کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب: فصل پنجم: سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی تاریخ شہادت، ان کی جنازہ، دفن اور مدتِ خلافت کا بیان
حدیث نمبر: 12279
عَنْ أَبِي الْعَالِيَةِ قَالَ كُنَّا بِبَابِ عُثْمَانَ فِي عَشْرِ الْأَضْحَى
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابو العالیہ کہتے ہیں:دس ذوالحجہ کو ہم عثمان رضی اللہ عنہ کے دروازے پر پہرہ دے رہے تھے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12279
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 551 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 551»
حدیث نمبر: 12280
وَعَنْ مُعْتَمِرِ بْنِ سُلَيْمَانَ قَالَ قَالَ أَبِي حَدَّثَنَا أَبُو عُثْمَانَ أَنَّ عُثْمَانَ قُتِلَ فِي أَوْسَطِ أَيَّامِ التَّشْرِيقِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
معتمر بن سلیمان سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میرے والد سلیمان نے کہا کہ ابو عثمان نے ان کو بیان کیا کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ درمیان والے یوم تشریق کو شہید ہو گئے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12280
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح، اخرجه ابن سعد: 3/ 79 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 546 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 546»
حدیث نمبر: 12281
وَعَنْ قَتَادَةَ أَنَّ عُثْمَانَ قُتِلَ وَهُوَ ابْنُ تِسْعِينَ سَنَةً أَوْ ثَمَانٍ وَثَمَانِينَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
قتادہ سے روایت ہے کہ شہادت کے وقت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی عمر نو ے یا اٹھاسی برس تھی۔
وضاحت:
فوائد: … سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی کل عمر کے بارے میں مختلف اقوال منقول ہیں، حافظ ابن کثیر نے کہا کہ ان کی عمر بیاسی برس سے زیادہ تھی۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12281
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده منقطع ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 547 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 547»
حدیث نمبر: 12282
وَعَنْ قَتَادَةَ قَالَ صَلَّى الزُّبَيْرُ عَلَى عُثْمَانَ وَدَفَنَهُ وَكَانَ أَوْصَى إِلَيْهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
قتادہ سے مروی ہے کہ سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی نماز جنازہ پڑھائی اور انہوں نے ہی ان کو دفن کیا تھا، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ خود ان کے حق میں وصیت کر گئے تھے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12282
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «منقطع، قتادة لم يدرك عثمان، اخرجه عبد الرزاق: 6365 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 549 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 549»
حدیث نمبر: 12283
وَعَنْ إِبْرَاهِيمَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ فَرُّوخَ عَنْ أَبِيهِ قَالَ شَهِدْتُ عُثْمَانَ بْنَ عَفَّانَ دُفِنَ فِي ثِيَابِهِ بِدِمَائِهِ وَلَمْ يُغْسَلْ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
عبداللہ بن فروخ سے مروی ہے ، وہ کہتے ہیں: میں سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے جنازے میں شریک تھا، انہیں ان کے خون آلود کپڑوں میں دفن کیا گیااور انہیں غسل بھی نہیں دیا گیا۔
وضاحت:
فوائد: … جس انداز میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ شہید ہوئے، ایسے شہید تجہیز و تکفین عام میت کی طرح ہوتی ہے، میدان جنگ میں ہونے والے شہید کے احکام مختلف ہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12283
درجۂ حدیث محدثین: ضعیف
تخریج حدیث «اسناده ضعيف، محبوب بن محرز ضعّفه الدارقطني، وابراهيم بن عبد الله بن فروخ مجھول ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 531 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 531»
حدیث نمبر: 12284
وَعَنْ أُمَيَّةَ بْنِ شِبْلٍ وَغَيْرِهِ قَالَ وَلِيَ عُثْمَانُ اثْنَتَيْ عَشْرَةَ وَكَانَتِ الْفِتْنَةُ خَمْسَ سِنِينَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
امیہ بن شبل وغیرہ سے مروی ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ بارہ سال خلیفہ رہے اور پانچ سال تک فتنہ برپا رہا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12284
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده منقطع ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 544 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 544»
حدیث نمبر: 12285
عَنْ أَبِي مَعْشَرٍ قَالَ وَقُتِلَ عُثْمَانُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يَوْمَ الْجُمُعَةِ لِثَمَانِ عَشْرَةَ مَضَتْ مِنْ ذِي الْحِجَّةِ سَنَةَ خَمْسٍ وَثَلَاثِينَ وَكَانَتْ خِلَافَتُهُ اثْنَتَيْ عَشْرَةَ سَنَةً إِلَّا اثْنَيْ عَشَرَ يَوْمًا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
ابو معشر سے مروی ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اٹھارہ ذوالحجہ ۳۵ھ کو شہید ہوئے اور ان کی مدت خلافت بارہ دن کم بارہ سال تھی۔
وضاحت:
فوائد: … حافظ ابن کثیر نے البدایۃ والنھایۃ میں کہا: سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی خلافت بارہ دن کم بارہ برس تھی۔
سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے بارہ سالہ خلافت میں ابتدائی چھ سال کامل امن و امان سے گزرے، فتوحات کی وسعت، مالِ غنیمت کی فراوانی، وظائف کی زیادتی، زراعت کی ترقی اور حکومت کے عمدہ نظم ونسق نے ملک میں تموّل، فارغ البالی اور عیش و تنعّم کو عام کر دیا تھا، یہاں تک کہ بعض متقشف صحابہ ایام نبوت کی سادگی اور بے تکلفی کو یاد کر کے اس زمانہ کی ثروت اور سامانِ تعیش کو دیکھ کر حد درجہ غمگین تھے کہ اب مسلمانوں کے اس دنیاوی رشک و حسد کا وقت آ گیا ہے، جس کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پیشین گوئی کی تھی۔
سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے آخری زمانہ میں جو فتنہ و فساد برپا ہوا، اس کی حقیقت یہی ہے کہ دولت مندی اور تموّل کی کثرت نے مسلمانوں میں بھی اس کے وہ لوازم پیدا کر دیئے جو ہر قوم میں ایسی حالت میں پیدا ہو جاتے ہیں اور بالآخر ان کے ضعف اور انحطاط کا سبب بن جاتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اس فتنے کی پیدائش کے بعض اوراسباب بھی تھے، بطورِ مثال: ۱۔ صحابۂ کرام کی تعداد کم ہو گئی تھی۔
۲۔ صدیقی اور فاروقی عہد میں مسلمانوں کی پسندیدگی سے امامت و خلافت کے لیے قریش کا خاندان مخصوص ہو گیا تھا، لیکن بعد میں قریشی نوجوان اس کو اپنا حق سمجھ کر دوسرے عرب قبیلوں کو اپنا محکوم سمجھنے لگے، جبکہ دوسرے قبائل کے لوگ اس دعوے کے اسیر ہو گئے کہ ممالک کی فتوحات ان کی تلواروں کی کمائی ہے۔
۳۔ مفتوحہ اقوام میں مسلمانوں کے خلاف انتقام کا جذبہ موجود تھا، جس کی وجہ سے وہ سازشیں کرتے رہتے تھے۔
۴۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نرم خو تھے اور اکثر جرائم کو بردباری اور حلم سے ٹال دیا کرتے تھے، لیکن اس سے شریروں کے حوصلے بڑھتے گئے
