حدیث نمبر: 1119
- عن أنس قال النبي صلى الله عليه وسلم : " ما من مسلم يغرس غرسا أو يزرع زرعا فيأكل منه طير أو إنسان أو بهيمة إلا كان له به صدقة ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیاں کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو بھی مسلمان پودا لگائے گا یا کھیتی باڑی کرے گا اور اس سے جو پرند، انسان یا کوئی چوپایہ کھائے گا، تو وہ اس کے لیے صدقہ ہو گا۔“
حدیث نمبر: 1120
- عن جابر مرفوعا: " ما من مسلم يغرس غرسا إلا كان ما أكل منه له صدقة وما سرق منه له صدقة وما أكل السبع منه فهو له صدقة وما أكلت الطير فهو له صدقة ولا يرزؤه (أي ينقصه ويأخذ منه) أحد إلا كان له صدقة (إلى يوم القيامة) ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جو مسلمان کوئی پودا لگاتا ہے، پھر اس سے جو بھی کھایا جاتا ہے، وہ اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے، جو اس سے چوری کیا جاتا ہے، وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے، جو اس سے درندے کھاتے ہیں، وہ بھی اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے اور جو پرندے اس سے کھا جاتے ہیں، وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے ۔ ( الغرض ) قیامت کے دن تک جب بھی کوئی مخلوق اس کو استعمال کر کے اس میں کمی پیدا کرتی ہے تو وہ اس کی طرف سے صدقہ ہوتا ہے ۔“
حدیث نمبر: 1121
- عن أنس رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: " إن قامت الساعة وفي يد أحدكم فسيلة، فإن استطاع أن لا تقوم حتى يغرسها فليغرسها ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر (ایسی صورتحال پیدا ہو جائے کہ ) قیامت بالکل قریب ہو اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں کھجور کا چھوٹا پودا ہو، اگر وہ قیامت کے قائم ہونے سے پہلے اسے گاڑھ سکتا ہو تو اسے گاڑھ دینا چاہیے۔“