حدیث نمبر: 1322M
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ إِسْمَاعِيل، حَدَّثَنِي الْحَسَنُ بْنُ بِشْرٍ، حَدَّثَنَا شَرِيكٌ، عَنْ الْأَعْمَشِ، عَنْ سَعْدِ بْنِ عُبَيْدَةَ، عَنْ ابْنِ بُرَيْدَةَ، عَنْ أَبِيهِ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " الْقُضَاةُ ثَلَاثَةٌ : قَاضِيَانِ فِي النَّارِ ، وَقَاضٍ فِي الْجَنَّةِ ، رَجُلٌ قَضَى بِغَيْرِ الْحَقِّ ، فَعَلِمَ ذَاكَ ، فَذَاكَ فِي النَّارِ ، وَقَاضٍ لَا يَعْلَمُ فَأَهْلَكَ حُقُوقَ النَّاسِ ، فَهُوَ فِي النَّارِ ، وَقَاضٍ قَضَى بِالْحَقِّ فَذَلِكَ فِي الْجَنَّةِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´بریدہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” قاضی تین قسم کے ہوتے ہیں : دو جہنمی ، اور ایک جنتی ، ایک وہ جو جان بوجھ کرنا حق فیصلے کرے ، وہ جہنمی ہے ، دوسرا جو نہ جانتا ہو اور لوگوں کے حقوق برباد کر دے ، وہ بھی جہنمی ہے ، اور تیسرا وہ قاضی ہے جو حق کے ساتھ فیصلے کرے وہ جنتی ہے “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: اس سے معلوم ہوا کہ کسی جاہل کو قاضی بنانا درست نہیں۔
حوالہ حدیث سنن ترمذي / كتاب الأحكام عن رسول الله صلى الله عليه وسلم / حدیث: 1322M
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف تخريج المشكاة (3743 / التحقيق الثاني) ، التعليق الرغيب (2 / 132) ، التعليق على الأحاديث المختارة رقم (348 و 349) // ضعيف الجامع الصغير (5799) // , شیخ زبیر علی زئی: (2/1322) إسناده ضعيف / د 3573 جه 2315, الأعمش وشريك القاضي عنعنا (تقدما: 169، 112)
تخریج حدیث «سنن ابی داود/ الأقضیة 2 (3573) ، سنن ابن ماجہ/الأحکام 32 (2315) ، ( تحفة الأشراف : 1977-1977) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3573 | سنن ابن ماجه: 2315 | بلوغ المرام: 1188

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3573 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´قاضی (جج) سے فیصلہ میں غلطی ہو جائے تو کیسا ہے؟`
بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قاضی تین طرح کے ہوتے ہیں: ایک جنتی اور دو جہنمی، رہا جنتی تو وہ ایسا شخص ہو گا جس نے حق کو جانا اور اسی کے موافق فیصلہ کیا، اور وہ شخص جس نے حق کو جانا اور اپنے فیصلے میں ظلم کیا تو وہ جہنمی ہے۔‏‏‏‏ اور وہ شخص جس نے نادانی سے لوگوں کا فیصلہ کیا وہ بھی جہنمی ہے۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: یہ یعنی ابن بریدہ کی تین قاضیوں والی حدیث اس باب میں سب سے صحیح روایت ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الأقضية /حدیث: 3573]
فوائد ومسائل:
فائدہ: جانتے بوجھتے حق کے خلاف فیصلہ دینا اور جاہل ہوتے ہوئے لوگوں میں فیصلے کرنے بیٹھ جانا، دونوں صورتوں میں اپنے آپ کو جہنم میں جھونکنا ہے۔
لہذا واجب ہے کہ یہ منصب اصحاب علم اور اصحاب عزیمت ہی کے سپرد کیا جائے اور وہ بھی جرءت سے کام لیں اور جنت کے حقدار بنیں جبکہ ان لوگوں کے پس منظرمیں رہنے سے ظالم ظلم کرتے ہیں۔
اور جہالت کا غلبہ اور اس کی اشاعت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3573 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2315 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اجتہاد کر کے صحیح فیصلہ تک پہنچنے والے حاکم کے اجر و ثواب کا بیان۔`
ابوہاشم کہتے ہیں کہ اگر ابن بریدہ کی یہ روایت نہ ہوتی جو انہوں نے اپنے والد (بریدہ رضی اللہ عنہ) سے روایت کی ہے، اور وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قاضی تین طرح کے ہیں: ان میں سے دو جہنمی ہیں اور ایک جنتی، ایک وہ جس نے حق کو معلوم کیا اور اسی کے مطابق فیصلہ دیا، تو وہ جنت میں جائے گا، دوسرا وہ جس نے لوگوں کے درمیان بغیر جانے بوجھے فیصلہ دیا، تو وہ جہنم میں جائے گا، تیسرا وہ جس نے فیصلہ کرنے میں ظلم کیا (یعنی جان کر حق کے خلاف فیصلہ دیا) تو وہ بھی جہنمی ہو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الأحكام/حدیث: 2315]
اردو حاشہ:
فوائد  و مسائل: (1)
  مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے اور ان کے نزدیک یہ ورایت قابل عمل اور قابل حجت ہے۔
شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت کی تحقیق میں کافی شافی بحث کی ہے۔
تفصیل کے لیے دیکھیے: (الإرواء: 8/ 235، رقم: 2614)
بنابریں جج کا عہدہ بہت بڑی ذمے داری کا حامل ہے۔

