کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب پنجم: جنگ صفین اور سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ کی شہادت اس باب میں کئی فصلیں ہیں فصل اول: سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کی شجاعت کا بیان اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ان کے بارے میں فرمانا کہ ایک باغی گروہ عمار کو قتل کرے گا
حدیث نمبر: 12343
عَنْ عَمْرِو بْنِ مُرَّةَ قَالَ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ سَلَمَةَ يَقُولُ رَأَيْتُ عَمَّارًا يَوْمَ صِفِّينَ شَيْخًا كَبِيرًا آدَمَ طُوَالًا آخِذًا الْحَرْبَةَ بِيَدِهِ وَيَدُهُ تَرْعَدُ فَقَالَ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَقَدْ قَاتَلْتُ بِهَذِهِ الرَّايَةِ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ وَهَذِهِ الرَّابِعَةُ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَوْ ضَرَبُونَا حَتَّى يَبْلُغُوا بِنَا شَعَفَاتِ هَجَرَ لَعَرَفْتُ أَنَّ مُصْلِحِينَا عَلَى الْحَقِّ وَأَنَّهُمْ عَلَى الضَّلَالَةِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
عبداللہ بن سلمہ سے مروی ہے، وہ کہتے تھے: میں نے جنگ صفین کے روز سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کو دیکھا، وہ بہت بوڑھے ہو چکے تھے، ان کا رنگ گندمی اور قد طویل تھا، وہ اپنے ہاتھ میں نیزہ تھامے ہوئے تھے اور ان کا ہاتھ کانپ رہا تھا، انہوں نے کہا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! میں اس جھنڈے کے ساتھ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معیت میں تین جنگیں لڑچکا ہوں، آج چوتھی جنگ ہے، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!اگر یہ لوگ ہمیں مار مار کر ہجر کے پہاڑوں کی طرف مار بھگائیں، تب بھی میں جانتا ہوں کہ ہماری اصلاح کرنے والے حق پر اور دوسرے گمراہی کی راہ پر ہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12343
درجۂ حدیث محدثین: ضعیف
تخریج حدیث «ھذا الاثر اسناده ضعيف، عبد الله بن سلمة المراد الكوفي قد اختلط وسماع عمرو بن مرة منه بعد اختلاطه، اخرجه ابن ابي شيبة: 15/ 289، وابويعلي: 1610، وابن حبان: 7080 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 18884 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 19090»
حدیث نمبر: 12344
عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عُمَارَةَ بْنِ خُزَيْمَةَ بْنِ ثَابِتٍ قَالَ مَا زَالَ جَدِّي يَعْنِي خُزَيْمَةَ بْنَ ثَابِتٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ كَافًّا سِلَاحَهُ يَوْمَ الْجَمَلِ حَتَّى قُتِلَ عَمَّارٌ بِصِفِّينَ فَسَلَّ سَيْفَهُ فَقَاتَلَ حَتَّى قُتِلَ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ ”تَقْتُلُ عَمَّارًا الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ“
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
محمد بن عمارہ کہتے ہیں: میرا دادا سیدنا خزیمہ بن ثابت رضی اللہ عنہ نے جنگ جمل کے دن اپنا اسلحہ روکے رکھا، یہاں تک کہ جب صفین میں سیدنا عمار رضی اللہ عنہ شہید ہوگئے، تو انہوں نے اپنی تلوار نکالی اور شہید ہونے تک لڑتے رہے، انہوں نے وجہ یہ بیان کی تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ایک باغی گروہ عمار کوقتل کرے گا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12344
