کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دسویں زوجہ ام المؤمنین سیدہ جویریہ بنت الحارث رضی اللہ عنہا
حدیث نمبر: 11458
عَنْ عُرْوَةَ بْنِ الزُّبَيْرِ عَنْ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ قَالَتْ لَمَّا قَسَمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ سَبَايَا بَنِي الْمُصْطَلِقِ وَقَعَتْ جُوَيْرِيَةُ بِنْتُ الْحَارِثِ فِي السَّهْمِ لِثَابِتِ بْنِ قَيْسِ بْنِ شَمَّاسٍ أَوْ لِابْنِ عَمٍّ لَهُ وَكَاتَبَتْهُ عَلَى نَفْسِهَا وَكَانَتْ امْرَأَةً حُلْوَةً مَلَّاحَةً لَا يَرَاهَا أَحَدٌ إِلَّا أَخَذَتْ بِنَفْسِهِ فَأَتَتْ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ تَسْتَعِينُهُ فِي كِتَابَتِهَا قَالَتْ فَوَاللَّهِ مَا هُوَ إِلَّا أَنْ رَأَيْتُهَا عَلَى بَابِ حُجْرَتِي فَكَرِهْتُهَا وَعَرَفْتُ أَنَّهُ سَيَرَى مِنْهَا مَا رَأَيْتُ فَدَخَلَتْ عَلَيْهِ فَقَالَتْ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنَا جُوَيْرِيَةُ بِنْتُ الْحَارِثِ بْنِ أَبِي ضِرَارٍ سَيِّدِ قَوْمِهِ وَقَدْ أَصَابَنِي مِنَ الْبَلَاءِ مَا لَمْ يَخْفَ عَلَيْكَ فَوَقَعْتُ فِي السَّهْمِ لِثَابِتِ بْنِ قَيْسِ بْنِ الشَّمَّاسِ أَوْ لِابْنِ عَمٍّ لَهُ فَكَاتَبْتُهُ عَلَى نَفْسِي فَجِئْتُكَ أَسْتَعِينُكَ عَلَى كِتَابَتِي قَالَ ”فَهَلْ لَكِ فِي خَيْرٍ مِنْ ذَلِكَ“ قَالَتْ وَمَا هُوَ يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ ”أَقْضِي كِتَابَتَكِ وَأَتَزَوَّجُكِ“ قَالَتْ نَعَمْ يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ ”قَدْ فَعَلْتُ“ قَالَتْ وَخَرَجَ الْخَبَرُ إِلَى النَّاسِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ تَزَوَّجَ جُوَيْرِيَةَ بِنْتَ الْحَارِثِ فَقَالَ النَّاسُ أَصْهَارُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَأَرْسَلُوا مَا بِأَيْدِيهِمْ قَالَتْ فَلَقَدْ أَعْتَقَ بِتَزْوِيجِهِ إِيَّاهَا مِائَةَ أَهْلِ بَيْتٍ مِنْ بَنِي الْمُصْطَلِقِ فَمَا أَعْلَمُ امْرَأَةً كَانَتْ أَعْظَمَ بَرَكَةً عَلَى قَوْمِهَا مِنْهَا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے، وہ کہتی ہیں: جب اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بنو مصطلق کے قیدیوں کو صحابہ میں تقسیم کیا تو جویریہ بنت حارث، سیدنا ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ یا ان کے چچا زاد کے حصہ میں آئیں۔ سیدہ جویریہ رضی اللہ عنہا نے فوراً ان سے مکاتبت کر لی (کہ وہ اتنے عرصے میں اتنی رقم دے کر آزاد ہو جائے گی)، یہ کافی دل کش خاتون تھیں، جو کوئی انہیں دیکھتا، بس وہ دیکھتا ہی رہ جاتا۔ یہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں آئیں تا کہ اپنی مکاتبت کے سلسلہ میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعاون حاصل کر سکیں۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: جب میں نے ان کو اپنے کمرہ کے دروازے پر دیکھا تو غیرت کے مارے وہ مجھے اچھی نہ لگیں، میں جانتی تھی کہ ان کے متعلق میں جو کچھ دیکھ رہی ہوں، آپ بھی ضرور وہی محسوس کریں گے (کہ یہ کافی خوبصورت ہے اور اس سے شادی کر لینی چاہیے)۔ چنانچہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں گئیں اور کہا: میں اپنی قوم کے سردار حارث بن ابی ضرارکی دختر ہوں، مجھ پر جو آزمائش آئی ہے، وہ آپ سے پوشیدہ نہیں۔ اب میںثابت بن قیس بن شماس رضی اللہ عنہ یا ان کے چچا زاد کے حصے میں آ گئی ہوں، میں نے اپنی آزادی کا ان سے ایک معاہدہ کیا ہے، میں اس سلسلہ میں آپ سے تعاون حاصل کرنے کے لیے حاضر ہوئی ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کیا تمہیں اس سے بہتر چیز کی رغبت ہے؟ انہوں نے دریافت کیا: اے اللہ کے رسول! وہ کیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: وہ یہ کہ تمہارے معاہدہ کی ساری رقم میں ادا کردوں اور تمہارے ساتھ نکاح کر لوں۔ اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ ٹھیک ہے، میں راضی ہوں۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ جب لوگوں میں یہ خبر پھیلی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جویریہ بنت حارث سے نکاح کر لیا ہے۔ تو لوگوں نے کہا کہ یہ قیدی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سسرال ہوئے۔ تو انہوں نے اپنے اپنے حصے کے قیدیوں کو آزاد کر دیا۔ ان کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جویریہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ نکاح کے نتیجہ میں بنو مصطلق کے سو گھروں کے لوگ آزاد ہوگئے، میں کسی ایسی عورت کو نہیں جانتی جو ان سے بڑھ کر اپنی قوم کے لیے با برکت ثابت ہوئی ۔
وضاحت:
فوائد: … غزوہ بنو المصطلق میں اس قبیلہ کے بہت سے لوگ قیدی ہوئے۔ انہی میں اس قبیلہ کے سردار حارث بن ابی ضرار کی دختر جویریہ بھی تھیں۔ یہ گرفتاری ان کے لیے باعث سعادت بن گئی۔ قیدیوں کی تقسیم ہوئی تویہ ثابت بن قیس بن شماس یا ان کے چچا زاد کے حصہ میں آئیں۔ انہوںنے اس سے مکاتبت یعنی کچھ رقم دے کر آزاد ہونے کا معاہدہ کر لیا۔ تعاون کے سلسلہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں آئیں تو آپ نے ان کی ساری رقم ادا کرکے ان سے نکاح کا عندیہ دیا۔ انہوںنے اس سے موافقت کرلی۔ اور اس طرح انہیں ام المؤمنین اور زوجۂ نبی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔
نکاح کے سبب بنو مصطلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سسرال قرار پائے۔تو صحابۂ کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سسرالی قبیلہ کے افراد کو قیدی بنا کر رکھناگوارانہ کیا اور انہیں آزاد کر دیا۔ شرح مسند میں ہے کہ ان کی تعداد سات سو تھی۔ اس طرح ام المؤمنین سیدہ جویریہ رضی اللہ عنہا اپنی قوم کے لیے انتہائی بابرکت ثابت ہوئیں۔ الاصابہ میں ہے کہ غزوۂ بنی المصطلق کو غزوۃ المریسیع بھی کہا جاتا ہے۔ یہ پانچ یا چھ ہجری میں پیش آیا۔ ابن سعد ابن ابی خیثمہ اور ابو عمر نے ابن عباس رضی اللہ عنہ سے بیان کیا کہ اس سے قبل ان کانام برہ تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے بدل کر جویریہ رکھا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / حدیث: 11458
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده حسن، اخرجه ابوداود: 3931 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 26265 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 26897»