(2)
  جج کے لیے ضروری ہے کہ فیصلہ کرنے وقت اسے یقین ہو کہ صحیح بات یہ ہے پھر اس کے مطابق فیصلہ کرے۔

(3)
  سرسری سماعت کے بعد فیصلہ دے دینا جب کہ معاملے کی پوری طرح چھان بین کرکے حق معلوم نہ کیا گیا ہو جائز نہیں۔

(4)
جب یقین ہو جائے کہ حق فلاں فریق کا ہے پھر فیصلہ دوسرے کے حق میں دے دیا جائے یہ ظلم ہے اور اس کی سزا جہنم ہے۔
اس نا انصافی کی وجہ بعض اوقات کوئی وقتی دنیوی مفاد ہوتا ہے۔
یہ مفاد رشوت میں شامل ہے جس کی وجہ سے لعنت پڑتی ہے۔ (دیکھیے حدیث: 2313)

(5)
اجتہادی غلطی معاف ہونے کے باوجود حق تبدیل نہیں ہوتا اس لیے جب معلوم ہو جائے کہ غلطی ہو گئی ہے تو قاضی یا مجتہد کو اپنے فیصلے یا فتوے سے رجوع کر لینا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2315 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1188 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(قضاء کے متعلق احادیث)`
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ قاضی کی تین اقسام ہیں دو دوزخی ہیں اور ایک جنتی۔ ایک وہ شخص جس نے حق کو پہچانا اور اس کے مطابق فیصلہ کیا وہ جنتی ہے اور دوسرا وہ جس نے حق کی پہچان کر لی مگر فیصلہ حق کے ساتھ نہ دیا۔ بلکہ فیصلہ میں ظلم کیا وہ دوزخی ہے اور تیسرا وہ جس نے نہ حق کو پہچانا نہ حق کے ساتھ فیصلہ کیا بلکہ اس نے لوگوں میں جہالت و نادانی سے فیصلہ کیا وہ بھی دوزخی ہے۔ اسے ابوداؤد، ترمذی، نسائی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1188»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، القضاء، باب في القاضي يخطيء، حديث:3573، والترمذمي، الأحكام، حديث:1322م، وابن ماجه، الأحكام، حديث:2315، والنسائي، في الكبرٰي:3 /462، حديث:5922، والحاكم:4 /90.»
تشریح: 1. مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
شیخ البانی رحمہ اللہ نے اس پر سیرحاصل بحث کی ہے جس سے تصحیح حدیث والی رائے ہی اقرب الی الصواب معلوم ہوتی ہے۔
واللّٰہ أعلم۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (إرواء الغلیل:۸ /۲۳۵.۲۳۷‘ رقم: ۲۶۱۴) 2. اس حدیث میں عدالت میں فیصلہ کرنے والوں کی اقسام بیان ہوئی ہیں جنھیں قاضی یا جج کہا جاتا ہے۔
ان میں سے دو قسم کے قاضی تو ایسے ہیں جو دوزخ کا ایندھن بننے والے ہیں۔
ایک حق کو نہ جاننے اور پہچاننے والا اور دوسرا حق کو جان پہچان کر اس کے مطابق فیصلہ نہ کرنے والا۔
اس میں اس کی بددیانتی کو بھی دخل ہو سکتا ہے اور تفتیش و تحقیق میں سستی اور بے پروائی بھی ہو سکتی ہے۔
اور دوزخ سے بچنے والا قاضی وہ ہے جو حق کو پہچان کر حق دار کو اس کا حق دیتا ہے۔
کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پروا نہیں کرتا۔
3. اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جاہل شخص کو عہدہ قضا پر بٹھانا درست نہیں۔
4.کسی بھی متنازعہ مسئلے کا فیصلہ نمٹانے کے لیے حق معلوم کرنا اور پھر اس کے مطابق فیصلہ کرنا فرض اور واجب ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1188 سے ماخوذ ہے۔