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «مرفوعه صحيح لغيره، وھذا اسناد ضعيف، ابو معشر نجيح بن عبد الرحمن السندي ضعيف، ومحمد بن عمارة من رجال التعجيل ، وھو لم يشھد القصة، فحديثنه ھذا منقطع، اخرجه الحاكم: 3/ 397، والطبراني: 2711،وابن ابي شيبة: 15/ 302 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 21873 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 22217»
حدیث نمبر: 12345
وَعَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ ”وَيْحَ عَمَّارٍ تَقْتُلُهُ الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ يَدْعُوهُمْ إِلَى الْجَنَّةِ وَيَدْعُونَهُ إِلَى النَّارِ“ قَالَ فَجَعَلَ عَمَّارٌ يَقُولُ أَعُوذُ بِالرَّحْمَنِ مِنَ الْفِتَنِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: افسوس کہ عمار کو ایک باغی گروہ قتل کرے گا، یہ ان کو جنت کی طرف بلائے گا، لیکن وہ اس کو جہنم کی طرف بلا رہے ہوں گے۔ یہ سن کر سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کہنے لگے:میں فتنوں سے رحمان کی پناہ چاہتا ہوں۔
وضاحت:
فوائد: … جنگ صفین، سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے مابین ہوئی تھی، اگرچہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ برحق تھے، لیکن سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ تابعین کے علاوہ صحابۂ کرام کی ایک جماعت بھی موجود تھی، تو ان کے حق میں اس ارشادِ نبوی کا کیا مفہوم ہو گا کہ وہ جہنم کی طرف بلا رہے ہوں گے؟ حافظ ابن حجر نے کہا: جواب یہ ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لشکر کا گمان یہ تھا کہ وہ جنت کی طرف بلا رہے ہیں، جبکہ وہ مجتہد تھے اور اپنے ظن پر عمل کر رہے تھے، اس لیے ان پر ملامت نہیں کی جا سکتی، مراد یہ ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا گروہ اپنے مخالفین کو جنت کے سبب یعنی خلیفہ کی اطاعت کی طرف بلا رہا تھا، جبکہ خلیفہ کی اتباع واجب تھی اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا گروہ اپنے مخالفین کو اس کے برعکس یعنی خلیفہ کی بغاوت کی طرف بلا رہے تھے، لیکن ان کو ان کی تاویل کی روشنی میں معذور سمجھا جائے گا۔ (فتح الباری: ۱/ ۵۴۲)
آسان لفظوں میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ بغاوت ایک جرم ہے اور ہر جرم جہنم کا سبب ہے، لیکن اگر بغاوت کرنے والا کسی اجتہاد اور تاویل کی روشنی میں اپنی بغاوت کو درست سمجھ رہا ہو تو وہ معذور ہو گا اور اس کے بارے میں صرف یہ کہا جائے گا کہ اس سے خطا ہو گئی ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12345
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اخرجه البخاري: 447، 2812، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 11861 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 11883»
حدیث نمبر: 12346
عَنْ أَبِي الْبَخْتَرِيِّ قَالَ قَالَ عَمَّارٌ يَوْمَ صِفِّينَ ائْتُونِي بِشَرْبَةِ لَبَنٍ فَإِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ ”آخِرُ شَرْبَةٍ تَشْرَبُهَا مِنَ الدُّنْيَا شَرْبَةُ لَبَنٍ“ فَأُتِيَ بِشَرْبَةِ لَبَنٍ فَشَرِبَهَا ثُمَّ تَقَدَّمَ فَقُتِلَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابو بختری سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: صفین کے روز سیدنا عمار رضی اللہ عنہ نے کہا: میرے پاس پینے کے لیے دودھ لاؤ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم دنیا کا جو مشروب آخر میں پیو گے، وہ دودھ ہو گا۔ پس ان کی خدمت میں دودھ پیش کیا گیا، انہوں نے وہ پی لیا، اس کے بعد وہ میدان کی طرف بڑھ گئے اور شہید ہوئے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12346
