صحیح ابن خزیمہ کا تعارف
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے اپنی کتاب کا نام مختصر المختصر من المسند الصحيح عن النبي ﷺ رکھا، اور اس کے پورے نام میں یہ وضاحت ہے کہ اس میں عادل راوی عادل راوی سے متصل سند کے ساتھ روایت کرتا ہے، نہ سند میں انقطاع ہے اور نہ راویوں پر جرح۔ یوں انہوں نے امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ کی طرح صرف صحیح احادیث جمع کرنے کا ارادہ کیا۔
یہ کتاب مکمل صورت میں ہم تک نہیں پہنچی۔ اس کا موجودہ حصہ عبادات پر مشتمل ہے، یعنی طہارت، نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کے ابواب۔ صحیح ابن خزیمہ کا تعارف اس پہلو کے بغیر ادھورا ہے کہ امام صاحب ہر باب کے عنوان میں فقہی مسئلہ واضح کرتے ہیں اور احادیث کے بعد اکثر اپنی فقہی اور حدیثی وضاحتیں بھی درج کرتے ہیں۔
ترتیب اور منہج
کتاب فقہی ابواب پر مرتب ہے اور اس کے ابواب کے عنوانات طویل اور تفصیلی ہیں، جن میں امام صاحب حدیث سے نکلنے والا حکم، مجمل کی تفسیر یا بظاہر متعارض روایات کی تطبیق بیان کرتے ہیں۔ وہ مختلف احادیث میں تطبیق دینے میں خاص مہارت رکھتے تھے۔
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ صحت کے معاملے میں بہت محتاط تھے۔ جس روایت کی سند میں انہیں معمولی سا بھی تردد ہوتا، اسے درج کرتے ہوئے إن صح الخبر جیسے الفاظ سے اپنے توقف کی طرف اشارہ کر دیتے۔ اسی لیے ان کی تصحیح کو محدثین نے وزن دیا، اگرچہ بعد کے علماء نے بعض روایات پر ان سے اختلاف بھی کیا ہے۔ صحیح ابن خزیمہ اردو ترجمہ محمد اجمل بھٹی حفظہ اللہ کا ہے۔
علماء کے ہاں مقام
محدثین نے صحیحین کے بعد صحیح مجرد کی کتابوں میں صحیح ابن خزیمہ کو پہلا درجہ دیا، پھر صحیح ابن حبان اور پھر امام حاکم کی مستدرک کو۔ امام سیوطی رحمہ اللہ نے تدریب الراوی میں لکھا کہ صحیح ابن خزیمہ، صحیح ابن حبان سے بلند درجہ ہے کیونکہ ابن خزیمہ تحقیق میں زیادہ سخت ہیں، یہاں تک کہ سند میں ادنیٰ کلام پر بھی تصحیح سے توقف کرتے ہیں۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے إتحاف المهرة میں جن دس کتابوں کے اطراف جمع کیے ان میں صحیح ابن خزیمہ بھی شامل ہے۔ دورِ حاضر میں ڈاکٹر محمد مصطفیٰ اعظمی رحمہ اللہ نے اس کا محقق ایڈیشن شائع کیا جس پر شیخ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ کی تعلیقات بھی ہیں۔