حدیث نمبر: 112
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، حَدَّثَنَا الْفَرَجُ بْنُ فَضَالَةَ ، عَنْ رَبِيعَةَ بْنِ يَزِيدَ الدِّمَشْقِيِّ ، عَنْ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيرٍ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " يَا عُثْمَانُ إِنْ وَلَّاكَ اللَّهُ هَذَا الْأَمْرَ يَوْمًا ، فَأَرَادَكَ الْمُنَافِقُونَ أَنْ تَخْلَعَ قَمِيصَكَ الَّذِي قَمَّصَكَ اللَّهُ ، فَلَا تَخْلَعْهُ " ، يَقُولُ : ذَلِكَ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ ، قَالَ النُّعْمَانُ : فَقُلْتُ لِعَائِشَةَ : مَا مَنَعَكِ أَنْ تُعْلِمِي النَّاسَ بِهَذَا ؟ قَالَتْ : أُنْسِيتُهُ وَاللَّهِ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اے عثمان ! اگر اللہ تعالیٰ کبھی تمہیں اس امر یعنی خلافت کا والی بنائے ، اور منافقین تمہاری وہ قمیص اتارنا چاہیں جو اللہ تعالیٰ نے تمہیں پہنائی ہے ، تو اسے مت اتارنا “ ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات تین بار فرمائی ۔ نعمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : میں نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا : پھر آپ نے یہ بات لوگوں کو بتائی کیوں نہیں ؟ تو وہ بولیں : میں اسے بھلا دی گئی تھی ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: قمیص سے مراد خلافت ہے، ظاہر ہے عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت صحیح تھی، مخالفین ظلم، نفاق اور ہٹ دھرمی کا شکار تھے، ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا بھی یہ حدیث بمنشا الہٰی بھول گئی تھیں، بعد میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کی بات یاد آ گئی۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم / حدیث: 112
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, مسند احمد (6/ 86، 87 ح 24566 وسنده صحيح)
تخریج حدیث « تفرد ابن ماجہ ، ( تحفة الأشراف : 17675 ، ومصباح الزجاجة : 46 ) ، وقد أخرجہ : سنن الترمذی/المناقب 19 ( 3705 ) ، مسند احمد ( 6/149 ) ( صحیح ) ( امام ترمذی نے ربیعہ بن یزید اور نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کے درمیان عبد اللہ بن عامر الیحصبی کا ذکر کیا ہے ، ابن حجر نے تہذیب التہذیب میں اسی کو صحیح قرار دیا ہے ، ملاحظہ ہو : 3/264 ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 3705

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے عثمان! اگر اللہ تعالیٰ کبھی تمہیں اس امر یعنی خلافت کا والی بنائے، اور منافقین تمہاری وہ قمیص اتارنا چاہیں جو اللہ تعالیٰ نے تمہیں پہنائی ہے، تو اسے مت اتارنا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات تین بار فرمائی۔ نعمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا: پھر آپ نے یہ بات لوگوں کو بتائی کیوں نہیں؟ تو وہ بولیں: میں اسے بھلا دی گئی تھی ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/باب فى فضائل اصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 112]
اردو حاشہ: (1)
اس میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو ابتللا پیش آنے کی خبر ہے۔
جو اسی طرح پیش آئی جیسے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا۔
یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی دلیل ہے۔

(2)
اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ خلیفہ برحق تھے۔

(3)
ملک کا حکمران جب نظم و نسق سنبھالے ہوئے ہو، تو معمولی حیلے بہانوں سے اس کے خلاف تحریک چلا کر فتنہ و فساد برپا کرنا درست نہیں۔
اِلَّا یہ کہ وہ کفر و شرک کو تقویت دینے اور اسلام کے ضعف جیسے جرائم کا مرتکب ہو۔

(4)
اس میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے مخالفین کے منافق ہونے کی صراحت ہے۔

(5)
راوی کا بعض احادیث میں غلطی کر جانا یا بھول جانا اسے ضعیف قرار دینے کے لیے کافی نہیں، خصوصاً جب کہ اسے بعد میں یاد آ جائے اور وہ اصلاح کر لے، البتہ جس شخص سے بکثرت غلطی ہوتی ہو، تو وہ حافظہ کی کمزوری کی وجہ سے ضعیف قرار پاتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 112 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3705 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´عثمان بن عفان رضی الله عنہ کے مناقب کا بیان`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے عثمان! شاید اللہ تمہیں کوئی کرتا ۱؎ پہنائے، اگر لوگ اسے اتارنا چاہیں تو تم اسے ان کے لیے نہ اتارنا ، اس میں حدیث ایک طویل قصہ ہے۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3705]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس کرتے سے مراد خلعت خلافت (خلافت کی چادر) ہے، مفہوم یہ ہے کہ اگر منافقین تمہیں خلافت سے دستبردار ہونے کو کہیں اور اس سے معزول کرنا چاہیں تو ایسا مت ہونے دینا کیوں کہ اس وقت تم حق پر قائم رہو گے اور دستبرداری کا مطالبہ کرنے والے باطل پر ہوں گے، اللہ کے رسولﷺ کے اسی فرمان کے پیش نظر عثمان رضی اللہ عنہ نے شہادت کا جام پی لیا۔
لیکن دستبردار نہیں ہوئے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3705 سے ماخوذ ہے۔