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «حديث صحيح، اخرجه ابن ابي شيبة: 15/302، والحاكم: 3/ 389، والبيھقي في الدلائل : 2/ 552، وابويعلي: 1626 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 18880 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 19086»
حدیث نمبر: 12347
عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرِو بْنِ حَزْمٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ لَمَّا قُتِلَ عَمَّارُ بْنُ يَاسِرٍ دَخَلَ عَمْرُو بْنُ حَزْمٍ عَلَى عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ فَقَالَ قُتِلَ عَمَّارٌ وَقَدْ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ ”تَقْتُلُهُ الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ“ فَقَامَ عَمْرُو بْنُ الْعَاصِ فَزِعًا يُرَجِّعُ حَتَّى دَخَلَ عَلَى مُعَاوِيَةَ فَقَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ مَا شَأْنُكَ قَالَ قُتِلَ عَمَّارٌ فَقَالَ مُعَاوِيَةُ قَدْ قُتِلَ عَمَّارٌ فَمَاذَا قَالَ عَمْرٌو سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ ”تَقْتُلُهُ الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ“ فَقَالَ لَهُ مُعَاوِيَةُ دُحِضْتَ فِي بَوْلِكَ أَوَ نَحْنُ قَتَلْنَاهُ إِنَّمَا قَتَلَهُ عَلِيٌّ وَأَصْحَابُهُ جَاءُوا بِهِ حَتَّى أَلْقَوْهُ بَيْنَ رِمَاحِنَا أَوْ قَالَ بَيْنَ سُيُوفِنَا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
محمد بن عمروبن حزم سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: جب سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ شہید ہوئے تو سیدنا عمر و بن حزم رضی اللہ عنہ ، سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے پاس گئے اور انہیں بتلایاکہ سیدنا عمار رضی اللہ عنہ شہید ہوگئے ہیں، جبکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھاکہ ایک باغی گروہ عمار کو قتل کرے گا۔ یہ سن کر سیدنا عمروبن عاص رضی اللہ عنہ گھبرا گئے اور اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ پڑھتے ہوئے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچ گئے، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان کی حالت دیکھ کر پوچھا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ انہوں نے بتلایا کہ سیدنا عمار رضی اللہ عنہ شہید ہوگئے ہیں، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا: عمار قتل ہوگئے تو پھر کیا ہوا؟ سیدنا عمرو رضی اللہ عنہ نے کہا:میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوفرماتے سنا ہے کہ ایک باغی گروہ عمار کو قتل کرے گا۔ یہ سن کر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: تم اپنے پیشاب میں پھسلو، کیا ہم نے اس کو قتل کیاہے؟ اسے تو علی رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں نے مروایا ہے، وہ لوگ انہیں لے آئے اور لا کر ہمارے نیزوں یا تلواروں کے درمیان لا کھڑا کیا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12347
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح، اخرجه عبد الرزاق: 20427، والحاكم: 2/ 155 وابويعلي: 7175 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 17778 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 17931»
