حدیث نمبر: 1052
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا قَرَأَ ابْنُ آدَمَ السَّجْدَةَ فَسَجَدَ ، اعْتَزَلَ الشَّيْطَانُ يَبْكِي ، يَقُولُ : يَا وَيْلَهُ أُمِرَ ابْنُ آدَمَ بِالسُّجُودِ ، فَسَجَدَ فَلَهُ الْجَنَّةُ ، وَأُمِرْتُ بِالسُّجُودِ ، فَأَبَيْتُ ، فَلِي النَّارُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب انسان آیت سجدہ تلاوت کرتا اور سجدہ کرتا ہے ، تو شیطان روتا ہوا الگ ہو جاتا ہے ، اور کہتا ہے : ہائے خرابی ! ابن آدم کو سجدہ کا حکم ہوا ، اس نے سجدہ کیا ، اب اس کے لیے جنت ہے ، اور مجھ کو سجدہ کا حکم ہوا ، میں نے انکار کیا ، میرے لیے جہنم ہے “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب إقامة الصلاة والسنة / حدیث: 1052
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «صحیح مسلم/الإیمان 35 ( 81 )، ( تحفة الأشراف: 12524 )، وقد أخرجہ: مسند احمد ( 3/443 ) ( صحیح )»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 81

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´قرآن کے سجدوں کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب انسان آیت سجدہ تلاوت کرتا اور سجدہ کرتا ہے، تو شیطان روتا ہوا الگ ہو جاتا ہے، اور کہتا ہے: ہائے خرابی! ابن آدم کو سجدہ کا حکم ہوا، اس نے سجدہ کیا، اب اس کے لیے جنت ہے، اور مجھ کو سجدہ کا حکم ہوا، میں نے انکار کیا، میرے لیے جہنم ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1052]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
سجدہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کا ایک عظیم عمل ہے۔
جس کا بہت زیادہ ثواب ہے۔
خواہ وہ فرض سجدہ ہوجیسے فرض اور نفل نمازوں کے سجدے یا نفل سجدہ ہوجیسے سجدہ شکر اورسجدہ تلاوت، رسول اللہﷺ نے حضرات ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا تھا۔
اللہ کوسجدے زیادہ کیا کر کیونکہ تو اللہ کےلئے جو سجدہ بھی کرے گا۔
اس کے بدلے اللہ تعالیٰ تیرادرجہ بلند کردے گا اور تیرا گناہ معاف کردے گا۔ (صحیح مسلم، الصلاۃ، باب فضل السجود والحث علیه، حدیث: 488)

(2)
سابقہ شریعتوں میں احترام کے طور پر کسی کو سجدہ کرنا جائز تھا شریعت محمدیہ میں سجدہ تعظیمی حرام ہے۔
حضرت آدم علیہ السلام کو فرشتوں کا سجدہ کرنا یا حضرت یوسف کو ان کے والدین اور بھائیوں کا سجدہ کرنا ہمارے لئے جواز کی دلیل نہیں بن سکتا۔
جسطرح شراب کی حرمت نازل ہونے سے پہلے صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین کی شراب نوشی سے اب شراب کے جواز کا ثبوت پیش نہیں کیا جا سکتا۔

(3)
اس حدیث سے سجدہ تلاوت کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے تاہم دوسرے دلائل سے معلوم ہوتا ہے۔
کہ سجدہ تلاوت واجب نہیں البتہ مستحب اور ثواب کا باعث یقیناً ہے۔
دیکھئے: (جامع ترمذي، الجمعة، باب ماجاء من لم یسجد فی، حدیث: 576)
 محض سستی کی وجہ سے ثواب حاصل کرنے کا یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1052 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 81 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جب ابنِ آدم (انسان) سجدہ کی آیت تلاوت کرکے سجدہ کرتا ہے، شیطان روتے ہوئے وہاں سے ہٹ جاتا ہے اور کہتا ہے ہائے اس کی ہلاکت۔‘‘ اور ابو کریب کی روایت میں ہے: ہائے میری تباہی! ابنِ آدم کو سجدہ کا حکم ملا، تو وہ سجدہ کر کے جنّت کا مستحق ٹھہرا اور مجھے سجدہ کا حکم ملا، تو میں انکار کر کے دوزخ کا حق دار ٹھہرا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:244]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
: وَيْلٌ: شر کا شکار ہونا، تباہی و بربادی۔
فوائد ومسائل:
سجدے کی آیت نماز یا نماز کے علاوہ پڑھنے پر جب بندہ سجدہ کرتا ہے تو اس وقت شیطان یہ کہتا ہے اور حدیث اور باب کے درمیان مطابقت ہے۔
اس طرح شیطان ایک سجدے کے انکار سے دوزخ کا حقدار ٹھہرا اور دوزخ کا حقدار کافرہی ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 81 سے ماخوذ ہے۔