الفتح الربانی
كتاب الإيمان و الإسلام— ایمان اور اسلام کی کتاب
بابٌ فِي خِصَالِ الإِيمَانِ وَآيَاتِهِ باب: ایمان کی خصلتوں اور اس کی نشانیوں کا بیان
حدیث نمبر: 93
عَنِ الْعَبَّاسِ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: ((ذَاقَ طَعْمَ الْإِيمَانِ مَنْ رَضِيَ بِاللَّهِ رَبًّا وَبِالْإِسْلَامِ دِينًا وَبِمُحَمَّدٍ نَبِيًّا وَرَسُولًا))ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”اس بندے نے ایمان کا ذائقہ چکھ لیا، جو اللہ تعالیٰ کے رب ہونے، اسلام کے دین ہونے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی اور رسول ہونے پر راضی ہو گیا۔“
وضاحت:
فوائد: … قارئینِ کرام! اس حدیث ِ مبارکہ کا تقاضا یہ ہے کہ جب آدمی یہ سوچے کہ اس کا پروردگار اللہ تعالی، اس کا دین اسلام اور اس کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں تو اس کے دل اور وجود میں راحت و مسرت کی ایک لہر متحرک ہونی چاہیے، جس کو وہ روحانی اور جسمانی طور پر محسوس کرے اور پھر اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے، لیکن مشاہدہ یہ کہتا ہے کہ عام لوگ سرے سے اس تصور سے ہی غافل ہیں۔