کتب حدیث ›
الفتح الربانی › ابواب
› باب: ان صحابہ کا بیان جنھوں نے یہ روایت کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کے اندر نماز ادا نہیں کی
حدیث نمبر: 10862
عَنِ ابْنِ جُرَيْجٍ قَالَ قُلْتُ لِعَطَاءٍ أَسَمِعْتَ ابْنَ عَبَّاسٍ يَقُولُ إِنَّمَا أُمِرْتُمْ بِالطَّوَافِ وَلَمْ تُؤْمَرُوا بِالدُّخُولِ قَالَ لَمْ يَكُنْ يَنْهَى عَنْ دُخُولِهِ وَلَكِنِّي سَمِعْتُهُ يَقُولُ أَخْبَرَنِي أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ لَمَّا دَخَلَ الْبَيْتَ دَعَا فِي نَوَاحِيهِ كُلِّهَا وَلَمْ يُصَلِّ فِيهِ حَتَّى خَرَجَ فَلَمَّا خَرَجَ رَكَعَ رَكْعَتَيْنِ فِي قِبَلِ الْكَعْبَةِ قَالَ عَبْدُ الرَّزَّاقِ وَقَالَ هَذِهِ الْقِبْلَةُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابن جریج سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے عطاء سے دریافت کیا کہ کیا آپ نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے سنا ہے کہ تمہیں بیت اللہ کے طواف کا حکم دیا گیا ہے، اس کے اندر جانے کا حکم تمہیں نہیں دیا گیا؟ عطاء نے جواب دیا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہ بیت اللہ میں داخل ہونے سے کسی کو نہیں روکتے تھے، البتہ میں نے ان کو یوں کہتے ہوئے سنا ہے کہ ان کو سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب بیت اللہ میں داخل ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کے تمام کونوں میں دعائیں کیں اور اس کے اندر نماز ادا نہیں کی،یہاں تک کہ باہر تشریف لے آئے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے باہر آکر کعبہ کے عین سامنے دو رکعتیں ادا کیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: یہ قبلہ ہے۔
حدیث نمبر: 10863
عَنْ عَمْرِو بْنِ دِينَارٍ أَنَّ ابْنَ عُمَرَ حَدَّثَ عَنْ بِلَالٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ صَلَّى فِي الْبَيْتِ قَالَ وَكَانَ ابْنُ عَبَّاسٍ يَقُولُ لَمْ يُصَلِّ فِيهِ وَلَكِنْ كَبَّرَ فِي نَوَاحِيهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ نے سیدنا بلال رضی اللہ عنہ سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا کی، سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ نے یہ بھی کہا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہ کہا کرتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا نہیں کی تھی، البتہ اس کے تمام گوشوں میں اللہ کی تکبیر بیان کی۔
حدیث نمبر: 10864
عَنِ الْفَضْلِ بْنِ عَبَّاسٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَامَ فِي الْكَعْبَةِ فَسَبَّحَ وَكَبَّرَ وَدَعَا اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ وَاسْتَغْفَرَ وَلَمْ يَرْكَعْ وَلَمْ يَسْجُدْ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا فضل بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کے اندر کھڑے ہو کر اللہ کی تسبیح اور تکبیر بیان کی، اللہ تعالیٰ سے دعائیں اور استغفار کیا اور رکوع و سجود نہیں کیے۔
حدیث نمبر: 10865
(وَعَنْهُ أَيْضًا) أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ لَمَّا دَخَلَهَا وَقَعَ سَاجِدًا بَيْنَ الْعَمُودَيْنِ ثُمَّ جَلَسَ يَدْعُو
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
فضل بن عباس رضی اللہ عنہ سے یہ بھی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب کعبہ کے اندر داخل ہوئے تو دو ستونوں کے مابین سجدے میں گر گئے، پھر بیٹھ کر دعائیں کیں۔
حدیث نمبر: 10866
(وَعَنْهُ أَيْضًا) أَنَّهُ دَخَلَ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ الْبَيْتَ وَأَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ لَمْ يُصَلِّ فِي الْبَيْتِ حِينَ دَخَلَهُ وَلَكِنَّهُ لَمَّا خَرَجَ فَنَزَلَ رَكَعَ رَكْعَتَيْنِ عِنْدَ بَابِ الْبَيْتِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا فضل رضی اللہ عنہ سے یہ بھی مروی ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بیت اللہ کے اندر داخل ہوئے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اندر جا کر نماز ادا نہیں کی تھی، البتہ جب باہر تشریف لائے تو بیت اللہ کے دروازے سے نیچے اتر کر دروازے کے قریب ہی دو رکعتیں ادا کی تھیں۔
حدیث نمبر: 10867
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ دَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ الْكَعْبَةَ وَفِيهَا سِتُّ سَوَارٍ فَقَامَ عِنْدَ كُلِّ سَارِيَةٍ وَلَمْ يُصَلِّ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کعبہ کے اندر تشریف لے گئے، اس میں چھ ستون تھے، آپ ہر ستون کے پاس جا کر کھڑے ہوئے اور نماز ادا نہیں کی۔
حدیث نمبر: 10868
(وَعَنْهُ مِنْ طَرِيقٍ ثَانٍ) أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ لَمْ يُصَلِّ فِيهِ يَعْنِي الْبَيْتَ وَلَكِنَّهُ اسْتَقْبَلَ زَوَايَاهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔( دوسری سند) نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیت اللہ کے اندر نماز ادا نہیں کی تھی، البتہ اس کے ہر گوشے کی طرف متوجہ ہوئے تھے۔
حدیث نمبر: 10869
(وَعَنْهُ أَيْضًا) حَدَّثَنِي أَخِي الْفَضْلُ بْنُ عَبَّاسٍ وَكَانَ مَعَهُ حِينَ دَخَلَهَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ لَمْ يُصَلِّ فِي الْكَعْبَةِ وَلَكِنَّهُ لَمَّا دَخَلَهَا وَقَعَ سَاجِدًا بَيْنَ الْعَمُودَيْنِ ثُمَّ جَلَسَ يَدْعُو
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیت اللہ کے اندر داخل ہوئے تو میرے بھائی سیدنا فضل بن عباس رضی اللہ عنہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے، انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کے اندر نماز ادا نہیں کی تھی،ہاں جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اندر تشریف لے گئے تو دو ستونوں کے درمیان آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سجدہ کیا، اور پھر بیٹھ کر دعائیں کیں۔
وضاحت:
فوائد: … یہ بات درست ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کعبہ کے اندر تسبیح، تکبیر، استغفار اور دعا وغیرہ کرنے میں مصروف رہے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز بھی پڑھی تھی۔