حدیث نمبر: 2013
عَنْ أَبِي رَافِعٍ قَالَ صَلَّيْتُ مَعَ أَبِي هُرَيْرَةَ صَلَاةَ الْعَتَمَةِ أَوْ قَالَ صَلَاةَ الْعِشَاءِ فَقَرَأَ {إِذَا السَّمَاءُ انْشَقَّتْ} فَسَجَدَ فِيهَا، فَقُلْتُ: يَا أَبَا هُرَيْرَةَ! مَا هَٰذِهِ السَّجْدَةُ؟ فَقَالَ: سَجَدْتُ فِيهَا خَلْفَ أَبِي الْقَاسِمِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَلَا أَزَالُ أَسْجُدُهَا حَتَّى أَلْقَاهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدناابو رافع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ نمازِ عشاء پڑھی، انہوں نے سورۂ انشقاق پڑھی اور اس میں سجدہ بھی کیا، میں نے کہا: اے ابو ہریرہ! یہ کون سا سجدہ ہے؟ انہوں نے کہا: میں نے ابو القاسم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اقتدا میں یہ سجدہ کیا تھا، لہٰذا ہمیشہ میں یہ سجدہ کرتا رہوں گا حتیٰ کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جا ملوں۔
وضاحت:
فوائد: … سورۃ انشقاق مفصلات سورتوں میں سے ہے اور یہ واضح دلیل ہے کہ مفصلات سورتوں میں سجدے ہیں۔
حدیث نمبر: 2014
عَنْ سُلَيْمَانَ التَّيْمِيِّ عَنْ أَبِي مِجْلَزٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ سَجَدَ فِي الرَّكْعَةِ الْأُولَى مِنْ صَلَاةِ الظُّهْرِ، فَرَأَى أَصْحَابُهُ أَنَّهُ قَرَأَ تَنْزِيلَ السَّجْدَةِ قَالَ وَلَمْ أَسْمَعْهُ مِنْ أَبِي مِجْلَزٍ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ظہر کی نماز کی پہلی رکعت میں سجدہ کیا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہما کا خیال تھاکہ آپ نے سورۂ سجدہ کی تلاوت کی ہے۔ راویٔ حدیث سلیمان تیمی نے کہا: میں نے یہ حدیث ابو مجلز سے نہیں سنی۔
وضاحت:
فوائد: … بلا شک و شبہ اگر امام سرّی نمازمیں سجدۂ تلاوت پر مشتمل آیت کی تلاوت کرتا ہے تو وہ سجدۂ تلاوت کرے گا، رہا مسئلہ مقتدی تو امام کی اقتدا اور اتباع کے عام دلائل سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھی امام کے ساتھ سجدہ کریں گے۔ واللہ اعلم بالصواب۔