حدیث نمبر: 678
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ مَنْصُورٍ، وَالْأَعْمَشِ، عَنْ سَالِمِ بْنِ أَبِي الْجَعْدِ، عَنْ ثَوْبَانَ مَوْلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "اسْتَقِيمُوا وَلَنْ تُحْصُوا، وَاعْلَمُوا أَنَّ خَيْرَ أَعْمَالِكُمْ الصَّلَاةُ"وَقَالَ الْآخَرُ: "إِنَّ مِنْ خَيْرِ أَعْمَالِكُمْ الصَّلَاةَ""وَلَنْ يُحَافِظَ عَلَى الْوُضُوءِ إِلَّا مُؤْمِنٌ".
محمد الیاس بن عبدالقادر

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سیدھے اور مضبوط رہو، اور سب نیکیوں کو نہ گھیر سکو گے، اور جان لو کہ تمہارے بہتر اعمال میں سے نماز ہے اور وضو کی حفاظت صرف مومن ہی کرتا ہے۔“

وضاحت:
(تشریح احادیث 676 سے 678)
علامہ وحیدالزماں اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں: «اسْتَقِيْمُوا» کا مطلب ہے کہ عقائد و اعمال میں اتباعِ حق اور صراطِ مستقیم پر قائم رہو اور توحید و سنّت سے میل کر کے شرک و بدعت کی طرف نہ جھکو، اور «لَنْ تُحْصُوا» کا مطلب ہے: تمام نیکیاں تم پوری طرح ادا نہ کر سکو گے اس لئے نماز جو سب سے عمدہ اور افضل ہے اس کی زیادہ احتیاط کرو، اور وضو کی حفاظت یہ ہے کہ اکثر اوقات با وضو رہو اور اس کے سنن و مستحبات اور فرائض کو بخوبی ادا کرو، تکلیفوں اور سردیوں میں پوری طرح سے اعضائے وضو کو دھونا، اور حقیقت میں وضو بڑی نعمت ہے اور ایمان کو تازہ کرتا ہے۔
حوالہ حدیث سنن دارمي / من كتاب الطهارة / حدیث: 678
درجۂ حدیث محدثین: قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
تخریج حدیث تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 681]» ¤ اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [الموطأ فى الطهارة 37] ، [ابن ماجه 277، 278، 279 اس كي اسانيد ضعيفه هيں] و [صحيح ابن حبان 1037] و [تاريخ الخطيب 293/1] و [المستدرك 448 وقال صحيح على شرطهما]
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 277 | سنن دارمي: 679 | معجم صغير للطبراني: 86 | معجم صغير للطبراني: 142

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 277 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´پابندی سے وضو کرنے کا بیان۔`
ثوبان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: راہ استقامت پر قائم رہو ۱؎، تم ساری نیکیوں کا احاطہٰ نہیں کر سکو گے، اور تم جان لو کہ تمہارا بہترین عمل نماز ہے، اور وضو کی محافظت صرف مومن کرتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 277]
اردو حاشہ: (1)
سیدھی راہ پر قائم رہو اس کا مطلب یہ ہے کہ دین اسلام پر قائم رہو، جیسے حضرت ابراہیم اور حضرت یعقوب علیہ السلام نے اپنی اپنی اولاد کو وصیت کرتے ہوئے فرمایا تھا: ﴿فَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنتُم مُّسْلِمُونَ﴾ (البقرۃ: 132/2)
 تمھیں جب موت آئے اسلام پر آئے۔
دوسرا مطلب یہ ہے کہ افراط وتفریط سے بچ کر راہ اعتدال پر قائم رہو۔
نہ ذکر وعبادت  سے بے پراوائی کرو نہ خود پر اتنا بوجھ ڈال لو کہ اس پر کار بند رہنا دشوار ہوجائے۔

(2) (لَنْ تُحْصُوا)
کا مفہوم یہ ہے کہ کوئی شخص اس انداز سے نیکی کی راہ پر قائم نہیں رہ سکتا کہ اس سے کوئی غلطی اور کوتاہی سرزد نہ ہو نہ یہ ممکن ہے کہ ذکر، شکر اور عبادت کا حق ادا کرسکے۔
یہ اللہ تعالی کے اس ارشاد کی طرف اشارہ ہے: (عَلِمَ اَن لَّنْ تُحْصُوْه) (المزمل: 73؍2)
’’اسے معلوم ہے کہ تم پوری طرح نباہ نہ سکوگے‘‘ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:  (لَا اُحْصِي ثَنَاءً عَلَيْكَ أَنْتَ كَمَا أثْنَيْتَ عَلٰي نَفْسِكَ) (صحيح مسلم، الصلاة، باب مايقال في الركوع والسجود؟ حديث: 486)
 ’’(اے اللہ)
میں تیری پوری پوری تعریف نہیں کرسکتا تو ایسے ہی ہے جیسے تو نےاپنی ثنا فرمائی۔

(3)
وضو کا قائم رہنا یا ٹوٹ جانا ایسی چیز ہے جس کا علم دوسروں کو عام طور پر نہیں ہوتا اور اس معاملے کو آسانی سے پوشیدہ رکھا جاسکتا ہے۔
اس کا اہتمام محض اسی یقین کی بناء پرہوسکتا ہے کہ دوسرے جانتے ہوں یا نہ جانتے ہوں اللہ تعالی سب کچھ جانتا ہے۔
وضو کی حفاظت کا مطلب اولاً سردیوں اور گرمیوں میں پوری طرح اعضاء کو دھونا ہے۔
ثانیاً وضو کرتے وقت اعضاء کو توجہ سے دھونا کہ کوئی حصہ خشک نہ رہ جائے۔
اور ثالثاً زیادہ سے زیادہ اوقات میں باوضو رہنا بھی ہو سکتا ہےاوریہ کام ایمان کی قوت کے بغیر انجام نہیں دیا جاسکتا۔

(4)
ایمان ایک قلبی کیفیت ہے جس کا اظہاراعمال سے ہوتا ہے۔
اعمال میں اہم ترین عمل نماز ہے۔
فرضی نماز تو اتنا اہم عمل ہے کہ اسے کفر اور ایمان کے درمیان امتیاز کے لیے ایک علامت قرار دیا گیا۔
متقین کی سب سے اہم صفت اور اخروی فلاح وکامیابی کے لیے اولین شرط نماز کو قرار دیا گیا ہے۔
 (دیکھیے سورۃ البقرۃ: 2؍5، 2)
 نفل نماز کی ایک اپنی اہمیت ہے۔
حضرت ربیعہ بن کعب اسلمی ؓ نے جب نبیﷺ سے اس خواہش کا اظہار فرمایا کہ وہ جنت میں آپﷺ کی رفاقت چاہتے ہیں تو رسول اللہﷺ نے اس مقام کے حصول کا طریقہ بتایا اور فرمایا: (فَأَعِنِّيْ عَلٰي نَفْسِكَ بِكَثْرَةِ السُّجُوْدِ) (صحيح مسلم، الصلاة، باب فضل السجود والحث عليه، حديث: 489)
 ’’سجدوں کی کثرت کے ذریعے سے اپنے نفس کے خلاف میری مدد کرو‘‘
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 277 سے ماخوذ ہے۔