حدیث نمبر: 12348
عَنْ أَبِي غَادِيَةَ قَالَ قُتِلَ عَمَّارُ بْنُ يَاسِرٍ فَأُخْبِرَ عَمْرُو بْنُ الْعَاصِ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ ”إِنَّ قَاتِلَهُ وَسَالِبَهُ فِي النَّارِ“ فَقِيلَ لِعَمْرٍو فَإِنَّكَ هُوَ ذَا تُقَاتِلُهُ قَالَ إِنَّمَا قَالَ ”قَاتِلَهُ وَسَالِبَهُ“
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابو غادیہ کہتے ہیں: جب سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ شہید ہو گئے اور لوگوں نے سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کو اس کی اطلاع دی تو انہوں نے کہا: میں نے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ان کو قتل کرنے والا اور ان کے قتل کے بعد ان کے سامان کو قبضہ میں لینے والا جہنم میں جائے گا۔ کسی نے سیدنا عمر و رضی اللہ عنہ سے کہا: تم خود بھی تو ان ہی سے لڑ رہے ہو؟ انہوں نے جواباً کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے قاتل اور ان کا مال قبضہ میں کر لینے والے کے حق میں یہ فرمایا ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12348
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده قويّ، اخرجه الحاكم: 3/ 378 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 17776 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 17929»
حدیث نمبر: 12349
عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ زِيَادٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْحَارِثِ قَالَ إِنِّي لَأَسِيرُ مَعَ مُعَاوِيَةَ فِي مُنْصَرَفِهِ مِنْ صِفِّينَ بَيْنَهُ وَبَيْنَ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ قَالَ فَقَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ يَا أَبَتِ مَا سَمِعْتَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ لِعَمَّارٍ ”وَيْحَكَ يَا ابْنَ سُمَيَّةَ تَقْتُلُكَ الْفِئَةُ الْبَاغِيَةُ“ قَالَ فَقَالَ عَمْرٌو لِمُعَاوِيَةَ أَلَا تَسْمَعُ مَا يَقُولُ هَذَا فَقَالَ مُعَاوِيَةُ لَا تَزَالُ تَأْتِينَا بِهَنَةٍ أَنَحْنُ قَتَلْنَاهُ إِنَّمَا قَتَلَهُ الَّذِينَ جَاءُوا بِهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
عبداللہ بن حارث کہتے ہیں: جنگ صفین سے واپسی پر میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کے درمیان چلا آرہا تھا، سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ نے کہا: ابا جان! کیا آپ نے سنا نہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدنا عمار رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا کہ اے ابن سمیہ! افسوس ایک باغی گروہ تجھے قتل کرے گا۔ سیدنا عمرو رضی اللہ عنہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا: آپ سن رہے ہیں کہ یہ کیا کہہ رہا ہے؟ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا: آپ ہمیشہ باعث ِ تکلیف بات ہی کرتے ہیں؟ کیا ہم نے اس کو قتل کیا ہے؟ اسے تو ان لوگوں نے قتل کیاہے، جو اسے میدان کارزار میں لے کر آئے ہیں۔
وضاحت:
ہے کہ سلف صالحین نے عقائد کے موضوع پر لکھی گئی کتب میں بھی اس حقیقت کو واضح کیا ہے، گویا کہ صحابہ کرام کی عدالت و صداقت کو تسلیم کرنا ہمارے عقیدے کا مسئلہ ہے۔ اس مقام پر بطور مثال صرف عقائد کی دو کتب کا حوالہ پیش کیا جاتا ہے۔
