الفتح الربانی
كتاب اللباس والزينة— لباس اور زینت کے مسائل
باب الرُّحْصَةِ فِي إِطَالَةِ ذَيْلِ الْمَرْأَةِ باب: عورت کا اپنا دامن لمبا کرنے کی رخصت کا بیان
عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ إِنَّ الَّذِي يَجُرُّ ثَوْبَهُ مِنَ الْخُيَلَاءِ لَا يَنْظُرُ اللَّهُ إِلَيْهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ قَالَ نَافِعٌ فَأُنْبِئْتُ أَنَّ أُمَّ سَلَمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ فَكَيْفَ بِنَا قَالَ شِبْرًا قَالَتْ إِذَنْ تَبْدُو أَقْدَامُنَا قَالَ ذِرَاعًا لَا تَزِدْنَ عَلَيْهِ۔ سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جو آدمی اپنا لباس تکبر سے زمین پر گھسیٹتا ہے، اللہ تعالیٰ روز قیامت اس کی طرف نہیں دیکھے گا۔ امام نافع کہتے ہیں: مجھے خبر دی گئی ہے کہ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: کپڑا نیچے رکھنے میں ہمیں کیا حکم ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ایک بالشت نیچے تک رکھ لو۔ انھوں نے کہا: تب تو ہمارے قدم نظر آ سکتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ایک ہاتھ رکھ لو، اس سے زیادہ نہیں لٹکانا۔