حدیث نمبر: 4165
عَنْ أَسْمَاءَ بِنْتِ عُمَيْسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا أَنَّهَا وَلَدَتْ مُحَمَّدَ بْنَ أَبِي بَكْرٍ بِالْبَيْدَاءِ فَذَكَرَ ذَلِكَ أَبُو بَكْرٍ لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ: ((مُرْهَا فَلْتَغْتَسِلْ ثُمَّ لِتُهِلَّ))
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان

۔ سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ انہوں نے (حجۃ الوداع کے موقع پر) بیداء کے مقام پر محمد بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کو جنم دیا، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے جب اس بات کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ذکر کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ان کو حکم دو کہ وہ غسل کرکے احرام باندھ لیں۔

وضاحت:
فوائد: … صحیح مسلم وغیرہ کی کئی روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ سیدہ اسمائ رضی اللہ عنہا کا بچہ ذوالحلیفہ کے مقام پر پیدا ہوا تھا اور ایک روایت میں ہے کہ یہ ولادت درخت کے پاس ہوئی تھی، جبکہ یہ تینوں مقامات ایک دوسرے کے قریب قریب ہیں، درخت ذوالحلیفہ میں تھا اور ذوالحلیفہ کے ساتھ متصل ایک اونچے مقام کا نام بیداء ہے۔ قاضی عیاض نے کہا: ممکن ہے کہ سیدہ اسماء رضی اللہ عنہا لوگوں سے دور ہونے کے لیے بیداء مقام میں چلی گئی ہوں، لیکن چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ذوالحلیفہ میں اترے ہوئے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسی مقام میں رات گزاری تھی، اس لیے سب لوگوں کی منزل کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منزل کی طرف منسوب کیا گیا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الحج والعمرة / حدیث: 4165
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 1209، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 27084 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 27624»