قال ابن الصلاح والنووی: الصحابۃ کلھم عدول وکان للنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مائۃ الف و اربعۃ عشر الف صحابی عند موتہ والقرآن والاخبار مصرحان بعدالتھم وجلالتھم ولما جری بینھم محامل لا یحتمل ذکرھا ھذا الکتاب۔ (الصوائق المحرقۃ، ابن الحجر الھیثمی: ۲/ ۶۴۰)
یعنی: حافظ ابن صلاح اور امام نووی نے کہا: تمام کے تمام صحابہ عادل ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے وقت ایک لاکھ چودہ ہزار صحابہ موجود تھے، قرآن اور روایات ان کی عدالت اور جلالت کی وضاحت کر رہے ہیں اور جو کچھ ان میں واقع ہوا، اس کے کئی احتمالات ہیں، اس کتاب میں ان کو ذکر نہیں کیا جا سکتا۔
قال ابن حجر: اتفق اھل السنۃ علی ان جمیع الصحابۃ عدول ولم یخالف فی ذالک الا شذوذ من المبتدعۃ۔ (رؤیۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لربہ، محمد بن خلیفۃ التمیمی: ۱/ ۳۵۶)
حافظ ابن حجر نے کہا: اہل سنت کا اتفاق ہے کہ تمام صحابہ عادل ہیں اور اس میں چند بدعتیوں کے علاوہ کسی کا اختلاف نہیں ہے۔
دوسری گزارش یہ ہے کہ یہ حقیقت بھی قابل قبول ہے کہ معصومیت صرف انبیاء و رسل کی صفت ہے، لیکن اس امر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ عام امت کی بہ نسبت صحابہ کرام کی نیکی کا معیار اور خطا پر گرفت کا انداز کچھ اور ہے، ہم صرف دو مثالیں دینے پر اکتفا کریں گے۔
عَنْ عَلِیِّ بْنِ زَیْدٍ، قَالَ: بَلَغَ مُصْعَبَ بْنَ الزُّبَیْرِ عَنْ عَرِیْفِ الْأَنْصَارِ شَیْئٌ، فَھَمَّ بِہٖ فَدَخَلَ عَلَیْہِ أَنَسُ بْنُ مَالِکٍ، فَقَالَ لَہٗ: سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یَقُوْلُ: ((اِسْتَوْصُوْا بِالْأَنْصَارِ خَیْرًا۔ أَوْ قَالَ: مَعْرُوْفًا۔ اِقْبَلُوْا مِنْ مُّحْسِنِھِمْ وَتَجَاوَزُوْا عَنْ مُسِیْئِھِمْ۔)) فَأَلْقٰی مُصْعَبٌ نَفْسَہٗ عَنْ سَرِیْرِہٖ، وَأَلْزَقَ خَدَّہٗ بِالْبِسَاطِ، وَقَالَ: أَمْرُ رَسُوْل ِاللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عَلَی الرَّأْسِ وَالْعَیْنِ، فَتَرَکَہٗ۔ (مسند أحمد: ۳/۲۴۱)
علی بن زید کہتے ہیں کہ انصار کے سردار کی طرف سے مصعب بن زبیر رضی اللہ عنہ کو کوئی (قابل اعتراض) بات پہنچی‘ انھوں نے اسے برا بھلا کہنے کا ارادہ کیا‘ اتنے میں سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ آگئے اور اسے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے سنا کہ: انصار صحابہ کے ساتھ خیرو بھلائی کرنے کی وصیت قبول کرو‘ ان میں سے نیکی کرنے والے سے حسنِ سلوک کرو اور غلطی کرنے والے سے درگزر کرو۔
(یہ سن کر) سیدنا مصعب رضی اللہ عنہ نے اپنے آپ کو چارپائی سے نیچے گرا دیا اور اپنے رخسار کو زمین پر رکھ دیا اور کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد سر آنکھوں پر۔ پھر انصاری کو چھوڑ دیا۔
اس حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے صحابہ کے بارے میں بالعموم اور انصار کے بارے میں بالخصوص ایک قاعدہ کلیہ پیش کر دیا کہ ان کے نیکوکار افراد سے حسنِ سلوک اور احترام و اکرام والا معاملہ کیا جائے اور اگر کسی میں بتقاضۂ بشریت کوئی عیب نظر آئے تو اس کو موضوعِ بحث ہی نہ بنایا جائے اور اس کے معاملے کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کر کے خاموشی اختیار کی جائے‘ ظن غالب یہ ہے کہ ان کی حسنات و خیرات کے سمندر ان کی بشری لغزشوں کے قطروں پر غالب آ جائیں گے۔
سیدنا مصعب بن زبیر رضی اللہ عنہ کی احادیث کے سامنے عاجزی و انکساری کا انداز دیکھیں‘ ممکن ہے کہ انہی جذبات کی قدر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے دین کو سہارا دینے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دست و بازو بننے کے لئے ان نفوسِ قدسیہ کا انتخاب کیا اور ان کی عیب جوئی کرنے سے منع کر دیا۔
