کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب: صحابہ کرام اور اہل بیت پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کا اثر، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روح قبض ہونے پر ان کے دہشت زدہ ہونے، رونے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتقال کے بعد سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بوسہ دینے کا بیان
حدیث نمبر: 11037
عُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يُحَدِّثُ أَنَّ رِجَالًا مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ حِينَ تُوُفِّيَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ حَزِنُوا عَلَيْهِ حَتَّى كَادَ بَعْضُهُمْ يُوَسْوِسُ قَالَ عُثْمَانُ وَكُنْتُ مِنْهُمْ فَبَيْنَا أَنَا جَالِسٌ فِي ظِلِّ أُطُمٍ مِنَ الْآطَامِ مَرَّ عَلَيَّ عُمَرُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فَسَلَّمَ عَلَيَّ فَلَمْ أَشْعُرْ أَنَّهُ مَرَّ وَلَا سَلَّمَ فَانْطَلَقَ عُمَرُ حَتَّى دَخَلَ عَلَى أَبِي بَكْرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فَقَالَ لَهُ مَا يُعْجِبُكَ أَنِّي مَرَرْتُ عَلَى عُثْمَانَ فَسَلَّمْتُ عَلَيْهِ فَلَمْ يَرُدَّ عَلَيَّ السَّلَامَ وَأَقْبَلَ هُوَ وَأَبُو بَكْرٍ فِي وِلَايَةِ أَبِي بَكْرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ حَتَّى سَلَّمَا عَلَيَّ جَمِيعًا ثُمَّ قَالَ أَبُو بَكْرٍ جَاءَنِي أَخُوكَ عُمَرُ فَذَكَرَ أَنَّهُ مَرَّ عَلَيْكَ فَسَلَّمَ فَلَمْ تَرُدَّ عَلَيْهِ السَّلَامَ فَمَا الَّذِي حَمَلَكَ عَلَى ذَلِكَ قَالَ قُلْتُ مَا فَعَلْتُ فَقَالَ عُمَرُ بَلَى وَاللَّهِ لَقَدْ فَعَلْتَ وَلَكِنَّهَا عُبِّيَّتُكُمْ يَا بَنِي أُمَيَّةَ قَالَ قُلْتُ وَاللَّهِ مَا شَعَرْتُ أَنَّكَ مَرَرْتَ وَلَا سَلَّمْتَ قَالَ أَبُو بَكْرٍ صَدَقَ عُثْمَانُ وَقَدْ شَغَلَكَ عَنْ ذَلِكَ أَمْرٌ فَقُلْتُ أَجَلْ قَالَ مَا هُوَ فَقَالَ عُثْمَانُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ تَوَفَّى اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ نَبِيَّهُ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَبْلَ أَنْ نَسْأَلَهُ عَنْ نَجَاةِ هَذَا الْأَمْرِ قَالَ أَبُو بَكْرٍ قَدْ سَأَلْتُهُ عَنْ ذَلِكَ قَالَ فَقُمْتُ إِلَيْهِ فَقُلْتُ لَهُ بِأَبِي أَنْتَ وَأُمِّي أَنْتَ أَحَقُّ بِهَا قَالَ أَبُو بَكْرٍ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ مَا نَجَاةُ هَذَا الْأَمْرِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ ”مَنْ قَبِلَ مِنِّي الْكَلِمَةَ الَّتِي عَرَضْتُ عَلَى عَمِّي فَرَدَّهَا عَلَيَّ فَهِيَ لَهُ نَجَاةٌ“
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انتقال ہوا تو بعض صحابہ پر اس کا شدید اثر ہوا اور قریب تھا کہ ان میں سے بعض کی حالت غیر ہو جاتی، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:میں بھی ایسے ہی لوگوں میں سے تھا، میں ایک مکان کے سائے میں بیٹھا تھا، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ میرے پاس سے گزرے، انہوں نے مجھے سلام کہا، لیکن مجھے ان سے گزرنے اور سلام کہنے کا علم ہی نہیں ہوا، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے جا کر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ سے شکایت کی اور کہا: کیایہ بات آپ کے لیے تعجب انگیز نہیں کہ میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے پاس سے گزرا، میں نے انہیں سلام کہا، لیکن انہوں نے سلام کا جواب تک نہیں دیا۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ خلیفہ منتخب ہو چکے تھے، وہ دونوں میرے پاس آئے، دونوں نے مجھے سلام کہا اور پھر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: تمہارے بھائی عمر رضی اللہ عنہ نے میرے پاس آکر شکایت کی ہے کہ وہ تمہارے پاس سے گزرے اور سلام کہا، مگر آپ نے انہیں سلام کا جواب نہیں دیا، اس کی کیا وجہ تھی؟ میں نے عرض کیا:میں نے تو ایسا کیا ہی نہیں، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: کیوں نہیں؟ اللہ کی قسم ! میں نے سلام کہا ہے اور آپ نے جواب نہیں دیا، اے بنو امیہ! یہ تمہاری متکبرانہ عادت ہے، میں نے عرض کیا:اللہ کی قسم! مجھے تو پتہ ہی نہیں کہ آپ میرے پاس سے گزرے ہوں یا سلام کہا ہو۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: عثمان رضی اللہ عنہ درست کہتے ہیں، آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جدائی کا غم تھا، اس لیے آپ ادھر توجہ نہیں دے سکے، میں نے بھی کہا: جی ہاں ایسے ہی ہے، انہوں نے کہا، کیا ؟ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا:اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کو موت دے دی اور ہم آپ سے یہ تو دریافت ہی نہیں کر سکے کہ قیامت کے دن اللہ کے عذاب سے نجات کیسے ہو گی؟ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اس بارے میں دریافت کر چکا ہو ں، پس میں اٹھ کر ان کی طرف گیا اور کہا: میرے ماں باپ آپ پر فدا ہوں! واقعی آپ ہی اس بات کو دریافت کرنے کے زیادہ حق دار تھے، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا:میں نے دریافت کیا تھا کہ اے اللہ کے رسول! قیامت کے دن اللہ کے عذاب سے نجات کیونکر ہو گی؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا: میں نے جو کلمۂ اسلام اپنے چچا کے سامنے پیش کیا تھا، مگر اس نے اسے قبول نہیں کیا تھا، جو آدمی بھی میری طرف سے اس کلمہ کو قبول کر لے یعنی اس کا دلی طور پر اقرار کر لے تو یہی کلمہ( توحید) اس کی نجات کا ذریعہ ہو گا۔
وضاحت:
فوائد: … نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت و رسالت، قیادت و سیادت، صحابۂ کرام کا پاس و لحاظ، بے آسرا افراد کی کفالت، اپنے جانثاروں کی محبتوں کا مرکز اور ان کے تعلق کا محور، غرضیکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اتنے اوصاف سے متصف تھے کہ صحابۂ کرام آپ کی وفات پر اپنے آپ کو بے سہارا سمجھنے لگے اور وہ بہت غمزدہ ہو گئے، بلکہ ان کے اندر سے یہ آواز آنے لگی ہو گی کہ اب کیا کریں گے، اب کیسے زندگی گزاریں گے، غمگسار قائد کے بغیر زندگی سے کیسے لطف اندوز ہوں گے …۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11037
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «المرفوع منه صحيح بشواھده، أخرجه البزار: 4، وابويعلي: 10 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 20 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 20»
حدیث نمبر: 11038
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ فَاطِمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا بَكَتْ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقَالَتْ يَا أَبَتَاهُ مِنْ رَبِّهِ مَا أَدْنَاهُ يَا أَبَتَاهُ إِلَى جِبْرِيلَ أَنْعَاهُ يَا أَبَتَاهُ جَنَّةُ الْفِرْدَوْسِ مَأْوَاهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات پر سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا روتے ہوئے یوں کہہ رہی تھی: اے میرے ابا جان! آپ اپنے رب کے کس قدر قریب پہنچ گئے، اے میرے ابا جان! میں جبریل کو آپ کی موت کی خبر دوں گی، اے میرے ابا جان! جنت الفردوس آپ کا ٹھکانا ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11038
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه البخاري: 4462، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 13031 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 13062»
حدیث نمبر: 11039
(وَعَنْهُ أَيْضًا) أَنَّ أُمَّ أَيْمَنَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا بَكَتْ لَمَّا قُبِضَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقِيلَ لَهَا مَا يُبْكِيكِ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقَالَتْ إِنِّي قَدْ عَلِمْتُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ سَيَمُوتُ وَلَكِنْ إِنَّمَا أَبْكِي عَلَى الْوَحْيِ الَّذِي رُفِعَ عَنَّا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات ہوئی تو سیدہ ام ایمن رضی اللہ عنہا رونے لگیں، ان سے کہا گیا کہ آپ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرکیوں گریہ کرتی ہیں؟ انھوں نے کہا: میں یہ تو جانتی ہی تھی کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عنقریب انتقال ہو جائے گا، لیکن میں تو اس لیے رو رہی ہوں کہ اب وحی کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11039
