حدیث نمبر: 154
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ بْنُ عَبْدِ الْمَجِيدِ ، حَدَّثَنَا خَالِدٌ الْحَذَّاءُ ، عَنْ أَبِي قِلَابَةَ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، أَنَّ ّرَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " أَرْحَمُ أُمَّتِي بِأُمَّتِي أَبُو بَكْرٍ ، وَأَشَدُّهُمْ فِي دِينِ اللَّهِ عُمَرُ ، وَأَصْدَقُهُمْ حَيَاءً عُثْمَانُ ، وَأَقْضَاهُمْ عَلِيُّ بْنُ أَبِي طَالِبٍ ، وَأَقْرَؤُهُمْ لِكِتَابِ اللَّهِ أُبَيُّ بْنُ كَعْبٍ ، وَأَعْلَمُهُمْ بِالْحَلَالِ وَالْحَرَامِ مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ ، وَأَفْرَضُهُمْ زَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ ، أَلَا وَإِنَّ لِكُلِّ أُمَّةٍ أَمِينًا ، وَأَمِينُ هَذِهِ الْأُمَّةِ أَبُو عُبَيْدَةَ بْنُ الْجَرَّاحِ " ،
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میری امت میں سب سے زیادہ میری امت پر رحم کرنے والے ابوبکر ہیں ، اللہ کے دین میں سب سے زیادہ سخت اور مضبوط عمر ہیں ، حیاء میں سب سے زیادہ حیاء والے عثمان ہیں ، سب سے بہتر قاضی علی بن ابی طالب ہیں ، سب سے بہتر قاری ابی بن کعب ہیں ، سب سے زیادہ حلال و حرام کے جاننے والے معاذ بن جبل ہیں ، اور سب سے زیادہ فرائض ( میراث تقسیم ) کے جاننے والے زید بن ثابت ہیں ، سنو ! ہر امت کا ایک امین ہوا کرتا ہے ، اور اس امت کے امین ابوعبیدہ بن جراح ہیں “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: اس حدیث سے ان آٹھوں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی فضیلت معلوم ہوئی، اور یہ بھی معلوم ہوا کہ ہر ایک میں قابل تعریف صفات موجود تھیں، مگر بعض کمالات ہر ایک میں بدرجہ أتم موجود تھے، اگرچہ وہ صفتیں اوروں میں بھی تھیں، اس لئے ہر ایک کو ایک صفت سے جو اس میں بدرجہ کمال موجود تھی یاد فرمایا۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم / حدیث: 154
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث «سنن الترمذی/المناقب 33 ( 3791 ) ، ( تحفة الأشراف : 952 ) ، وقد أخرجہ : صحیح البخاری/المناقب 21 ( 3744 ) ، صحیح مسلم/فضائل الصحابة 7 ( 2419 ) ، مسند احمد ( 3/184 ، 281 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 3790 | سنن ترمذي: 3791 | بلوغ المرام: 817 | معجم صغير للطبراني: 876

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3790 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´معاذ بن جبل، زید بن ثابت، ابی بن کعب اور ابوعبیدہ بن جراح رضی الله عنہم کے مناقب کا بیان`
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت میں سب سے زیادہ میری امت پر رحم کرنے والے ابوبکر ہیں اور اللہ کے معاملہ میں سب سے زیادہ سخت عمر ہیں، اور سب سے زیادہ سچی حیاء والے عثمان بن عفان ہیں، اور حلال و حرام کے سب سے بڑے جانکار معاذ بن جبل ہیں، اور فرائض (میراث) کے سب سے زیادہ جاننے والے زید بن ثابت ہیں، اور سب سے بڑے قاری ابی بن کعب ہیں، اور ہر امت میں ایک امین ہوتا ہے اور اس امت کے امین ابوعبیدہ بن جراح ہیں ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3790]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
أمین یوں تو سارے صحابہ تھے، مگر ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ اس بات میں ممتاز تھے، اس لیے ان کو (اَمِیْنُ الْاُمَّة) (آج کل کی اصطلاح میں پوری اُمّت کا جنرل سیکریٹری) کا لقب دیا، اسی طرح بہت ساری اچھی صفات میں بہت سے صحابہ مشترک ہیں مگر کسی کسی کی خاص خصوصیت ہے کہ جس کی وجہ سے آپﷺ نے ان کواس صفت میں ممتا ز قرار دیا، جیسے حیاء میں عثمان، قضاء میں علی، میراث میں زید بن ثابت اور قراء ت میں ابی بن کعب، و غیرہم رضی اللہ عنہم، (دیکھئے اگلی حدیث)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3790 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 817 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´فرائض (وراثت) کا بیان`
سیدنا ابوقلابہ نے سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سب سے زیادہ میراث کو جاننے والا زید بن ثابت ہے۔ اس حدیث کو احمد اور چاروں نے ماسوا ابوداؤد کے روایت کیا ہے۔ ترمذی، ابن حبان اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے لیکن اسے مرسل ہونے کی بنا پر معلول قرار دیا گیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 817»
تخریج:
«أخرجه الترمذي، المناقب، باب مناقب معاذ بن جبل، حديث:3790، 3791، وابن ماجه، المقدمة، حديث:154، والنسائي في الكبرٰي:5 /78، حديث:8287.»
تشریح: یہ دراصل ایک لمبی حدیث کا ٹکڑا ہے۔
مکمل روایت یوں ہے‘ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میری امت میں سے امت پر سب سے زیادہ رحم دل اور شفیق انسان ابوبکر (رضی اللہ عنہ) ہیں ‘ دین کے معاملے میں سب سے زیادہ سخت عمر(رضی اللہ عنہ)‘ سب سے زیادہ حیا دار عثمان بن عفان (رضی اللہ عنہ)‘ سب سے بہتر فیصلے کرنے والے علی بن ابی طالب (رضی اللہ عنہ)‘ کتاب اللہ کے سب سے اچھے قاری اُبی بن کعب (رضی اللہ عنہ)‘ حلال و حرام کا سب سے زیادہ علم رکھنے والے معاذ بن جبل (رضی اللہ عنہ) اور علم میراث کے سب سے زیادہ ماہر زید بن ثابت (رضی اللہ عنہ) ہیں۔
‘‘ یہی وجہ ہے کہ علمائے اسلام نے میراث کے اختلافی مسائل میں عموماً حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کی رائے قابل ترجیح قرار دی ہے۔

راویٔ حدیث:
«حضرت ابوقلابہ رحمہ اللہ» قلابہ میں ’’قاف‘‘ کے نیچے کسرہ اور ’’لام‘‘ مخفف ہے۔
ان کا نام عبداللہ بن زید بن عمرو یا عامر جرمی بصری ہے۔
جلیل القدر تابعی‘ ثقہ اور فاضل آدمی ہیں۔
ان کی اکثر روایات میں ارسال ہوتا ہے۔
کتب ستہ کے راویوں میں سے ہیں۔
منصب قضا کو چھوڑ کر شام جاکر مقیم ہو گئے اور وہاں ۱۰۴ یا ۱۰۶ یا ۱۰۷ ہجری میں فوت ہوئے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 817 سے ماخوذ ہے۔