سنن ابن ماجہ — حدیث نمبر 1367
باب: رات کا کون سا وقت (عبادت کے لیے) سب سے اچھا ہے؟
. بَابُ : مَا جَاءَ فِي أَيِّ سَاعَاتِ اللَّيْلِ أَفْضَلُ
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُصْعَبٍ ، عَنْ الْأَوْزَاعِيِّ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ ، عَنْ هِلَالِ بْنِ أَبِي مَيْمُونَةَ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ رِفَاعَةَ الْجُهَنِيِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ اللَّهَ يُمْهِلُ حَتَّى إِذَا ذَهَبَ مِنَ اللَّيْلِ نِصْفُهُ أَوْ ثُلُثَاهُ ، قَالَ : " لَا يَسْأَلَنَّ عِبَادِي غَيْرِي ، مَنْ يَدْعُنِي أَسْتَجِبْ لَهُ ، مَنْ يَسْأَلْنِي أُعْطِهِ ، مَنْ يَسْتَغْفِرْنِي أَغْفِرْ لَهُ " ، حَتَّى يَطْلُعَ الْفَجْرُ .
´رفاعہ جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” بیشک اللہ مہلت دیتا ہے ( اپنے بندوں کو کہ وہ سوئیں اور آرام کریں ) یہاں تک کہ جب رات کا آدھا یا اس کا دو تہائی حصہ گزر جاتا ہے ، تو فرماتا ہے : میرے بندے ! میرے سوا کسی سے ہرگز نہ مانگیں ، جو کوئی مجھے پکارے گا میں اس کی دعا قبول کروں گا ، جو مجھ سے سوال کرے گا میں اسے دوں گا ، جو مجھ سے مغفرت چاہے گا ، میں اسے بخش دوں گا ، طلوع فجر تک یہی حال رہتا ہے “ ۱؎ ۔
حضرت رفاعہ ( بن عرابہ) جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ مہلت دیتا ہے حتی کہ جب آدھی یا دو تہائی رات گزر جاتی ہے تو فرماتا ہے: میرے بندوں کو میرے سوا کسی سے ہرگز نہیں مانگنا چاہیے۔ جو مجھے پکارے گا، میں اس کی دعا قبول کروں گا۔ جو مجھ سے مانگے گا میں اسے دوں گا۔ جو مجھ سے بخشش مانگے گا میں اسے بخش دوں گا۔“ (یہ کیفیت مسلسل جاری رہتی ہے حتی کہ صبح صادق طلوع ہوجاتی ہے۔)
تشریح، فوائد و مسائل
رفاعہ جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " بیشک اللہ مہلت دیتا ہے (اپنے بندوں کو کہ وہ سوئیں اور آرام کریں) یہاں تک کہ جب رات کا آدھا یا اس کا دو تہائی حصہ گزر جاتا ہے، تو فرماتا ہے: میرے بندے! میرے سوا کسی سے ہرگز نہ مانگیں، جو کوئی مجھے پکارے گا میں اس کی دعا قبول کروں گا، جو مجھ سے سوال کرے گا میں اسے دوں گا، جو مجھ سے مغفرت چاہے گا، میں اسے بخش دوں گا، طلوع فجر تک یہی حال رہتا ہے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1367]
فوائد و مسائل: 1۔
مہلت دینے کا مطلب یہ ہے کہ بندوں کوسونے اور آرام کرنے کاوقت دیتا ہے بندوں سے چوبیس گھنٹے عبادت میں مشغول رہنے کا مطالبہ نہیں کرتا۔
یا یہ مطلب ہے کہ حدیث میں مذکور ندا ایک خاص وقت کے بعد شروع ہوتی ہے۔
(2)
آدھی رات یا تہائی رات باقی ہوتو اٹھ کر تہجد پڑھنا اور دعا کرنا ابتدائی رات میں تہجد پڑھنے اور دعا کرنے سے افضل ہے۔
البتہ جس شخص کو یہ خطرہ ہو وہ افضل وقت میں بیدار نہیں ہوسکے گا۔
وہ عشاء کے بعد ہی تہجد وغیرہ ادا کرسکتا ہے۔
تاکہ ثواب سے بالکل محروم نہ رہ جائے۔
(3)
بندوں کو اپنی اُمید اور خوف کا مرکز صرف اللہ کی ذات کو بنانا چاہیے۔
کیونکہ جو راحت یا تکلیف مخلوق کے ہاتھ سے پہنچتی ہے۔
وہ بھی اللہ کی رحمت اور حکمت کی بنیاد پر اسی کے حکم سے پہنچتی ہے۔
(4)
رات کی نفلی عبادت دن کی نفلی عبادت سےافضل ہے۔