، مگر نکاح کے بعد اور اسی طرح آزادی نہیں مگر ملکیت کے بعد۔ " اسے ابو یعلیٰ نے روایت کیا ہے اور حاکم نے اسے صحیح کہا ہے حالانکہ یہ معلول ہے اور ابن ماجہ نے سیدنا مسور بن مخرمہ کے واسطہ سے اسی جیسی ایک حدیث روایت کی ہے کہ جس کی اسناد تو اچھی ہیں لیکن وہ بھی معلول ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 925»
تخریج:
«أخرجه أبويعلي: لم أجده، والحاكم:2 /420، وللحديث شواهد، وحديث المسور بن مخرمة: أخرجه ابن ماجه، الطلاق، حديث:2048 وهو حديث حسن.»
تشریح: 1. یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ آدمی نے جب طلاق اور آزادی کو معلق کیا‘ مثلاً: یوں کہا کہ وہ عورت جس سے میں نکاح کروں گااسے طلاق ہے یا یوں کہے کہ ہر وہ غلام جسے میں خریدوں گا وہ آزاد ہے تو نکاح کر لینے اور غلام خرید لینے کے بعد اس پر عمل نہیں کیا جائے گا‘ یعنی نکاح کے بعد عورت پر طلاق واقع نہیں ہوگی اور خریدنے کے بعد غلام بھی آزاد نہیں ہوگا بلکہ اس کا یہ قول لغو اور ضائع ہو گا۔
2.اس مسئلے کی بے شمار صورتیں ہیں‘ یہ حدیث مطلقاً تمام صورتوں کو شامل ہے۔
اسے عام رکھا جائے گا اور مختلف احوال میں فرق نہیں کیا جائے گا۔
3. یہ مسئلہ ان اختلافی مسائل میں سے ہے جو مشہور و معروف ہیں۔
جمہور تو کہتے ہیں کہ یہ طلاق اورآزادی قطعاً واقع نہیں ہوگی جبکہ احناف کہتے ہیں کہ بہرنوع یہ واقع ہو جائے گی۔
اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس میں تفصیل ہے اور مختلف احوال کے لحاظ سے فرق ہے‘ چنانچہ اگر کسی عورت کا نام لیا گیا ہو یا کسی گروہ ‘قبیلے‘ جگہ یا وقت کی تعیین کی جائے تو طلاق اور آزادی واقع ہو جائے گی۔
اگر یہ صورت نہ ہو تو پھر نہیں۔
لیکن ظاہر یہ ہے کہ ایسی صورت میں طلاق ہر گز واقع نہیں ہوگی جیسا کہ پہلے ذکر ہو چکا ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 925 سے ماخوذ ہے۔