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه 2454، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 13215 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 13247»
حدیث نمبر: 11040
عَنْ يَحْيَى بْنِ عَبَّادِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الزُّبَيْرِ عَنْ أَبِيهِ عَبَّادٍ قَالَ سَمِعْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا تَقُولُ مَاتَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ بَيْنَ سَحْرِي وَنَحْرِي وَفِي دَوْلَتِي لَمْ أَظْلِمْ فِيهِ أَحَدًا فَمِنْ سَفَهِي وَحَدَاثَةِ سِنِّي أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قُبِضَ وَهُوَ فِي حِجْرِي ثُمَّ وَضَعْتُ رَأْسَهُ عَلَى وِسَادَةٍ وَقُمْتُ أَلْتَدِمُ مَعَ النِّسَاءِ وَأَضْرِبُ وَجْهِي
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے،انھوں نے کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انتقال میری گردن اور سینے کے درمیان میری ہی باری کے دن ہوا، میں نے اس دن کسی سے کچھ بھی زیادتی نہیں کی،یہ میری نا سمجھی اور نو عمری تھی کہ میری گود میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فوت ہوئے۔ پھر میں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سر مبارک تکیہ پر رکھ دیا اور میں عورتوں کے ساتھ مل کر رونے لگی اور اپنے چہرے پر ہاتھ مارنے لگی۔
وضاحت:
فوائد: … چہرے پر ہاتھ مارنے سے مراد پیٹنا نہیں ہے، دوسرے صحابۂ کرام کی طرح غمزدہ ہونے کے علاوہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی بعض خصوصی چیزیں ان کے غم میں اضافہ کر رہی تھیں، وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سب سے زیادہ محبوب بیوی تھیں اور ابھی تک وہ اٹھارہ برس کی تھیں، اس لیے وہ شدت ِ غم میں مبتلا ہو گئیں اور اس کیفیت میں انھوں نے اپنے ہاتھ اپنے چہرے سے اس طرح مسّ کیے ہوں گے کہ یہ ممنوعہ صورت نہیںبنتی۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11040
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده حسن، أخرجه ابويعلي: 4586 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 26348 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 26880»
حدیث نمبر: 11041
عَنْ عَائِشَةَ أَنَّ أَبَا بَكْرٍ دَخَلَ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ بَعْدَ وَفَاتِهِ فَوَضَعَ فَمَهُ بَيْنَ عَيْنَيْهِ وَوَضَعَ يَدَيْهِ عَلَى صُدْغَيْهِ وَقَالَ وَا نَبِيَّاهْ وَا خَلِيلَاهْ وَا صَفِيَّاهْ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے بعد سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے اور اپنا منہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دونوں آنکھوں کے درمیان اور اپنے ہاتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کنپٹیوں پر رکھے اور کہا: ہائے میرے نبی ! ہائے میرے خلیل ! ہائے اللہ کے منتخب نبی۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11041
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده حسن، أخرجه الترمذي في الشمائل : 373 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 24029 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 24530»
حدیث نمبر: 11042
