حدیث نمبر: 1689
عَنْ زَيْدِ بْنِ وَهْبٍ قَالَ: دَخَلَ حُذَيْفَةُ بْنُ الْيَمَانِ الْمَسْجِدَ فَإِذَا رَجُلٌ يُصَلِّي مِمَّا يَلِي أَبْوَابَ كِنْدَةَ فَجَعَلَ لَا يُتِمُّ الرُّكُوعَ وَلَا السُّجُودَ فَلَمَّا انْصَرَفَ قَالَ لَهُ حُذَيْفَةُ: مُنْذُ كَمْ هَٰذِهِ صَلَاتُكَ؟ قَالَ: مُنْذُ أَرْبَعِينَ سَنَةً، قَالَ: فَقَالَ لَهُ حُذَيْفَةُ: مَا صَلَّيْتَ مُنْذُ أَرْبَعِينَ سَنَةً، وَلَوْ مُتَّ وَهَٰذِهِ صَلَاتُكَ لَمُتَّ عَلَى غَيْرِ الْفِطْرَةِ الَّتِي فُطِرَ عَلَيْهَا مُحَمَّدٌ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ، قَالَ ثُمَّ أَقْبَلَ عَلَيْهِ يُعَلِّمُهُ، فَقَالَ: إِنَّ الرَّجُلَ لَيُخَفِّفُ فِي صَلَاتِهِ وَإِنَّهُ لَيُتِمُّ الرُّكُوعَ وَالسُّجُودَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان

زید بن وہب کہتے ہیں: سیدنا حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ مسجد میں داخل ہوئے تو کندہ سے قریبی علاقے کا ایک آدمی نماز پڑھ رہا تھا،وہ رکوع پورا کر رہا تھا نہ سجدہ، جب وہ فارغ ہوا تو سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے اسے کہا: کب سے تو اس طرح نماز پڑھ رہا ہے؟ اس نے کہا: چالیس سال سے۔ سیدناحذیفہ رضی اللہ عنہ نے اسے کہا: (حقیقت یہ ہے کہ) تو نے چالیس سال سے نماز پڑھی ہی نہیں ہے اور اگر تو اس حالت میں فوت ہوجاتا کہ تیری نماز یہی ہوتی تو تو اس دین پر نہ مرتا جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا کیا گیا۔ پھر وہ اس پر متوجہ ہوئے اور اسے نماز کی تعلیم دیتے ہوئے کہا: آدمی رکوع و سجود پورا کرکے بھی نماز میں تخفیف کرلیتا ہے، (ضروری نہیں کہ جلدی ہی کی جائے)۔

وضاحت:
فوائد: … سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کے قول سے پتہ چل رہا ہے کہ اطمینان کے بغیر نماز باطل ہے۔ آخری جملے کا مفہوم یہ ہے کہ اگر کسی آدمی کو جلدی سے نماز ادا کرنا پڑ جائے تو وہ مختصر قیام کر لے اور رکوع و سجود میں نقص نہ آنے دے۔ کئی احادیث میں رکوع و سجود میں اطمینان اور اعتدال کی تعلیم دی گئی ہے، پانچ چھ صفحات کے بعد اس عنوان رکوع و سجدے سے اٹھنے اور ان کے بعد اطمینان اختیار کرنے کے وجوب اور اسے ترک کرنے والے کی وعید کا بیان کا مطالعہ کریں، بطورِ مثال ایک حدیث کا ذکر یہاں بھی کر دیا جاتا ہے: حضرت طلق بن علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ((لَایَنْظُرُ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ إِلٰی صَلَاۃِ عَبْدٍ لَایُقِیْمُ فِیْھَا صُلْبَہٗبَیْنَ رُکُوْعِھَا وَسُجُوْدِھَا۔)) … اللہ تعالیٰ اس بندے کی نماز کی طرف نہیں دیکھتا، جس میں وہ رکوع و سجود کے دوران کمر سیدھی نہیں کرتا۔ (مسند أحمد: ۴/۲۲)
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أبواب صفة الصلاة / حدیث: 1689
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه البخاري: 791 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 23258 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 23647»