عَنْ اَبِیْ سَعِیْدٍ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قَالَ: ((لَا تَسُبُّوْا اَحَدًا مِنْ اَصْحَابِیْ، فَاِنَّ اَحَدَکُمْ لَوْ اَنْفَقَ مِثْلَ اُحَدٍ ذَھَبًا، مَا اَدْرَکَ مُدَّ اَحَدِھِمْ وَلَا نَصِیْفَہُ۔)) (صحیح بخاری: ۳۶۷۳، صحیح مسلم: ۲۵۴۰)
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میرے صحابہ میں سے کسی کو برا بھلا مت کہو، اگر تم میں سے کوئی احد پہاڑ کے برابر سونا خرچ کر دے تو وہ اُن کے خرچ کیے ہوئے ایک مد یا نصف مد کو بھی نہیں پہنچ سکتا۔
ایک مُدّ کا وزن 525گرام ہوتا ہے، نصف مد کا وزن 262گرام ہوا۔ یہ صحابہ کرام کی نیکیوں کا معیار ہے کہ احد پہاڑ کے برابر کا سونا ان کی صدقہ کی ہوئی گندم، کھجور اور جو کی اس معمولی مقدار کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
عَنْ أَنَسٍ، قَالَ: کَانَ بَیْنَ خَالِدِ بْنِ الْوَلِیْدِ وَبَیْنَ عَبْدِ الرَّحْمٰنِ بْنِ عَوْفٍ کَلَامٌ، قَالَ خَالِدٌ لِعَبْدِ الرَّحْمٰنِ: تَسْتَطِیْلُوْنَ عَلَیْنَا بِاَیَّامٍ سَبَقْتُمُوْنَا بِھَا؟ فَبَلَغَنَاأَنَّ ذٰلِکَ ذُکِرَ لِلنَّبِيِّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، فَقَالَ: ((دَعُوْا لِيْ أَصْحَابِيْ، فَوَالَّذِيْ نَفْسِيْ بِیَدِہٖ لَوْ أَنْفَقْتُمْ مِثْلَ اُحُدٍ أَوْ مِثْلَ الْجِبَالِ ذَھَبًا مَا بَلَغْتُمْ أَعْمَالَھُمْ۔)) (مسند احمد: ۳/ ۲۶۶)
سیدناانس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ اور سیدنا عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کے درمیان کچھ بحث تھی، خالد نے عبد الرحمن سے کہا: اگر تم ہم سے پہلے ایمان لے آئے ہو تو اس کی وجہ سے تم ہم پر زبان درازی کیوں کرتے ہو؟ جب یہ بات نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میری خاطر میرے صحابہ کو چھوڑ دو، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر تم احد پہاڑ یا پہاڑوں کے بقدر سونا بھی (فی سبیل اللہ) خرچ کر دو تو پھر بھی ان کے اعمال (کے مرتبے) تک رسائی حاصل نہیں کر سکو گے۔
سابقین اولین صحابہ کرام نے جس ابتلا و آزمائش کے دور میں اسلام کو سہارا دیا‘ وہ کسی سے مخفی نہیں ہے‘ اس وقت سرے سے اسلام قبول کرنا دل گردے کا کام تھا اور ظالم انسانوں کی دشمنی مول لینے کے مترادف تھا‘ مشکل ساعتوں میں ان ہستیوں نے اسلام کی خدمت کی اور اسے اگلی نسلوں تک پہنچانے کے لئے عظیم کارنامے سرانجام دیئے۔ بعد والوںکی قربانیوں کا ان کے کردار کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
اگر ان تین احادیث کو مد نظر رکھا جائے تو درج ذیل امور ہمارے سامنے آتے ہیں: ۱۔ صحابہ کرام سے خطا ہونا ممکن ہے۔
۲۔ اُن کی خطاؤں پر بحث نہیں کی جا سکتی، بلکہ سرے سے ایسے پہلو کو ہی نظر انداز کر دیا جائے۔
۳۔ بعد والے لوگوں کی بہ نسبت ان کو ان کی نیکیوںکا اجر و ثواب زیادہ ملے گا۔
اب ہم اپنے اصل موضوع کا آغاز کرتے ہیں۔
یہ بات تو درست ہے کہ مؤرخین تاریخی واقعات کی چھان بین کے لیے کوئی قواعد و ضوابط وضع نہ کر سکے، جیسا کہ محدثین نے احادیث کی تحقیق کے لیے قوانین مرتب کیے ہیں، اکثر مؤرخین حاطبین لیل نظر آتے ہیں، لیکن ہمارے پاس ان تاریخی معلومات تک تفصیل کے ساتھ رسائی حاصل کرنے کے لیے کوئی اور ذریعہ نہیں ہے، کتب ِ احادیث سے اس قسم کی بعض معلومات انتہائی اختصار کے ساتھ ملتی ہیں۔
