حدیث نمبر: 8167
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَلَا إِنَّ طِيبَ الرَّجُلِ مَا وُجِدَ رِيحُهُ وَلَمْ يَظْهَرْ لَوْنُهُ أَلَا إِنَّ طِيبَ النِّسَاءِ مَا ظَهَرَ لَوْنُهُ وَلَمْ يُوجَدْ رِيحُهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مردوں کی خوشبو وہ ہے جس کی مہک ہو اور رنگ نمایاں نہ ہو اور عورتوں کی خوشبو وہ ہے، جس کارنگ نمایاں ہو اور اس کی خوشبو نہ ہو۔
حدیث نمبر: 8168
عَنْ قَتَادَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنِ الْحَسَنِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنْ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ لَا أَرْكَبُ الْأُرْجُوَانَ وَلَا أَلْبَسُ الْمُعَصْفَرَ وَلَا أَلْبَسُ الْقَمِيصَ الْمُكَفَّفَ بِالْحَرِيرِ قَالَ وَأَوْمَأَ الْحَسَنُ إِلَى جَيْبِ قَمِيصِهِ وَقَالَ أَلَا وَطِيبُ الرِّجَالِ رِيحٌ لَا لَوْنَ لَهُ أَلَا وَطِيبُ النِّسَاءِ لَوْنٌ لَا رِيحَ لَهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میں نہ سرخ رنگ کی ریشم کی چادر پر سوار ہوں گا، نہ عصفر بوٹی سے رنگا کپڑا پہنوں گا اور نہ ایسی قمیص پہنوں گا، جس کے گریبان اور آستینوں پر ریشم لگا ہوا ہو۔ ساتھ ہی حسن نے اپنی قمیص کے گریبان کی طرف اشارہ کیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مزید فرمایا: خبردار!مردوں کی خوشبو وہ ہے، جس میں رنگ نہ ہو اورعورتوں کی خوشبو وہ ہے، جس میں رنگ ہو اور خوشبو کی مہک نہ ہو۔
وضاحت:
فوائد: … ان احادیث سے ثابت ہوا کہ مرد حضرات وہ خوشبولگائیں جس کا رنگ نہ ہو اور مہک دور تک جائے، نیت اصل میں سنت پر عمل کرنا ہو، آج کل اس قسم کی خوشبوئیں اور عطر بہت زیادہ ہیں، جیسے گلاب، کستوری، عنبر اور کافور وغیرہ اورعورتوں کی خوشبو ایسی ہونی چاہیے جو رنگدار ہو، مگر دور تک مہک نہ ہو جیسا کہ زعفران، خلوق یا مہندی ہے لیکن جب عورت خاوند کے پاس ہو باہر نہ جانا ہو پھر جو چاہے خوشبو استعمال کر سکتی ہے۔