حدیث نمبر: 31
أَخْبَرَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ، أَخْبَرَنَا مُعَاذُ بْنُ الْعَلَاءِ، عَنْ نَافِعٍ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ "يَخْطُبُ إِلَى جِذْعٍ، فَلَمَّا اتَّخَذَ الْمِنْبَرَ حَنَّ الْجِذْعُ حَتَّى أَتَاهُ، فَمَسَحَهُ".
محمد الیاس بن عبدالقادر

سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک درخت کے تنے کا سہارا لے کر خطبہ دیا کرتے تھے، پھر جب منبر بن گیا (اور آپ اس پر تشریف لے گئے «كما فى رواية البخاري» ) تو وہ تنا رونے لگا حتی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس تشریف لے گئے اور اپنا ہاتھ اس پر پھیرا۔

حوالہ حدیث سنن دارمي / مقدمه / حدیث: 31
درجۂ حدیث محدثین: قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح
تخریج حدیث تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 31]» ¤ اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [صحيح بخاري 3583] ، [ترمذي 505]
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3583 | سنن ترمذي: 505 | سنن ابي داود: 1081

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3583 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3583. حضرت عبداللہ بن عمر ؓسے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ کھجور کے تنے کے سہارے خطبہ دیا کرتے تھے۔ جب منبر بنایا گیا توآپ اس پر تشریف لے گئے اور تنے نے رونا شروع کردیا۔ آپ اس کے پاس آئے اور اس پر دست شفقت پھیرا۔ عبدالحمید نے کہا: ہمیں عثمان بن عمر نے خبر دی، انھوں نے کہا کہ ہمیں معاذ بن علاء نے نافع سے یہ بیان کیا اور ابو عاصم نے ابن ابورواد کے ذریعے سے، انھوں نے نافع سے، انھوں نے حضرت ابن عمر ؓ سے اور انھوں نے نبی کریم ﷺ سے اس حدیث کو بیان کیا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3583]
حدیث حاشیہ: حافظ ابن حجر ؒ نے کہا کہ معلوم نہیں یہ عبدالحمید نامی راوی کون ہیں؟ مزی نے کہا کہ یہ عبدبن حمید حافظ مشہور ہیں، مگر میں نے ان کی تفسیر اور مسنددونوں میں یہ حدیث تلاش کی تو مجھ کو نہیں ملی۔
البتہ دارمی نے اس کو نکالا ہے، عثمان بن عمر سے آخر تک اسی اسناد سے۔
(وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3583 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1081 کی شرح از الشیخ غلام مصطفےٰ ظہیر امن پوری ✍️
´جز سے کُل کو مراد لینا`
«. . . عَنْ ابْنِ عُمَرَ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَمَّا بَدَّنَ، قَالَ لَهُ تَمِيمٌ الدَّارِيُّ: أَلَا أَتَّخِذُ لَكَ مِنْبَرًا يَا رَسُولَ اللَّهِ يَجْمَعُ، أَوْ يَحْمِلُ عِظَامَكَ؟ قَالَ: " بَلَى " فَاتَّخَذَ لَهُ مِنْبَرًا مِرْقَاتَيْنِ . . . .»
. . . عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا جسم (بڑھاپے کی وجہ سے) جب بھاری ہو گیا تو تمیم داری رضی اللہ عنہ نے آپ سے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا میں آپ کے لیے ایک منبر نہ تیار کر دوں جو آپ کی ہڈیوں کو مجتمع رکھے یا اٹھائے رکھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں، کیوں نہیں!، چنانچہ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے دو زینوں والا ایک منبر بنا دیا . . . [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /باب فِي اتِّخَاذِ الْمِنْبَرِ: 1081]
فوائد و مسائل:
اس حدیث میں سیدنا تمیم داری رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم مبارک کے لئے مجازاً «عظام» کا لفظ استعمال کیا ہے۔
اسی لیے محدث البانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: «فعلمت منه أنهم كانوا يطلقون العظام، ويريدون البدن كله، من باب إطلاق ‏‏‏‏الجزء وإرادة الكل، كقوله تعالى * (وقرآن الفجر) * أي: صلاة الفجر. ‏‏‏‏فزال الإشكال والحمد لله»
’’ مجھے اس حدیث سے یہ معلوم ہوا ہے کہ عرب لوگ لفظ «عظام» بول کر پورا جسم مراد لیتے ہیں۔ یہ جز سے کُل کو مراد لینے کے قبیل سے ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: «وَقُرْآنَ الْفَجْرِ» [17-الإسراء:78] یہاں فجر کے قرآن سے مراد نماز فجر ہے۔ الحمد اللہ اشکال زائل ہو گیا ہے۔ [سلسلة الاحاديث الصحيحة للالباني: 313]
درج بالا اقتباس ماہنامہ السنہ جہلم، شمارہ 61-66، حدیث/صفحہ نمبر: 21 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1081 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´منبر بنانے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا جسم (بڑھاپے کی وجہ سے) جب بھاری ہو گیا تو تمیم داری رضی اللہ عنہ نے آپ سے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا میں آپ کے لیے ایک منبر نہ تیار کر دوں جو آپ کی ہڈیوں کو مجتمع رکھے یا اٹھائے رکھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں، کیوں نہیں!، چنانچہ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے دو زینوں والا ایک منبر بنا دیا۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1081]
1081۔ اردو حاشیہ:
اس سے پہلے گزرا کے لکڑی کا یہ منبر ایک غلام نے بنایا تھا اور اس روایت میں ہے کہ تمیم داری نے اسے بنایا، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ان احادیث کی وضاحت کرتے ہوئے پہلی روایت کو زیادہ قوی قرار دیا ہے۔ اور دوسرا احتمال یہ بیان کیا ہے کہ اس کے بنانے میں یہ سارے ہی کسی نہ کسی طریقے سے شریک رہے ہوں۔ علاوہ ازیں اس روایت میں ہے کہ یہ منبر دو سیڑھیوں پر مشتمل تھا جبکہ دوسری روایت میں تین سیڑھیوں کا ذکر ہے، تو بات یہ ہے کہ دو سیڑھیوں کے ذکر کرنے والے راوی نے وہ تیسری سیڑھی شما ر نہیں کی۔ جس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما ہوتے تھے۔ تفصیل کے لئے دیکھیے: [فتح الباري والعون]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1081 سے ماخوذ ہے۔