مرکزی مواد پر جائیں
15 شعبان، 1447 ہجری
کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: اللہ تعالیٰ کے قول ” جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس یہ منافقین آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ بیشک آپ اللہ کے رسول ہیں ” ( سورۃ المنافقون : 1 ) کے بیان میں ۔
حدیث نمبر: 1790
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ ہی سے ایک دوسری روایت ہے ، کہتے ہیں کہ` پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداللہ بن ابی اور اس کے ساتھیوں کو بلایا تاکہ ان کے لئے استغفار کریں ( کیونکہ انھوں نے جھوٹی قسم کھائی تھی ) وہ نہ آئے اور اپنے سر پھیر لیے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 1790
حدیث نمبر: 1791
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ نے کہا کہ` میں ایک غزوہ میں تھا کہ میں نے عبداللہ بن ابی ابن سلول کو اپنے کانوں سے یہ کہتے ہوئے سنا کہ تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں کو خرچ و خیرات وغیرہ نہ دو یہاں تک کہ وہ ان کا ساتھ چھوڑ دیں اور اگر ہم اس لڑائی سے لوٹ کر مدینہ پہنچے تو عزت والا ذلیل کو نکال دے گا ( یعنی ہم انھیں نکل دیں گے ) میں نے یہ بات اپنے چچا یا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو بتائی تو انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ذکر کر دیا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بلوایا ، میں نے جو بات تھی کہہ دی ، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداللہ بن ابی اور اس کے ساتھیوں کو بلوا بھیجا ( ان سے پوچھا کہ تو ) انھوں نے حلف اٹھا لیا کہ ہم نے ایسا نہیں کہا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے جھوٹا کہا اور اس کی تصدیق کی ۔ مجھے ایسا رنج ہوا کہ کبھی نہ ہوا تھا ، میں اپنے گھر میں بیٹھ رہا ۔ میرے چچا نے پوچھا کیا وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تجھے جھوٹا کہا اور تجھ پر غصہ ہوئے ؟ اس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ آیت ” جب آپ کے پاس یہ منافق آتے ہیں “ نازل ہوئی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بلوا بھیجا پھر پوری آیت سنائی اور فرمایا : ” اے زید ! بیشک اللہ نے تجھے سچا کیا ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 1791
حدیث نمبر: 1792
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ ہی کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا ( آپ یہ دعا مانگتے تھے ) اے اللہ ! انصار کو اور انصار کے بیٹوں کو معاف فرما دے ۔ “ راوی کو شک ہے کہ شاید آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا : ” اے اللہ ! انصار کے بیٹوں کے بیٹوں کو بھی معاف فرما دے “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 1792

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