حدیث نمبر: 11226
عَنْ طَارِقِ بْنِ شِهَابٍ عَنِ الْمِقْدَادِ بْنِ الْأَسْوَدِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ لَمَّا نَزَلْنَا الْمَدِينَةَ عَشَّرَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ عَشَرَةً عَشَرَةً يَعْنِي فِي كُلِّ بَيْتٍ قَالَ فَكُنْتُ فِي الْعَشَرَةِ الَّتِي كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فِيهِمْ قَالَ وَلَمْ يَكُنْ لَنَا إِلَّا شَاةٌ نَتَحَرَّى لَبَنَهَا قَالَ فَكُنَّا إِذَا أَبْطَأَ عَلَيْنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ شَرِبْنَا وَبَقَّيْنَا لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ نَصِيبَهُ فَلَمَّا كَانَ ذَاتَ لَيْلَةٍ أَبْطَأَ عَلَيْنَا قَالَ يَعْنِي الْمِقْدَادَ وَثَبْتُ وَأَخَذْتُ السِّكِّينَ وَقُمْتُ إِلَى الشَّاةِ قَالَ يَعْنِي النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ مَا لَكَ قُلْتُ أَذْبَحُ قَالَ لَا ائْتِنِي بِالشَّاةِ فَأَتَيْتُهُ بِهَا فَمَسَحَ ضَرْعَهَا فَخَرَجَ شَيْئًا ثُمَّ شَرِبَ وَنَامَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان

۔(تیسری سند) سیدنا مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: جب ہم مدینہ منورہ آئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم میں سے دس دس آدمیوں کو ایک ایک گھرانے کا مہمان بنا دیا، میں ان دس آدمیوں کے گروہ میں تھا، جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی تھے، ہمارے پاس صرف ایک بکری تھی، ہم اسی کے دودھ کے منتظر رہتے تھے، اگر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیر ہو جاتی تو ہم دودھ پی لیتے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے ان کا حصہ رکھ دیتے۔ ایک رات آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فی دیر تک تشریف نہ لائے۔ (اس کے بعد حدیث، گزشتہ حدیث کی مانند ہے، البتہ اس طریق میں ہے:) سیدنا مقداد رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے چھری لی اور بکری کی طرف چلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دریافت فرمایا: کیا بات ہے؟ میں نے عرض کیا: میں اسے ذبح کرتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: نہیں، تم اسے ذبح نہ کرو، اسے میرے پاس لاؤ۔ میں اس کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس لے آیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کے تھنوں کو ہاتھ لگایا، پھر اس سے کچھ دودھ نکالا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ دودھ پی کر سو گئے۔

حوالہ حدیث الفتح الربانی / حدیث: 11226
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «انظر الحديث بالطريق الاول ترقیم بيت الأفكار الدولية: 24319»