سنن ابن ماجه
باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم— رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے فضائل و مناقب
بَابُ : فَضْلِ الزُّبَيْرِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ باب: زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ کے مناقب و فضائل۔
حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ عَمَّارٍ ، وَهَدِيَّةُ بْنُ عَبْدِ الْوَهَّابِ ، قَالَا : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : قَالَتْ عَائِشَةُ : " يَا عُرْوَةُ كَانَ أَبَوَاكَ مِنْ الَّذِينَ اسْتَجَابُوا لِلَّهِ وَالرَّسُولِ مِنْ بَعْدِ مَا أَصَابَهُمُ الْقَرْحُ سورة آل عمران آية 172 : أَبُو بَكْرٍ وَالزُّبَيْرُ " .
´عروہ کہتے ہیں کہ` مجھ سے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا : عروہ ! تمہارے نانا ( ابوبکر ) اور والد ( زبیر ) ان لوگوں میں سے ہیں جن کے بارے میں یہ آیت کریمہ نازل ہوئی : «الذين استجابوا لله والرسول من بعد ما أصابهم القرح» ” جن لوگوں نے زخمی ہونے کے باوجود اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیک کہا ” ( سورة آل عمران : 172 ) ، یعنی ابوبکر اور زبیر بن عوام رضی اللہ عنہما ۔
حضرت عروہ رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے فرمایا: ”عروہ! تمہارے والد اور نانا ان لوگوں میں شامل ہیں، ﴿الَّذِينَ اسْتَجَابُوا لِلَّهِ وَالرَّسُولِ مِنْ بَعْدِ مَا أَصَابَهُمُ الْقَرْحُ﴾ [سورة آل عمران: 172] ”جنہوں نے زخمی ہونے کے بعد بھی اللہ اور اس کے رسول کے حکم کی تعمیل کی“، یعنی ابوبکر اور زبیر رضی اللہ عنہما۔“
تشریح، فوائد و مسائل
عروہ کہتے ہیں کہ مجھ سے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: عروہ! تمہارے نانا (ابوبکر) اور والد (زبیر) ان لوگوں میں سے ہیں جن کے بارے میں یہ آیت کریمہ نازل ہوئی: «الذين استجابوا لله والرسول من بعد ما أصابهم القرح» " جن لوگوں نے زخمی ہونے کے باوجود اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیک کہا " (سورة آل عمران: 172)، یعنی ابوبکر اور زبیر بن عوام رضی اللہ عنہما۔ [سنن ابن ماجه/باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 124]
اس حدیث سے قرآن مجید کی اس آیت مبارکہ کی طرف اشارہ ہے: ﴿الَّذينَ استَجابوا لِلَّهِ وَالرَّسولِ مِن بَعدِ ما أَصابَهُمُ القَرحُ لِلَّذينَ أَحسَنوا مِنهُم وَاتَّقَوا أَجرٌ عَظيمٌ﴾ (آل عمران: 172)
’’جن لوگوں نے اللہ اور اس کے رسول کے حکم کو قبول کیا، اس کے بعد کہ انہیں زخم لگ چکے تھے، ان میں سے جنہوں نے نیکی کی اور پرہیز گاری اختیار کی، ان کے لیے بہت زیادہ اجر ہے۔‘‘
(2)
اس آیت میں غزوہ احد کے بعد کے حالات کی طرف اشارہ ہے۔
مشرکین جب واپس ہوئے تو راستے میں انہیں خیال آیا کہ ہم نے مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کا موقع گنوا دیا ہے، چنانچہ انہوں نے واپس پلٹ کر حملہ کرنے کا ارادہ کیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی یہ خطرہ محسوس کیا کہ مکی لشکر دوبارہ حملہ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، چنانچہ آپ نے اعلان فرما دیا کہ جنگ احد میں حصہ لینے والے تمام مجاہد دوبارہ کوچ کریں۔
آپ نے آٹھ میل دور حمراء الاسد تک تعاقب کیا، جب مشرکین کو یہ خبر پہنچی تو وہ مرعوب ہو گئے اور مدینہ پر حملہ کیے بغیر واپس چلے گئے۔ (دیکھیے: الرحیق المختوم، ص: 386)
(3)
حضرت عروہ بن زبیر ؓ، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے بھانجے ہیں۔
ان کی والدہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا ہیں۔
اس طرح حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ ان کے نانا اور حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ ان کے والد ہوئے۔