حدیث نمبر: 452
452 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ قَالَ: ثنا جَامِعُ بْنُ أَبِي رَاشِدٍ، وَسُلَيْمَانُ الْأَعْمَشُ، عَنْ أَبِي وَايِلٍ، عَنْ حُذَيْفَةَ بْنِ الْيَمَانِ قَالَ: قَالَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ: «مَنْ يُحَدِّثُنَا عَنِ الْفِتْنَةِ» ؟ فَقُلْتُ: أَنَا سَمِعْتُهُ يَقُولَ «فِتْنَةُ الرَّجُلِ فِي أَهْلِهِ وَمَالِهِ وَجَارِهِ يُكَفِّرُهَا الصَّلَاةُ، وَالصَّدَقَةُ، وَالصَّوْمُ» فَقَالَ عُمَرُ: «لَسْتُ عَنْ تِلْكَ أَسْأَلُكَ إِنَّمَا أَسْأَلُكَ عَنِ الَّتِي تَمُوجُ مَوْجَ الْبَحْرِ» فَقُلْتُ: إِنَّ مِنْ دُونِ ذَلِكَ بَابًا مُغْلَقًا قَتْلُ رَجُلٍ أَوْ مَوْتُهُ قَالَ «أَيُكْسَرُ ذَلِكَ الْبَابُ أَوْ يُفْتَحُ» ؟ فَقُلْتُ: لَا بَلْ يُكْسَرُ فَقَالَ عُمَرُ: «ذَلِكَ أَجْدَرُ أَنْ لَا يُغْلَقَ إِلَي يَوْمِ الْقِيَامَةِ» حَدَّثَنَا الْأَعْمَشُ فَهِبْنَا حُذَيْفَةَ أَنْ نَسْأَلَهُ أَكَانَ عُمَرُ يَعْلَمُ أَنَّهُ هُوَ الْبَابُ؟ وَأَمَرْنَا مَسْرُوقًا فَسَأَلَهُ فَقَالَ: نَعَمْ كَمَا تَعْلَمُ أَنَّ دُونَ غَدٍ اللَّيْلَةَ فَذَاكَ أَنِّي حَدَّثْتُ لَهُ حَدِيثًا لَيْسَ بِالْأَغَالِيطِ
اردو ترجمہ مسند الحمیدی
سیدنا حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”فتنے کے بارے میں کون ہمیں حدیث سنائے گا۔“ تو میں نے کہا: میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ”آدمی کے لیے آزمائش اس کی بیوی، اس کے مال اور اس کے پڑوسی میں ہوتی ہے۔ نماز پڑھنا، صدقہ دینا اور روزہ رکھنا اس کا کفارہ بنتے ہیں۔“ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بولے: میں نے اس بارے میں آپ سے دریافت نہیں کیا، میں آپ سے اس فتنے کے بارے میں دریافت کر رہا ہوں، جو سمندر کی لہروں کی طرح موجزن ہو گا۔ میں نے کہا: آپ کے اور اس کے درمیان ایک بند دروازہ ہے، جو ایک صاحب کے قتل ہونے یا انتقال کرنے کی صورت میں ہے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے دریافت کیا: ”کیا اس دروازے کو توڑ دیا جائے گا یا اسے کھولا جائے گا؟“ تو میں نے کہا: نہیں، بلکہ اسے توڑ دیا جائے گا، تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بولے: ”پھر تو وہ اس لائق ہو گا کہ قیامت کے دن تک بند نہ ہو۔“ اعمش کہتے ہیں: ہم ہیبت کی وجہ سے سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے یہ دریافت نہیں کر سکے کہ کیا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ یہ بات جانتے تھے کہ دروازے سے مراد وہی ہیں، تو ہم نے مسروق سے یہ کہا انہوں نے سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے یہ سوال کیا۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ بولے: جی ہاں! جس طرح تم لوگ یہ بات جانتے ہو کہ کل سے پہلے آج کی رات آئے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں نے انہیں ایک ایسی حدیث سنائی تھی جس میں غلطی نہیں تھی۔