ہم نے تمہیدی طور پر آئندہ سطور میں درج ذیل تاریخی کتب کی روشنی میں مشاجرات صحابہ کا خلاصہ بیان کیا ہے، تاکہ یہ واضح ہو جائے کہ ہم کون سے مشاجرات کے بارے میں سلف کا مؤقف بیان کرنا چاہتے ہیں: وقعۃ صفین، نصر بن مزاحم المنقری (م: ۲۱۲ھـ)، طبع: المؤسسۃ الحدیثۃ للطبع والنشر والتوزیع، س: ۱۳۸۲؁ھـ
تاریخ بغداد، الخطیب البغدادی، ابو بکر احمد بن علی، طبع: دار الکتب العلمیۃ بیروت
البدایۃ والنھایۃ، ابن کثیر، ابو الفداء اسماعیل بن عمر بن کثیر (م: ۷۷۴ ؁ھـ) طبع: ھجر للطباعۃ والنشر والتوزیع والاعلان
تاریخ اسلام، شاہ معین الدین، طبع: اسلامی اکادمی لاہور، س: ۱۹۹۶؁ء
اب ہم اپنے اصل موضوع کی طرف آتے ہیں: جمعہ مبارک کے دن ۱۸ ذوالحجہ ۳۵ ھـ کو خلیفہ سوم سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ شہید ہو گئے، تین دن تک مسند ِ خلافت خالی رہی، اکابر صحابہ میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شخصیت ہی متفق علیہ نظر آ رہی تھی، چنانچہ ایسے ہی ہوا اور سیدنا طلحہ اور سیدنازبیر رضی اللہ عنہما سمیت مہاجرین و انصار سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچے اور یہ درخواست کی کہ خلیفہ کا انتخاب ضروری ہے، ان لوگوں کے اصرار پر سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے یہ منصب قبول کیا۔
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے لیے سب سے اہم مرحلہ قاتلین عثمان سے قصاص لینا تھا، لیکن کچھ اسباب کی بنا پر وہ ایسا نہیں کر پا رہے تھے، بہرحال عوام الناس سمیت اکابر صحابہ تک اس قدر قصاص چاہتے تھے کہ ان کی نظر سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی مجبوریوں پر نہیں پڑتی تھی، اس کے ساتھ ساتھ سیدنا علی رضی اللہ عنہ عہد عثمانی کے اکثر عمال خصوصا والیٔ شام سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے مخالف تھے، اس لیے انھوں نے مسند ِ خلافت پر قدم رکھتے ہی ان سب کو معزول کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن سیاست و تدبر کے مالک سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سمیت آپ کے عاقبت اندیش خیر خواہوں نے اس چیز کی مخالفت کی، سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے کسی کا مشورہ قبول نہ کیا اور ۳۶ ھـ میں عثمانی عمال کو معزول کر کے ان کی جگہ نئے عمال کا تعین کر دیا، اس سلسلے میں سیدنا سہیل بن حنیف رضی اللہ عنہ کو والیٔ شام مقرر کیا گیا، چنانچہ وہ شام روانہ ہو گئے۔
سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ایک مدبر حکمران تھے اور بیس بائیس سال سے بڑے اثرو رسوخ کے ساتھ شام کی ولایت پر فائز تھے، یقینا ان کو معزول کرنا آسان نہ تھا۔ یہی کچھ ہوا اور انھوں نے سیدنا سہل بن حنیف رضی اللہ عنہ کو شام کی حدود میں داخل ہی نہ ہونے دیا اور تبوک سے ہی واپس کر دیا۔
سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے شہادت ِ عثمان کو موضوع بنا کر اور مختلف اسباب کے ذریعے شام کے مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے میں کامیاب ہو گئے، نتیجتاً ساٹھ ہزار لوگوں نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کا قصاص لینے کا عہد کر لیا۔
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو سارے حقائق کا علم ہوا اور انھوں نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے مقابلہ کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دیں، یہ پہلا موقع تھا کہ مسلمانوں کی تلواریں آپس میں بے نیام ہونے لگی تھیں،یہی وجہ تھی کہ کئی صحابہ شرکت کے بارے میں متردد تھے، بہتوں نے مخالفت کی اور غیر جانبدار رہے۔