(وَعَنْهَا أَيْضًا) أَنَّ أَبَا بَكْرٍ الصِّدِّيقَ دَخَلَ عَلَيْهَا فَتَيَمَّمَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ مُسَجًّى بِبُرْدِ حِبَرَةٍ فَكَشَفَ عَنْ وَجْهِهِ ثُمَّ أَكَبَّ عَلَيْهِ فَقَبَّلَهُ وَبَكَى ثُمَّ قَالَ بِأَبِي وَأُمِّي وَاللَّهِ لَا يَجْمَعُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ عَلَيْكَ مَوْتَتَيْنِ أَبَدًا أَمَّا الْمَوْتَةُ الَّتِي قُدِّرَتْ عَلَيْكَ فَقَدْ مِتَّهَا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ (نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتقال کے بعد) سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ ان کے ہاں آئے اور سیدھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف گئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دھاری دارچادر ڈالی گئی تھی، انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرۂ انور سے کپڑا ہٹایا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اوپر جھک گئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بوسہ دیا اور رونے لگے، پھر کہا: میرا باپ اور ماں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر فدا ہوں، اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دو موتیں کبھی بھی جمع نہیں کرے گا، پہلی موت جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے مقدر تھی وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر آچکی ہے۔
وضاحت:
فوائد: … موت ایک ایسی حقیقت ہے کہ کسی نے بھی اس کا انکار نہیں کیا اور ہر ادنی و اعلی اس میں مبتلا ہو کر رہے گا، اسی قانونِ قدرت کے تحت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی موت قبول کرنی تھی۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11042
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه البخاري: 1241، 1242، 4452، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 24863 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 25375»
حدیث نمبر: 11043
عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ قَالَ كَانَ ابْنُ عَبَّاسٍ يُحَدِّثُ أَنَّ أَبَا بَكْرٍ الصِّدِّيقَ دَخَلَ الْمَسْجِدَ وَعُمَرُ يُحَدِّثُ النَّاسَ فَمَضَى حَتَّى أَتَى الْبَيْتَ الَّذِي تُوُفِّيَ فِيهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ فِي بَيْتِ عَائِشَةَ فَكَشَفَ عَنْ وَجْهِهِ بُرْدَ حِبَرَةٍ كَانَ مُسَجًّى بِهِ فَنَظَرَ إِلَى وَجْهِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ ثُمَّ أَكَبَّ عَلَيْهِ يُقَبِّلُهُ ثُمَّ قَالَ وَاللَّهِ لَا يَجْمَعُ اللَّهُ عَلَيْهِ مَوْتَتَيْنِ لَقَدْ مِتَّ الْمَوْتَةَ الَّتِي لَا تَمُوتُ بَعْدَهَا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے تھے کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ مسجد میں داخل ہوئے، وہاں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ لوگوں سے محوِ کلام تھے، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ آگے چلتے گئے، یہاں تک کہ وہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے گھر داخل ہو گئے، جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انتقال ہو چکا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایک دھاری دار چادر سے ڈھانپا گیا تھا، انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ اقدس سے کپڑا ہٹا کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ کی طرف دیکھا اور بوسہ دینے کے لیے نیچے کو جھکے اور پھر کہا: اللہ کی قسم!اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دو موتوں کو جمع نہیں کرے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر وہ موت طاری ہو چکی ہے، جس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر موت طاری نہیں ہو گی۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أهم أحداث السنة الحادية عشرة للهجرة / حدیث: 11043
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح علي شرط الشيخين، أخرجه عبد الرزاق: 6774 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 3090 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 3090»