حدیث نمبر: 342M
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ حُمَيْدٍ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ أَبِي بَكْرٍ ، عَنْ سُفْيَانَ الثَّوْرِيِّ ، عَنْ عِكْرِمَةَ بْنِ عَمَّارٍ ، عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ ، عَنْ عِيَاضِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، نَحْوَهُ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´اس سند سے بھی` اسی جیسی حدیث مروی ہے لیکن اس سند میں عیاض بن عبداللہ ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / كتاب الطهارة وسننها / حدیث: 342M
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف
تخریج حدیث t
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 15 | صحيح ابن خزيمه: 71 | بلوغ المرام: 82

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 15 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´قضائے حاجت کے وقت بات چیت مکروہ`
«. . . سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: لا يَخْرُجْ الرَّجُلَانِ يَضْرِبَانِ الْغَائِطَ كَاشِفَيْنِ عَنْ عَوْرَتِهِمَا يَتَحَدَّثَانِ، فَإِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يَمْقُتُ عَلَى ذَلِكَ . . .»
. . . میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا دو آدمی قضائے حاجت (پیشاب و پاخانہ) کے وقت شرمگاہ کھولے ہوئے آپس میں باتیں نہ کریں کیونکہ اس سے اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ: 15]
فوائد و مسائل
یہ روایت اگرچہ سنداً ضعیف ہے، لیکن دوسری صحیح روایات سے قضائے حاجت کے وقت ایک دوسرے کے سامنے اپنی شرمگاہیں کھولنے اور باہم گفتگو کرنے کی ممانعت ثابت ہوتی ہے جیسے حدیث ہے: ’’ مرد، مرد کی شرم گاہ اور عورت، عورت کی شرم گاہ کی طرف نہ دیکھے۔ [صحيح مسلم، الحيض، حديث: 338] دوسری حدیث میں ہے: ’’ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پیشاب کر رہے تھے، اس نے آپ کو سلام کیا لیکن آپ نے سلام کا جواب نہیں دیا۔ [صحيح مسلم، الحيض، حديث: 370] حالانکہ سلام کا جواب دینا ضروری ہے، اس کے باوجود آپ نے جواب نہیں دیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ جب سلام کا جواب دینا پسند نہیں، تو دوسری باتیں کرنا کس طرح جائز ہو گا؟ غالباً اسی وجہ سے بعض علماء نے ابوداؤد کی زیربحث حدیث کو صحیح لغیرہ قرار دیا ہے۔ ملاحظہ ہو: [الموسوعة الحديثية، مسند الامام احمد، ج: 17، حديث: 11310۔ صحيح الترغيب، 1۔ 175]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 15 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح ابن خزيمه / حدیث: 71 کی شرح از الشیخ محمد فاروق رفیع ✍️
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: دو شخص قضائے حاجت کے لیے اس حالت میں نہ نکلیں کہ اُنہوں نے اپنی شرم گاہیں کھولی ہوئی ہوں اور وہ باتیں کر رہے ہوں۔ بیشک اللہ عزوجل اس پر سخت ناراض ہوتا ہے... [صحيح ابن خزيمه: 71]
فوائد:

یہ حدیث دلیل ہے کہ دو یا دو سے زائد افراد کا ایک ساتھ بیٹھ کر پاخانہ کرنا کہ ان کے ستر کھلے ہوں اور پاخانہ کرتے وقت باہم گفتگو کرنا حرام اور اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا سبب ہے لٰہذا اس فعل قبیح سے اجتناب کرنا چاہیے۔ بالخصوص دیہاتی عورتوں میں یہ مرض عام ہے۔ لٰہذا اس کی اصلاح کرنی چاہیے۔
درج بالا اقتباس صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 71 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 82 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´قابلِ ستر اعضاء کو چھپانا واجب ہے`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: إذا تغوط الرجلان فليتوار كل واحد منهما عن صاحبه،‏‏‏‏ ولا يتحدثا،‏‏‏‏ فإن الله يمقت على ذلك . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب دو آدمی قضائے حاجت کریں تو ان کو ایک دوسرے سے پردہ میں ہونا چاہیئے اور اس حالت میں ایک دوسرے سے باہم گفتگو بھی نہ کریں اس لئے کہ ایسے فعل پر اللہ تعالیٰ ناراض ہوتے ہیں . . . [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 82]
لغوی تشریح:
«تَغَوَّطَ» قضائے حاجت کے لیے نکلے اور اپنی حاجت پوری کرے۔
«فَلْیَتَوَارَ» اس میں لام امر کا ہے اور را پر فتحہ ہے۔ معنی ہیں کہ چھپنا چاہیے، پردے میں ہونا چاہیے۔
«وَلَا یَتَحَدَّثَا» قضائے حاجت کے وقت دونوں کو بات چیت نہیں کرنی چاہیے۔
«یمقت» «مقت» سے ماخوز ہے، سخت ناراضی کو کہتے ہیں۔
«علی ذلک» اس کا مشار الیہ مذکورہ تمام چیزیں ہیں، یعنی دونوں کے مابین پردے کا نہ ہونا اور رفع حاجت کے وقت بات چیت کرنا مراد ہے۔
«وَھُوَ مَعْلُوْلٌ» کہا گیا ہے کہ اس حدیث میں علت یہ ہے کہ اسے عکرمہ بن عمار نے یحییٰ بن ابی کثیر سے روایت کیا ہے۔ عکرمہ منفرد ہے اور اس کی یحییٰ سے روایت میں کلام ہے، البتہ امام مسلم اور امام بخاری رحمہ اللہ رحمہما اللہ نے یحییٰ کی روایت کو بطور استشہاد ذکر کیا ہے۔
فوائد ومسائل:
➊ علامہ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے اس حدیث کو عکرمہ بن عمار عن یحییٰ بن ابی کثیر کی وجہ سے معلول قرار دیا ہے، تاہم دوسری صحیح احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ قابل ستر اعضاء کو چھپانا واجب ہے، نیز قضائے حاجت، یعنی بول و براز کے وقت باہم گفتگو کرنا حرام ہے، اس لیے ایسے فعل پر اللہ تعالیٰ کی ناراضی اور بغض شدید کی صورت میں وعید فرمائی گئی ہے۔
➋ اگر یہ فعل بقول بعض مکروہ ہوتا تو اتنی سخت وعید کی ضرورت نہیں تھی۔ ایسے موقع پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سلام کا جواب چھوڑنا بھی عملاً ثابت ہے جو اس کا مؤید ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 82 سے ماخوذ ہے۔