مصالحت کی خواہشات کے ساتھ ساتھ صلح صفائی کے لیے عملی کوشش بھی کی گئی، تردّد اور تذبذب کی کیفیات بھی موجود تھیں، بیچ میں سبائیوں کی فتنہ انگیزیاں بھی کار فرما تھیں، نتیجتاً امت ِ مسلمہ کو جنگ جمل اور جنگ صفین کی صورت میں ایسی زبردست آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا، کہ آج تک ان کا اثر جاری ہے، (العیاذ باللہ)۔ اس کے بعد بھی سیدنا علی اور سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہما کی ایک دوسرے کے علاقے پر قبصہ کرنے کی کشمکش جاری رہی، بالآخر فریقین میں صلح بھی ہو گئی تھی، بہرحال سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا پورا زمانہ خانہ جنگیوں میں گزر گیا، اندرونی جھگڑوں سے فرصت نہ ملنے کی وجہ سے بیرونی فتوحات کی طرف توجہ کرنے کا موقع ہی نہ ملا، تاہم سیستان اور کابل میں بعض فتوحات حاصل ہوئیں اور ۳۸ ھـ میں بحری راستہ سے کوہ کن پر حملہ ہوا، بالآخر سیدنا علی رضی اللہ عنہ پر قاتلانہ حملہ ہوا اور وہ زخمی ہونے کے تیسرے دن ۲۰ رمضان ۴۰ ھـ کو دار فانی سے روانہ ہو گئے۔
ان کے بعد اسی مہینے میں سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی بیعت کی گئی، جو بڑے نرم خو، متحمل مزاج، صلح جو اور امن پسند تھے اور جنگ و جدل سے طبعی طور پر نفرت رکھتے تھے۔
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد سیدناامیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو عالم اسلام پر حکومت کرنے کی دیرینہ تمنا پوری کرنے کے موقع ملا، چنانچہ انھوں نے عراق پر فوج کشی کر دی، جب سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو شامی فوج کی پیش قدمی کی خبر ملی تو آپ نے قیس بن سعد انصاری رضی اللہ عنہ کو بارہ ہزار فوج کے ساتھ مقابلہ کے لیے آگے بھیج دیا اور خود ان کے عقب میں روانہ ہو گئے، اگرچہ عراقی فوج کی غداری کی مثالیں بھی موجود ہیں، لیکن جان نثاروں کی تعداد بھی معقول تھی، اصل بات یہ تھی کہ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے خون کی قیمت پر خلافت نہیں خریدنا چاہتے تھے، اس لیے انھوں نے چند شرائط پر ربیع الاول ۴۱ ؁ھـ کو سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں دست برداری کا اعلان کر دیا، اس طرح آپ رضی اللہ عنہ کی مدت ِ خلافت چھ ماہ بنتی ہے۔
اس دست برداری سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی درج ذیل پیشین گوئی پوری ہوئی: حسن بصری کہتے ہیں: لما سار الحسن بن علی رضی اللہ عنہما الی معاویۃ بالکتائب، قال عمرو بن العاص لمعاویۃ: اری کتیبۃ لا تُوَلِّی حتی تُدْبَر اخراھا۔ قال معاویۃ: من لذراری المسلمین؟ فقال: انا، فقال عبد اللہ بن عامر وعبد الرحمن بن سمرۃ: نلقاہ فنقول لہ: الصلح، قال الحسن: ولقد سمعت ابا بکرۃ قال: بینا النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یخطب جاء الحسن، فَقَالَ النَّبِیُّ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم: ((اِبْنِیْ ھٰذَا سَیِّدٌ وَلَعَلَّ اللّٰہُ اَنْ یُّصْلِحَ بِہٖ بَیْنَ فِئَتَیْنِ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ۔)) (صحیح بخاری: ۷۱۰۹)
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12349
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحييح، اخرجه النسائي في خصائص علي : 168، والطبراني في الكبير :19/ 759، والبزار: 3281 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 6499 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 6499»