۵۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اموی تھے، اس لیے فطرتاً ان کے جذبات اپنے اہل خاندان کے ساتھ خیر خواہانہ تھے اور آپ ان کوفائدہ پہنچانا چاہتے تھے اور اپنے ذاتی مال سے ان کی امداد فرمایا کرتے تھے، لیکن شریروں نے یہ الزام عام کرنے کی کوشش کی کہ سرکاری خزانے کو بنو امیہ پر لٹایا جا رہا ہے۔
۶۔ پہلے دو ادوار میں کارکن اور عمال میں فرمانبرداری کا جو جذبہ تھا، اب اس میں کمی آتی جا رہی تھی۔
۷۔ غیر قوموں کی عورتیں اور باندیاں کئی فتنوں کا باعث بنیں۔
۸۔ بنو ہاشم، بنو امیہ کے عروج و ترقی کو پسند نہیں کرتے تھے۔
۹۔ مجوسی چاہتے تھے کہ کہ ایسا انقلاب پیدا کیا جائے کہ جس میں ان کی مدد سے حکومت ایسے عام خاندان میں منتقل ہو کہ جس سے وہ بہتر بہتر حقوق اور مراعات حاصل کر سکیں۔
۱۰۔ یہودی چاہتے تھے کہ مسلمانوں میں ایسا افتراق پیدا کر دیا جائے کہ ان کی قوت پاش پاش ہو جائے۔
یہ مختلف اغراض تھیں اور ہر جماعت اپنی غرض کے لیے کوشش میں مصروف تھی، اس لیے خفیہ ریشہ دوانیاں شروع ہو گئیں، عمال کے خلاف سازشیں ہونے لگیں اور خود امیر المومنین کو بد نام کرنے کی کوشش شروع ہوئی، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ان فتنوں کو دبانا چاہا، لیکن یہ آگ ایسی لگی تھی کہ جس کا بجھانا آسان نہ تھا، فتنہ پردازوں کا دائرۂ عمل روز بروز وسیع ہوتا گیا، یہاں تک کہ تمام ملک میں ایک خفیہ جماعت پیدا ہو گئی، جس کا مقصد فتنہ و فساد تھا۔
بالآخر معاملہ یہاں تک پہنچ گیا کہ مفسدوں اور باغیوں نے کاشانۂ خلافت کا نہایت سخت محاصرہ کر لیا، جو چالیس روز تک مسلسل قائم رہا، اس عرصہ میں پانی اندر لے جانا بھی جرم تھا، مفسدین کے قلوب نورِ ایمان سے خالی ہو چکے تھے، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے باغیوں کو متعدد بار سمجھانے کی کوشش کی، لیکن بے سود، کسی چیز کا کوئی اثر نہیں ہو رہا تھا، آخر میں باغی یہ دیکھ کر کہ حج کا موسم چند روز میں ختم ہو جاتا ہے اور اس کے ختم ہوتے ہی لوگ مدینہ کا رخ کریں گے اور موقع ہاتھ سے نکل جائے گا، خلیفۃ المسلمین کے قتل کے مشورے کرنے لگے۔
جان نثاروں کے مشوروں اور اجازت طلبی کا سلسلہ شروع ہوا، لیکن سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کا ایک ہی نظریہ تھا کہ وہ صبر کا دامن تھام کر رکھیں گے، چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیش گوئی کی وجہ سے ان کو یقین تھا کہ ان کی شہادت مقدر ہو چکی ہے، پس وہ صبر و استقامت کے پہاڑ بنے رہے۔
باغیوں نے مکان پر حملہ کر دیا اورجمعہ کے روز عصر کے وقت شہادت کا واقعہ پیش آیا، دو دن تک لاش بے گور و کفن پڑی رہی، حرم رسول میں قیامت برپا تھی، باغیوں کی حکومت تھی، ان کے خوف سے کسی کو اعلانیہ دفن کرنے کی ہمت نہ ہوتی تھے، ہفتہ کا دن گزر کر رات کو چند آدمیوں نے ہتھیلی پر جان رکھ کر تجہیز و تکفین کی ہمت کی اور غسل دیئے بغیر اسی طرح خود آلود پیراہن میں شہید مظلوم کا جنازہ اٹھایا اور کل سترہ افراد نے کابل سے مراکش تک کے فرمانروا کی جنازہ ادا کی اور جنت البقیع کے پیچھے حش کوکب میں اس حلم و بردباری کے مجسمہ اور بے کسی و مظلومی کے پیکر کو سپرد خاک کیا، بعد میں یہ دیوار توڑ کر جنت البقیع میں داخل کر لیا گیا۔ إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُونَ۔
تفصیلات کے لیے تاریخی کتب کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الخلافة والإمارة / حدیث: 12285
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده منقطع، ابو معشر نجيح بن عبد الرحمن ضعيف ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 545 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 545»