حدیث نمبر: 11877
عَنِ الْعَلَاءِ بْنِ عُمَيْرٍ قَالَ كُنْتُ عِنْدَ قَتَادَةَ بْنِ مِلْحَانَ حِينَ حُضِرَ فَمَرَّ رَجُلٌ فِي أَقْصَى الدَّارِ قَالَ فَأَبْصَرْتُهُ فِي وَجْهِ قَتَادَةَ قَالَ وَكُنْتُ إِذَا رَأَيْتُهُ كَأَنَّ عَلَى وَجْهِهِ الدُّهْنَ قَالَ وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ مَسَحَ عَلَى وَجْهِهِ قَالَ أَبُو عَبْدِ الرَّحْمَنِ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ مَعِينٍ وَهُرَيْمٌ أَبُو حَمْزَةَ قَالَا حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ فَذَكَرَ مِثْلَهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابو العلاء بن عمیر سے مروی ہے کہ جب سیدنا قتادہ بن ملحان رضی اللہ عنہ کی وفات کا وقت قریب آیا تو اس وقت میں ان کے ہاں موجود تھا، اتنے میں گھر کے اندر دور سے ایک آدمی گزرا، میں نے اس گزرنے والے کا عکس (آئینے کی مانند) قتادہ بن ملحان رضی اللہ عنہ کے چہرے پر دیکھا، ابو العلاء کہتے ہیں: میں جب انہیں دیکھا کرتا تھا تو یوں لگتا تھا گویا ان کے چہرے پر تیل لگا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے چہرے پر اپنا ہاتھ مبارک پھیرا تھا۔
وضاحت:
فوائد: … سیدنا قتادہ بن ملحان قیسی رضی اللہ عنہ کی فضیلت معلوم ہوئی کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے چہرے پر ہاتھ مبارک پھیرا تو وہ اس قدر صاف شفاف ہو گیا کہ گویا وہ آئینہ ہے،اس میں دوسرے آدمی کا عکس نظر آتا تھا۔ یہ واقعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزات میں سے ہے۔