سنن ابن ماجہ — حدیث نمبر 1611
باب: میت کے گھر والوں کے یہاں کھانا بھیجنے کا بیان۔
بَابُ : مَا جَاءَ فِي الطَّعَامِ يُبْعَثُ إِلَى أَهْلِ الْمَيِّتِ
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ خَلَفٍ أَبُو سَلَمَةَ ، قَالَ : حَدَّثَنَا عَبْدُ الْأَعْلَى ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاق ، حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، عَنْ أُمِّ عِيسَى الْجَزَّارِ ، قَالَتْ : حَدَّثَتْنِي أُمُّ عَوْنٍ ابْنَةُ مُحَمَّدِ بْنِ جَعْفَرٍ ، عَنْ جَدَّتِهَا أَسْمَاءَ بِنْتِ عُمَيْسٍ ، قَالَتْ : لَمَّا أُصِيبَ جَعْفَرٌ رَجَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى أَهْلِهِ ، فَقَالَ : " إِنَّ آلَ جَعْفَرٍ قَدْ شُغِلُوا بِشَأْنِ مَيِّتِهِمْ ، فَاصْنَعُوا لَهُمْ طَعَامًا " ، قَالَ عَبْدُ اللَّهِ : فَمَا زَالَتْ سُنَّةً حَتَّى كَانَ حَدِيثًا فَتُرِكَ .
´اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` جب جعفر رضی اللہ عنہ قتل کر دئیے گئے ، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر والوں کے پاس آئے ، اور فرمایا : ” جعفر کے گھر والے اپنی میت کے مسئلہ میں مشغول ہیں ، لہٰذا تم لوگ ان کے لیے کھانا بناؤ “ ۔ عبداللہ بن ابی بکر نے کہا کہ یہ طریقہ برابر چلا آ رہا تھا یہاں تک کہ اس میں بدعت آ داخل ہوئی ، تو اسے چھوڑ دیا گیا ۱؎ ۔
حضرت اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب جعفر رضی اللہ عنہ شہید ہوئے تو رسول اللہ ﷺ اپنے گھر والوں کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا: ”جعفر رضی اللہ عنہ کے گھر والے مرحوم کی وجہ سے مشغول ہیں (غم کی وجہ سے کھانا وغیرہ تیار کرنے کی طرف توجہ نہیں کر سکتے) تم لوگ ان کے لیے کھانا تیار کرو۔“ عبداللہ بن ابی بکر رحمہ اللہ نے فرمایا: یہ طریقہ جاری رہا حتی کہ وہ فخر ومباہات اور شہرت کا سبب بن گیا، چنانچہ اسے ترک کر دیا گیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ جب جعفر رضی اللہ عنہ قتل کر دئیے گئے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر والوں کے پاس آئے، اور فرمایا: " جعفر کے گھر والے اپنی میت کے مسئلہ میں مشغول ہیں، لہٰذا تم لوگ ان کے لیے کھانا بناؤ۔" عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا کہ یہ طریقہ برابر چلا آ رہا تھا یہاں تک کہ اس میں بدعت آ داخل ہوئی، تو اسے چھوڑ دیا گیا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1611]
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔
اور مزید لکھا ہے کہ گزشتہ روایت اس سے کفایت کرتی ہے۔
غالباً اسی وجہ سے دیگر محققین نے اسے حسن قرار دیا ہے۔
(2)
میت کے گھر والوں کے لئے کھانا تیار کرنا اور انھیں کھلانا چاہیے۔
(3)
یہ کھانا درمیانے درجے کا ہونا چاہیے۔
جیسا کھانا کوئی شخص اپن معمول کے مطابق تیار کرتا ہے۔
ویسا ہی تیار کروا کر میت والوں کےہاں بھیج دینا چاہیے۔
اس میں تکلف کرنے اور دوسروں سے مقابلہ اور فخر کی کیفیت پیدا کرنے سے اصل مقصد فوت ہوجاتا ہے۔