حدیث نمبر: 11622
عَنْ سَالِمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ حِينَ أَمَّرَ أُسَامَةَ بَلَغَهُ أَنَّ النَّاسَ يَعِيبُونَ أُسَامَةَ وَيَطْعَنُونَ فِي إِمَارَتِهِ فَقَامَ كَمَا حَدَّثَنِي سَالِمٌ فَقَالَ ”إِنَّكُمْ تَعِيبُونَ أُسَامَةَ وَتَطْعَنُونَ فِي إِمَارَتِهِ وَقَدْ فَعَلْتُمْ ذَلِكَ فِي أَبِيهِ مِنْ قَبْلُ وَإِنْ كَانَ لَخَلِيقًا لِلْإِمَارَةِ وَإِنْ كَانَ لَأَحَبَّ النَّاسِ كُلِّهِمْ إِلَيَّ وَإِنَّ ابْنَهُ هَذَا بَعْدَهُ مِنْ أَحَبِّ النَّاسِ إِلَيَّ فَاسْتَوْصُوا بِهِ خَيْرًا فَإِنَّهُ مِنْ خِيَارِكُمْ“
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان

سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو لشکر کا سربراہ مقرر فرمایا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ خبر پہنچی کہ لوگ اسامہ رضی اللہ عنہ کے سربراہ بننے پر اعتراض کرتے ہیں اور ان کو امیر بنائے جانے پر طعن کرتے ہیں، پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھڑے ہو کر فرمایا: تم لوگ اسامہ کو سربراہِ لشکر بنائے جانے پر اعتراض کرتے ہو اور ان کو امیر بنائے جانے پر طنز کرتے ہو، یہی کام تم نے اس سے قبل اس کے والد کے بارے میں بھی کیا تھا، حالانکہ وہ امیر بنائے جانے کا بجا طور پر حق دار تھا۔ اور وہ مجھے سب سے زیادہ محبوب بھی تھا، اس کے بعد اس کا یہ بیٹامجھے سب سے زیادہ پیارے لوگوں میں سے ہے، میں تمہیں اس کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی وصیت کرتا ہوں، یہ تمہارے بہترین لوگوں میں سے ہے۔

وضاحت:
فوائد: … دیکھیں حدیث نمبر (۱۰۹۷۴)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی حیات ِ مبارکہ کے آخری ایام میں ایک لشکر ترتیب دے کر سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو اس لشکر کا امیر مقرر فرمایا، چونکہ یہ غلام خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور رنگت بھی سیاہ تھی، اس لیے کچھ لوگوں نے ان کو امیر بنائے جانے پر باتیں بنائیں۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پتہ چلا تو فرمایا کہ تم لوگوں کو اسامہ رضی اللہ عنہ کی امارت پر اعتراض ہے اور اس سے پہلے اس کے والد پر بھی اعتراض کرتے تھے، یاد رکھو کہ امارت کا حق دار یہی ہے اور مجھے سب سے زیادہ پیارا ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / أبواب فى فضائل بعض الصحابة الكرام / حدیث: 11622
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه البخاري: 3730،4250، ومسلم: 2426 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 5630 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 5630»